06/06/2026
ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد کی مالیاتی فراڈ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی
فیصل آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارہ (FIA) کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے مالیاتی فراڈ اور غیر قانونی بینکاری سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم مالیاتی فراڈ نیٹ ورک کا سراغ لگایا جو جعلی اور غیر قانونی طور پر کھولے گئے بینک اور مائیکرو فنانس اکاؤنٹس کے ذریعے غیر قانونی مالی لین دین اور رقوم کے حصول میں ملوث تھا۔
کارروائی کے دوران گرفتار کیے جانے والے ملزمان کی شناخت محمد رمضان ولد محمد علی اور محمد رمضان ولد محمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان مختلف افراد کے نام پر کھولے گئے بینک اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل مالیاتی پلیٹ فارمز کو فراڈ کے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے تھے۔
چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 3 لاکھ 50 ہزار روپے نقد رقم، موبائل فونز، اے ٹی ایم/کریڈٹ کارڈز اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد برآمد کیے گئے۔ ابتدائی فرانزک اور تکنیکی جانچ کے دوران مختلف بینکاری ایپلی کیشنز، متعدد ڈیجیٹل موبائل بینکنگ اکاؤنٹس، مواصلاتی پلیٹ فارمز اور تقریباً 84 جعلی جاز کیش کلون اکاؤنٹس کا انکشاف ہوا جو مختلف شہریوں کے ناموں پر مبینہ طور پر استعمال کیے جا رہے تھے۔
ملزمان کے خلاف FIR نمبر 17/2026 درج کر لی گئی ہے جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 109، 419، 420، 467، 468 اور 471 شامل ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس منظم نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
ایف آئی اے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ مالیاتی جرائم، آن لائن فراڈ اور غیر قانونی بینکاری سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کے مالی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سک
06/06/2026
ایف آئی اے ریکروٹمنٹ 2026 – جسمانی ٹیسٹ کا دوسرا روز
فیصل آباد میں مختلف آسامیوں پر بھرتی کے لیے جسمانی ٹیسٹ (Physical Test) کا سلسلہ دوسرے روز بھی کامیابی سے جاری رہا۔ امیدواروں کی بڑی تعداد نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ ٹیسٹ میں حصہ لیا۔
ایف آئی اے فیصل آباد زون کی جانب سے تمام مراحل کو مکمل شفافیت، میرٹ، نظم و ضبط اور مساوی مواقع کے اصولوں کے تحت یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ بھرتی کا عمل منصفانہ اور غیر جانبدار انداز میں مکمل ہو۔
Day-2 Glimpses of Physical Test – FIA Recruitment 2026
05/06/2026
ایف آئی اے میں مختلف آسامیوں پر بھرتی کے لیے جسمانی ٹیسٹ (Physical Test) کا عمل آج فیصل آباد میں باقاعدہ طور پر شروع ہو گیا۔
امیدواروں کی بڑی تعداد مقررہ مقام پر شریک ہوئی جہاں شفافیت، میرٹ اور نظم و ضبط کو یقینی بناتے ہوئے ٹیسٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
05/06/2026
ایک میگا فراڈ نیٹ ورک بے نقاب - منظم اور جعلی روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس بنانے والے گروہ کے خلاف ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد کی کامیاب کارروائی
جعلی روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس تیار کرنے اور جاری کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم جعلسازی نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا۔
ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) فیصل آباد کی جانب سے موصول ہونے والی شکایت پر FIA نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ دورانِ تحقیقات ویہیکل روٹ پرمٹ رجیم (VRPR) سسٹم کے ذریعے تصدیق کی گئی جس سے معلوم ہوا کہ روٹ نمبر RC-613 پر چلنے والی گاڑی کے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ جعلی اور غیر قانونی طور پر تیار کیے گئے تھے۔
کچہری بازار فیصل آباد میں واقع ایک دکان پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران جعلی روٹ پرمٹس اور فٹنس سرٹیفکیٹس تیار کرنے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ چھاپے کے دوران موبائل فونز اور ایک لیپ ٹاپ بھی برآمد کیا گیا جن میں قومی شناختی کارڈز، ڈرائیونگ لائسنسز، روٹ پرمٹس، فٹنس سرٹیفکیٹس اور جعلسازی میں استعمال ہونے والے مختلف سافٹ ویئرز اور ڈیجیٹل ریکارڈ موجود تھا۔
