12/04/2026
سی پیک موٹروے ایم–14 کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آر پی او ڈیرہ اسماعیل خان اور پی او سرگودھا کا مشترکہ دورہ۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے احکامات کی روشنی میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان غلام مبشر میکن اور ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا ڈاکٹر شہزاد آصف نے صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی باؤنڈری پر واقع سی پیک موٹروے ایم–14 کا مشترکہ دورہ کیا۔ دورے کا مقصد دو صوبوں کے سنگم پر سیکیورٹی انتظامات کا جامع جائزہ لینا اور بین الصوبائی کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنانا تھا۔دورے کے دوران ڈی پی او ڈیرہ ضیاء الدین احمد، ڈی پی او میانوالی وقار عظیم، ڈی پی او لکی مروت نذیرخان،ایس پیز موٹر وے عتیق خان، سی ٹی ڈی ڈیرہ ریجن ون افتخار علی شاہ، ایس پی پہاڑپور اقبال خان سمیت ایس ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران موجود تھے۔دونوں آر پی اوز نے موٹروے کے مختلف سیکیورٹی پوائنٹس کا معائنہ کیا، فورس کی ڈپلائمنٹ، رسپانس میکانزم اور سیکیورٹی انتظامات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے،اس کی سیکیورٹی قومی ذمہ داری ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔دونوں آر پی اوز نے اس امر پر مکمل اتفاق کیا کہ سی پیک موٹروے اور اس کے اردگرد کے علاقوں میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز مزید تیز کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخواہ پولیس کے درمیان مربوط رابطہ کاری، مؤثر حکمت عملی اور مشترکہ آپریشنز خطے میں امن و استحکام کو مزید مضبوط کریں گے۔دورے کے دوران آر پی اوز نے ڈیوٹی پر موجود پولیس جوانوں سے ملاقات کی،ان کی رہائش، میس، سہولیات اور ڈیوٹی کے دوران درپیش مسائل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو فوری بہتری کے احکامات جاری کرتے ہوئے جوانوں کی کارکردگی اور حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی پیک موٹروے کی حفاظت ہم سب کا قومی فریضہ ہے اور سیکیورٹی فورسز بھرپور جذبے کے ساتھ اس ذمہ داری کو سرانجام دے رہی ہیں۔
12/04/2026
ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں پولیو کے خاتمے اور معمول کی حفاظتی ٹیکہ جات مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن داؤد خان اور اسسٹنٹ ٹو کمشنر (پول اینڈ ڈویلپمنٹ) سجاد بلوچ نے عالمی ادارہ صحت (WHO) کے ٹیم لیڈر ڈاکٹر خالد عبدالرحیم کا خیرمقدم کیا۔ اجلاس کا مقصد ڈویژن میں جاری پولیو مہم کی کارکردگی اور پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔اس موقع پر ڈاکٹر خالد عبدالرحیم نے ڈویژن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران علاقے کا پولیو فری رہنا ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو تکنیکی ٹیموں اور مقامی انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ اور بہترین ہم آہنگی کا نتیجہ قرار دیا، جس کے باعث ویکسینیشن کے اہداف کو نہایت درستگی کے ساتھ حاصل کیا گیا۔اجلاس کے دوران مختلف اضلاع میں جاری انسداد پولیو سرگرمیوں، درپیش چیلنجز اور ان کے حل پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ دور دراز علاقوں تک رسائی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہ رہ جائے۔عالمی ادارہ صحت کے نمائندے نے ڈپٹی کمشنرز اور سیکیورٹی فورسز کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے مہم کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی تعاون فراہم کرکے فیلڈ ٹیموں کے لیے سازگار ماحول یقینی بنایا۔ ان کی کوششوں کی بدولت ٹیمیں ہر علاقے میں بلاخوف و خطر اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکیں۔مزید برآں، اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک یہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقل مزاجی، ٹیم ورک اور عوامی آگاہی کے ذریعے اس کامیابی کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ باہمی تعاون اور بھرپور محنت کے ذریعے ڈویژن کو پولیو وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے، تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک صحت مند اور محفوظ مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
09/04/2026
