17/10/2026
سابق ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید کی مولانا فضل الرحمان کے بیان کی مذمت
سابق ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم اختلاف کی آڑ میں شہداء کے اہل خانہ، ان کے بچوں، بیواؤں اور ماؤں کے جذبات کو مجروح نہیں کرنا چاہیے۔
خواجہ طارق سعید کا کہنا تھا کہ وہ ایک سرحدی علاقے کے رہائشی ہونے کے ناطے پاک فوج کے کردار، برف باری کے دوران دشوار گزار راستوں اور ملکی دفاع کے لیے پیش آنے والی مشکلات کے عینی شاہد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے اہلکار صرف تنخواہ کے لیے نہیں بلکہ جذبۂ حب الوطنی کے تحت ملک و قوم کے دفاع کے لیے خدمات انجام دیتے ہیں اور اپنی جانوں تک کی قربانی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملات میں پالیسی سازی کرنے والے افراد کو بھی اپنے مؤقف اور بیانات میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ملک میں دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کا کردار واضح ہے، جبکہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں قومی یکجہتی اور ملکی دفاع کے اداروں کے احترام کی اہمیت بھی بڑھ جاتی ہے۔
سابق ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید نے کہا کہ سیاسی اور ادارہ جاتی اختلافات کو اس حد تک نہیں لے جانا چاہیے کہ شہداء کی قربانیوں اور ان کے اہل خانہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع، قومی سلامتی اور شہداء کی قربانیوں کا احترام ہر صورت مقدم رہنا چاہیے۔