31/12/2025
ضلع دیامر سے ریڈ فاؤنڈیشن (READ Foundation) کے تعلیمی اداروں کی بندش کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ کسی بھی ادارے کے اپنے انتظامی مسائل ہو سکتے ہیں، لیکن دیامر جیسے تعلیمی لحاظ سے حساس اور پسماندہ علاقے سے اچانک رختِ سفر باندھ لینا یہاں کے ہزاروں بچوں کے مستقبل کے ساتھ ایک بڑا علمی المیہ ہے۔
ریڈ فاؤنڈیشن نے دیامر میں ایک عرصے تک خدمات دیں، لیکن اس طرح ادھورے سفر میں بچوں کو بے یار و مددگار چھوڑ دینا تعلیمی انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔ اس فیصلے نے دیامر کے پہلے سے کمزور تعلیمی ڈھانچے کو مزید مفلوج کر دیا ہے۔
وقت کی اہم ضرورت: ایک پائیدار متبادل
اب وقت آگیا ہے کہ ہم صرف وقتی حل کے بجائے ایک پائیدار نظام کی طرف بڑھیں۔ اس سلسلے میں میری دو اہم گزارشات ہیں:
1️⃣ حکومتِ وقت کے لیے: حکومتِ گلگت بلتستان اس تعلیمی خلا کو محض ایک خبر نہ سمجھے۔ یہ ہزاروں خاندانوں کے مستقبل کا سوال ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر ان سکولوں کا انتظام سنبھالے یا نجی شعبے کے تعاون سے ایسا طریقہ کار وضع کرے کہ دیامر میں تعلیم کا عمل ایک دن کے لیے بھی نہ رکنے پائے۔
2️⃣ AKDN سے مخلصانہ اپیل: آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) نے ہمیشہ مشکل حالات میں گلگت بلتستان کا ساتھ دیا ہے۔ دیامر میں آپ کی صحت کی خدمات (Health Services) ایک مثال ہیں۔ آج دیامر کی مٹی آپ سے تعلیم کے میدان میں بھی وہی مسیحائی مانگ رہی ہے۔
ہم AKDN کی قیادت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دیامر کے معروضی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہاں ہنگامی بنیادوں (Urgent Basis) پر تعلیمی آپریشنز کا آغاز کرے۔ دیامر کے بچوں کو معیار اور تسلسل کی ضرورت ہے، جو صرف AKDN جیسا مستحکم اور تجربہ کار ادارہ ہی فراہم کر سکتا ہے۔
تعلیم کسی احسان کا نام نہیں، یہ دیامر کے ہر بچے کا آئینی اور انسانی حق ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اس تعلیمی بحران کو حل کرنے کے لیے فوری طور پر میدان میں آئیں گے۔
منجانب: اسلم انقلابی

12/12/2025
22/08/2025