کمشنر کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس، NID مہم کی تیاریوں کا جائزہ۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن داؤد خان کی زیر صدارت ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو (DTF) کے اجلاس میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں اور آئندہ نیشنل امیونائزیشن ڈے (NID) مہم کی تیاریوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر غلام مبشر میکن، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عبد الناصر خان، محکمہ صحت، کام نیٹ، ای پی آئی، اسسٹنٹ ٹو کمشنر (پولٹیکل اینڈ ڈولپمنٹ) سجاد بلوچ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران جبکہ ڈپٹی کمشنرز ٹانک، جنوبی وزیرستان لوئر، جنوبی وزیرستان اپر اور ڈی پی او ٹانک نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے بھرپور تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ مہم کی تیاریوں میں حصہ لیں تاکہ یہ مہم کامیاب ثابت ہو۔اجلاس میں بتایا گیا کہ این آئی ڈی مہم 13 اپریل سے شروع ہو رہی ہے اور پورے ڈویژن میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے مکمل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ کمشنر داؤد خان نے سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ ہر مرکز پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ٹیمیں بلاخوف و خطر اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔کمشنر نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ اس خطرناک وائرس سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہر بچے کی ویکسینیشن لازمی ہے اور معاشرتی ذمہ داری بھی ہے کہ ہم اس مہم میں بھرپور تعاون کریں۔ماہرین صحت کے مطابق پولیو وائرس اب بھی دنیا کے چند علاقوں میں موجود ہے اور پاکستان میں بھی بعض علاقوں میں اس کے کیسز رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، اس لیے والدین کی جانب سے بچوں کی ویکسینیشن انتہائی ضروری ہے۔ کمشنر نے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ ہر گھر تک پہنچ کر بچوں کو ویکسین پلوانے کے لیے مکمل انتظامات کریں اور عوام کو آگاہی فراہم کریں۔
Commissioner DIKhan Division
Deputy Commissioner DIKhan
RPO Dera Ismail Khan
District Health Officer DIKhan
Pakistan Polio Eradication Initiative
Emergency Operations Centre Khyber Pakhtunkhwa
EPI Dera Ismail Khan
06/04/2026
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں حالیہ بارشوں کے دوران کیے گئے اقدامات، اربن فلڈنگ سے نمٹنے، تجاوزات کے خلاف کارروائیوں اور شہر کی خوبصورتی بڑھانے سمیت اہم امور پر تفصیلی بحث کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ شہر کو صاف ستھرا، محفوظ اور خوبصورت بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات یقینی بنائیں۔اجلاس کا بنیادی مقصد شہری سیلاب کو روکنا، انسداد تجاوزات مہم کو مؤثر بنانا اور شہر کی تزین و آرائش کے منصوبوں کو تیز کرنا تھا۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ ڈیرہ اسماعیل خان کے افسران سمیت متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔
03/04/2026
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ضلعی انتظامیہ ڈی آئی خان متحرک — کرایہ ناموں کا تعین، اڈوں اور پیٹرول پمپس کی فیلڈ چیکنگ، اوورچارجنگ کے خلاف کارروائیاں۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کی ہدایات پر، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے پیشِ نظر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ سید محمد ارسلان نے سیکرٹری آر ٹی اے شوکت اللہ کے ہمراہ فیلڈ میں متحرک کارروائیاں کیں۔بنو اڈہ میں قائم آر ٹی اے کمپلینٹ سیل کا دورہ کیا گیا جہاں مختلف ٹرانسپورٹ اڈہ مینیجرز کو طلب کر کے باہمی مشاورت سے مقامی، بین الاضلاعی اور بین الصوبائی روٹس کے کرایے مقرر کیے گئے۔مزید برآں، مختلف اڈوں اور سٹینڈز کا دورہ کر کے مسافروں سے وصول کیے جانے والے کرایوں کی تصدیق کی گئی اور ٹکٹوں کی چیکنگ عمل میں لائی گئی۔اس کے علاوہ متعدد پیٹرول پمپس کی انسپکشن کی گئی، جہاں ایک پمپ کو کم گیج پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے تحفظ اور ناجائز منافع خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
02/04/2026
ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غلام مبشر میکن نے چارج سنبھالنے کے بعد پولیس لائنز اور تھانہ کینٹ کا تفصیلی دورہ کیا