دستیاب شواہد کی بنیاد پر FIR نمبر 25/2026 FIA کمپوزٹ سرکل فیصل آباد میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 109، 419، 420، 468 اور 471 کے تحت درج کر لی گئی ہے۔ برآمد شدہ ڈیجیٹل آلات کو فرانزک تجزیے کے لیے قبضے میں لے لیا گیا ہے جبکہ نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ FIA ملک میں جعلسازی، بدعنوانی اور عوامی اداروں کو نقصان پہنچانے والی غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
02/06/2026
پاسکو گندم خرد برد کیس میں دو اہم ملزمان گرفتار
فیصل آباد: ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے پاسکو گندم خرد برد اور کرپشن کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ملزمان رائے عبد الکریم (پراجیکٹ انچارج، پاسکو تاندلیانوالہ) اور جمیل احمد (لیبر کنٹریکٹر، پاسکو تاندلیانوالہ) کو مقدمہ نمبر 02/2026 میں گرفتار کیا گیا۔ ملزمان پر دیگر ساتھیوں کے ساتھ ملی بھگت کر کے تقریباً 21 کروڑ روپے مالیت کی گندم خرد برد کرنے اور گندم میں مٹی و دیگر ملاوٹ شامل کرنے کے الزامات ہیں، جس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا۔
کیس میں مزید ملوث افراد کی نشاندہی، گرفتاری اور سرکاری نقصان کی برآمدگی کے لیے تفتیش جاری ہے۔
02/06/2026
ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل ساہیوال کی بڑی کارروائی، انسانی اسمگلر گرفتار
گرفتار ملزم کی شناخت محمد افضل ولد نثار حسین سکنہ فرید ٹاؤن، تحصیل و ضلع ساہیوال کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کو مقدمہ نمبر 99/2026 بجرم دفعہ 17/22 امیگریشن آرڈیننس 1979، تھانہ ایف آئی اے ساہیوال میں گرفتار کیا گیا۔
تحقیقات کے مطابق ملزم نے شکایت کنندہ اور اس کے دوست کو برطانیہ (UK) میں ملازمت دلوانے اور ورک ویزہ فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 1 کروڑ 14 لاکھ روپے ہتھیا لیے۔ رقم وصول کرنے کے باوجود ملزم متاثرین کو بیرونِ ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور نہ ہی رقم واپس کی۔
ایف آئی اے عوام الناس کو آگاہ کرتی ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت یا امیگریشن کے سلسلے میں صرف مستند اور قانونی ذرائع اختیار کریں اور کسی بھی فرد یا ایجنٹ کو رقم ادا کرنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت کی مکمل تصدیق کریں۔
01/06/2026
ایف آئی اے فیصل آباد زون کی انسانی اسمگلروں اور اشتہاری ملزمان کے خلاف کامیاب کارروائیاں
فیصل آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) فیصل آباد زون انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر کے خلاف اپنی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری ملزم ساجد علی ولد محمد شفیع سکنہ سیٹلائٹ ٹاؤن ضلع جھنگ کو گرفتار کر لیا۔ ملزم مقدمہ نمبر 675/2024 زیر دفعات 17/22 امیگریشن آرڈیننس 1979 میں مطلوب تھا۔ مقدمہ کے مطابق ملزمان نے مدعی سے دبئی میں روزگار دلوانے کے بہانے 4 لاکھ 15 ہزار روپے وصول کیے، تاہم وعدے کے مطابق بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے۔
ایک اور کارروائی میں ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے اشتہاری ملزم محمد زبیر مقبول ولد مقبول سکنہ نورپور، تحصیل و ضلع فیصل آباد کو گرفتار کر لیا۔ ملزم مقدمہ نمبر 357/2025 زیر دفعات 17/22 امیگریشن آرڈیننس 1979 میں مطلوب تھا۔ مقدمہ کے مطابق ملزمان نے مدعی، اس کے بھائی اور کزنز کو البانیہ بھجوانے کے نام پر 21 لاکھ 22 ہزار روپے وصول کیے، مگر اپنے وعدے پورے نہ کیے۔
ایف آئی اے فیصل آباد زون انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور مقدمات کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
09/05/2026
ایف آئی اے فیصل آباد کی انسانی اسمگلرز کے خلاف کارروائی
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) فیصل آباد نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت بدر منیر عباس ولد غلام عباس سکنہ ڈی ٹائپ، فیصل آباد کے نام سے ہوئی ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضہ سے دو عدد پاکستانی پاسپورٹس بھی برآمد ہوئے۔
ملزم کے خلاف مقدمہ نمبر 228/2026 بجرائم دفعات 17/22 امیگریشن آرڈیننس 1979 ہمراہ دفعہ 6 پاسپورٹ ایکٹ 1974 کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے شاہزیب نامی شہری سے بیرون ملک (اسکاٹ لینڈ) ملازمت دلوانے کے بہانے 13,30,000 روپے ہتھیائے۔
مزید تفتیش جاری ہے۔