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا، ذوالفقار حمید کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نئے تعینات ہونے والے ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان غلام مبشر میکن نے اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا ہے۔ چارج سنبھالنے کے فوراً بعد آر پی او نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی، سیکیورٹی انتظامات اور پولیس فورس کی فلاح و بہبود کا جائزہ لینے کے لیے جامع دوروں کا سلسلہ شروع کیا۔آر پی او غلام مبشر میکن نے اعجاز شہید پولیس لائنز کا دورہ کیا جہاں پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ انہوں نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور پولیس شہداء کے بلند درجات، ملکی امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر آر پی او نے پولیس لائنز میں اینٹی ڈرون سسٹم، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، میس، بارکس،ایم ٹی،کینٹین، باربر شاپ، جم اور مورچوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جوانوں کی رہائش، خوراک اور فلاح و بہبود پر خصوصی توجہ دی جائے۔ تمام مورچہ جات پر وائرلیس سیٹ، نائٹ وژن ڈیوائسز اور رائفلز پر تھرمل سسٹم کو فعال اور مؤثر بنایا جائے۔بعد ازاں آر پی او نے تھانہ کینٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تھانہ کی بلڈنگ، انفراسٹرکچر، سیکیورٹی انتظامات، انویسٹی گیشن ونگ، آن لائن ایف آئی آر سسٹم اور کرائم مینجمنٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آر پی او نے حوالات میں موجود ملزمان سے ملاقات کی اور تھانے میں آئے ہوئے سائلین کے مسائل بھی براہِ راست سنے۔ انہوں نے ایس پی سٹی کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی اور ان سے عزت و وقار کے ساتھ پیش آنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ڈیرہ اسماعیل خان ایک حساس خطہ ہے جہاں دیرپا امن، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ، عوام کا تحفظ اور قانون کی بالادستی ہماری اولین ترجیح ہے۔ پولیس فورس کا مورال بلند رکھنا، جدید پولیسنگ، انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز، کمیونٹی پولیسنگ کا فروغ اور فورس کی ویلفیئر ہماری حکمتِ عملی کا اہم حصہ ہوں گے۔
02/04/2026
ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر پہاڑپور ڈاکٹر حامد نے سگو شمالی گاؤں میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جو کہ ایک پسماندہ علاقہ ہے۔ کھلی کچہری میں عوام الناس کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موقع پر موجود تھے۔ کھلی کچہری کے دوران عوام کی جانب سے پیش کی گئی مختلف شکایات کے ازالے کے سلسلے میں موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے اور فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے گئے۔کھلی کچہری کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ عوام الناس کی شکایات کا تین دن کے اندر ازالہ کریں اور سائلین کو باقاعدہ طور پر مطلع کریں، تاکہ بروقت ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ آخر میں اسسٹنٹ کمشنر نے عوام الناس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام کو خدمات کی بہتر فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔شرکاء نے تحصیل انتظامیہ کی جانب سے کھلی کچہریوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطہ مضبوط ہو رہا ہے اور معاشرتی بہتری کے امکانات بھی بڑھ رہے ہیں۔
02/04/2026
ریجنل پولیس آفیسر سید اشفاق انور کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں ریجنل پولیس آفیسر (RPO) سید اشفاق انور کے تبادلے کے موقع پر ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن داؤد خان، اعلیٰ سرکاری افسران اور پولیس حکام نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر داؤد خان نے سید اشفاق انور کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے قابلِ قدر اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ سید اشفاق انور ایک پیشہ ور، دیانتدار اور فرض شناس افسر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔ کمشنر نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی آئندہ ذمہ داریوں میں بھی اسی جذبے اور محنت سے خدمات سرانجام دیں گے۔اس موقع پر سید اشفاق انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں اپنی تعیناتی کے دوران انہیں بھرپور تعاون ملا، جس کے بغیر امن و امان کی بہتری ممکن نہ تھی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس فورس اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں کے لوگوں کی محبت اور تعاون کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔تقریب کے اختتام پر کمشنر داؤد خان نے سید اشفاق انور کو یادگاری شیلڈ (سووینئر) پیش کی، جبکہ دیگر افسران نے بھی انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر شرکاء نے ان کے ساتھ گزارے گئے وقت کو یاد کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
02/04/2026
کمشنر ڈی آئی خان ڈویژن داؤد خان کی زیر صدارت گرلز کیڈٹ کالج ڈیرہ اسماعیل خان کی عمارت اور کلاسز کے بروقت آغاز کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فرحان خان، پرنسپل RPDCکالج ڈیرہ اسماعیل خان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فی میل)، پرنسپل مفتی محمود پبلک سکول اینڈ کالج، اسسٹنٹ ٹو کمشنر (پولیٹیکل اینڈ ڈولپمنٹ) سجاد بلوچ و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں طالبات کے لیے تعلیمی سرگرمیوں کے جلد آغاز اور مناسب سہولیات کی فراہمی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔کمشنر نے ہدایت جاری کی کہ گرلز کیڈٹ کالج کے لیے عمارت کے انتظامات کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ طالبات کی کلاسز بروقت شروع کی جا سکیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طالبات کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔اجلاس میں عملے کی بھرتی کے عمل کو بھی جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کی گئی تاکہ تدریسی اور انتظامی امور میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ کمشنر نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔فورم نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ ابتدائی طور پر کلاسز ریجنل پروفیشنل ڈیولپمنٹ سینٹر (RPDC) کی دستیاب عمارت میں شروع کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ RPDC کو کسی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے مفتی محمود ہاسٹل میں اضافی جگہ فراہم کرنے کی تجویز بھی منظور کی گئی، تاکہ دونوں ادارے باآسانی اپنے امور سرانجام دے سکیں۔اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ گرلز کیڈٹ کالج کا قیام علاقے میں خواتین کی تعلیم کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارے کو جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا اور طالبات کو بہترین رہائشی و تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔مزید برآں، کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کے جامع منصوبے بھی جلد تیار کیے جائیں تاکہ ادارہ ایک مثالی تعلیمی مرکز کے طور پر ابھر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس منصوبے کی کامیابی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
31/03/2026
خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت میں طبی عملے کی بھرتیوں کے حوالے سے ایک اہم آن لائن اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن داؤد خان نے شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ ٹو کمشنر(پولیٹکل اینڈ ڈولپمنٹ) سجاد بلوچ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن (E&A) نے کی۔ اجلاس میں صوبے کے مختلف ڈویژنز میں میڈیکل آفیسرز، ڈینٹل سرجنز اور نرسز کی فکسڈ پے بنیادوں پر بھرتی کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ صحت کے شعبے میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر کمشنر داؤد خان نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں بھی طبی عملے کی کمی کو پورا کرنا اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتی کو یقینی بنایا جائے گا۔حکام نے وضاحت کی کہ تمام امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں آن لائن ویب سائٹ www.healthkp.gov.pk کے ذریعے جمع کروائیں۔ آن لائن درخواست دینے کے بعد امیدواروں کو اپنی درخواستوں کی ہارڈ کاپی تمام متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ اپنے متعلقہ ڈویژنل کمشنرز کے دفاتر میں جمع کروانا لازمی ہوگا۔ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کیلئے میڈیکل آفیسرز کی مجموعی تعداد 153ہے جس میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے 66، جنوبی وزیرستان لوئر کیلئے 19، جنوبی وزیرستان اپر کیلئے 37اور ٹانک کیلئے 31پوسٹس ہیں۔ اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کیلئے ڈینٹل سرجنز کی مجموعی تعداد 33ہے جس میں سے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے15، جنوبی وزیرستان لوئر کیلئے 4، جنوبی وزیرستان اپر کیلئے 7اور ٹانک کیلئے 7پوسٹس ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان ریجن کیلئے نرسز کی مجموعی تعداد 127جس میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کیلئے72، جنوبی وزیرستان لوئر کیلئے15، جنوبی وزیرستان اپر کیلئے 20 اور ٹانک کیلئے 20 پوسٹس ہیں۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بھرتی کے تمام مراحل کو شفاف، منصفانہ اور بروقت مکمل کیا جائے تاکہ ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں مریضوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔ مزید برآں، دیہی اور دور دراز علاقوں میں طبی سہولیات کی بہتری کے لیے خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔کمشنر داؤد خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ وہ بھرتی کے عمل کی مؤثر نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی بھی اہل امیدوار اس موقع سے محروم نہ رہے۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ محکمہ صحت کو مزید فعال اور عوام دوست ادارہ بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔
30/03/2026
ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈرافٹ لینڈ یوز پلان پر عوامی سماعت، پائیدار ترقی کے لیے اہم پیش رفت۔تفصیلات کے مطابق حکومت خیبر پختونخوا کے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت اربن پالیسی اینڈ پلاننگ یونٹ (UPPU) کے زیر اہتمام ڈرافٹ ڈسٹرکٹ لینڈ یوز پلان کے حوالے سے ایک اہم عوامی سماعت کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ آڈیٹوریم ہال میں تقریب منعقد کی گئی جس میں اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان سید محمد ارسلان، لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران، پراجیکٹ ڈائریکٹر پروونشل لینڈ یوز پلان اربن پالیسی اینڈ پلاننگ یونٹ کامران خان، ڈپٹی منیجر (سپاشل پلاننگ) UPPUواجد اللہ اور پلاننگ اینڈ ڈولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے دیگر افسران کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔اس اجلاس کا مقصد ضلع میں زمین کے بہتر استعمال، شہری و دیہی ترقی کے توازن اور ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عوامی آراء حاصل کرنا تھا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ لینڈ یوز پلان کسی بھی ضلع کی منظم ترقی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، جس کے ذریعے رہائشی، تجارتی، زرعی اور صنعتی سرگرمیوں کے لیے واضح حدود متعین کی جاتی ہیں۔حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد بے ہنگم شہری پھیلاؤ کو روکنا، زرعی اراضی کا تحفظ کرنا اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوامی شرکت کے بغیر کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ مؤثر ثابت نہیں ہو سکتا، اس لیے شہریوں کی تجاویز کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔اجلاس کے دوران یو پی پی یو ٹیم نے ڈرافٹ پلان کی تفصیلی پریزنٹیشن دی، جس میں مجوزہ زوننگ، انفراسٹرکچر کی بہتری اور مستقبل کی ترقیاتی حکمت عملیوں پر روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء کو کھل کر اپنی آراء اور تجاویز پیش کرنے کا موقع دیا گیا، جنہیں حتمی پلان میں شامل کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔مزید برآں، ماہرین نے اس بات کی نشاندہی کی کہ اگر اس منصوبے پر مؤثر طریقے سے عمل درآمد کیا گیا تو نہ صرف شہری سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں کے مطابق منصوبہ بندی سے سرمایہ کاری میں اضافہ اور مقامی معیشت کو فروغ مل سکتا ہے۔اجلاس کے اختتام پر پراجیکٹ مینیجر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈرافٹ لینڈ یوز پلان کو عوام کے لیے دستیاب کر دیا گیا ہے اور اسٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی تجاویز جمع کرائیں جو کہ آن لائن (ویب سائٹ)، سوشل میڈیا یا تحریری صورت میں ارسال کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ موصول ہونے والی تمام آراء کا بغور جائزہ لیا جائے گا۔حکام کے مطابق یہ منصوبہ ایک جامد دستاویز نہیں بلکہ ایک متحرک فریم ورک ہوگا، جسے ہر پانچ سال بعد بدلتے حالات اور ترقیاتی ضروریات کے مطابق اپڈیٹ کیا جائے گا۔ حتمی منظوری کے بعد اسے صوبائی لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول کونسل کو ارسال کیا جائے گا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی عوامی سماعتیں نہ صرف شفافیت کو فروغ دیتی ہیں بلکہ حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد کو بھی مضبوط بناتی ہیں، جو پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
23/03/2026
یومِ پاکستان (23 مارچ) کے موقع پر زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یہ دن ہماری قومی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے، جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے اپنی منزل کا تعین کیا۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں کی یاد دلاتا ہے، جن کی بدولت پاکستان کا قیام ممکن ہوا۔ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم علم، تحقیق اور عملی جدوجہد کے ذریعے اپنے وطن کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جدید زرعی تحقیق، اختراع اور خدمتِ انسانیت کو اپنا شعار بنائیں تاکہ پاکستان کو زرعی میدان میں خودکفیل اور مضبوط بنایا جا سکے۔ آخر میں انہوں نے اساتذہ، طلبہ اور پوری قوم کو یومِ پاکستان کی دلی مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے وطن کو ترقی، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے۔