29/03/2026
پشاور/ شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال اور لوگوں کے انخلاء بارے ہنگامی جرگہ، امن کے فوری قیام، نقل مکانی کی روک تھام اور قوم کے تحفظات سے تمام سٹیک ہولڈرز کو آگاہ کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی کا قیام۔ کابل خیل قوم کا مدعا بھرپور طریقے سے اُٹھانے کیلئے ہر فورم پر بھرپور اور منظم آواز اٹھانے کا عزم
*باغ ناران میں کابل خیل قوم کے مختلف شعبوں تعلق رکھنے والی شخصیات کا اہم جرگہ منعقد ہوا جس میں تحصیل شیواہ میں امن وامان کی خراب صورتحال اور اس کے نتیجے میں لوگوں کے اچانک انخلاء سے پیدا شدہ حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
خصوصی جرگہ میں تحریک انصاف، جمعیت علمائے اسلام ف، پی ٹی ایم، این ڈی ایم، دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف، شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
جرگہ سے خطاب میں چیف آف کابل خیل ملک غفار وزیر، تحریک انصاف کے سینیئر رہنما جمیل وزیر، جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما اسد اللہ وزیر، پی ٹی ایم رہنما اسماعیل وزیر، شیر علی خان، جاوید وزیر، اقبال وزیر، ڈاکٹر کرامت، سکندر، امان وزیر، سہراب، ملک لقمان شاہ، مولانا محمد دین اور دیگر مقررین نے شیواہ کے موجودہ ابتر حالات اور نقل مکانی بارے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل شیواہ کی صورتحال کا اچانک بگڑ جانا قابل افسوس امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیواہ کے لوگ ہمیشہ سے پرامن رہے ہیں اور مثبث سرگرمیوں کو فروغ میں پیش پیش رہے ہیں۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ شیواہ کی صورتحال پر متعلقہ حکام کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ جرگہ نے متفقہ طور پر ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا جس کو جاری صورتحال پر وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطوں سمیت مستقبل کے لائحہ عمل کا اختیار حاصل ہوگا۔
پی ٹی آئی کے جمیل وزیر نے جرگہ کو یقین دہانی کرائی کہ کابل خیل قوم کے موجودہ حالات سے وزیر اعلیٰ دیگر پارٹی قائدین کو آگاہ کرنے اور مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔
جرگہ نے واضح کیا کہ ہم پُرامن طریقے سے مسائل کے حل کو ترجیح دیتے ہیں تاہم پریس کانفرنس، احتجاج اور دیگر تمام آپشنز استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔
جرگہ ممبران نے خصوصی کمیٹی کو امن وامان کے فوری قیام اور نقل مکانی کا سلسلہ روکنے کیلئے ابھی سے مؤثر اقدامات اٹھانے کا ٹاسک دے دیا۔
جرگہ ممبران نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ، عسکری حکام اور دیگر متعلقہ حکام تحصیل شیواہ کی صورتحال کا فوری نوٹس لیکر امن کے قیام اور بحران پر قابو پانے کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں۔
10/03/2026
میں اپنی ذات اور اپنی ویلج کونسل اسدخیل 02 کی طرف سے ملک بلال وزیر، ملک اورنگزیب خان اور جناب جمیل خان وزیر کا بے حد ممنون و مشکور ہوں کہ انہوں نے میرٹ کی بنیاد پر رمضان پیکج ہمارے وی سی کے انتہائی حقدار اور مستحق لوگوں تک پہنچایا۔
ان معزز رہنماؤں کی یہ خدمت اور قربانی قوم اسدخیل ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھے گی۔ ہمیں ایسے مخلص اور عوام دوست رہنماؤں پر بے حد فخر ہے۔
آخر میں، میں بطور چیئرمین میر سعود خان وی سی اسدخیل 02 دل کی گہرائیوں سے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کرتے ہوئے غریب اور مستحق لوگوں تک رمضان پیکج ان کا حق پہنچانے کی ذمہ داری سونپی۔
11/02/2026
This is the official page of Chairman Mir Saud Khan Wazir.”
21/12/2025
جنوبی وزیرستان لوئر: تعلیم کے داعی استاد شاہ حسین کا المناک اقدام، شدید مایوسی کے بعد زندگی کا خاتمہ کردیا، تعلیمی حلقوں میں سوگ
جنوبی وزیرستان لوئر کے ایک نجی تعلیمی ادارے سے وابستہ استاد شاہ حسین نے انتہائی افسوسناک طور پر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ اس دلخراش واقعے نے نہ صرف ان کے اہلِ خانہ بلکہ پورے علاقے کے تعلیمی اور سماجی حلقوں کو غمزدہ کر دیا ہے۔
18/12/2025
چیئرمین عابد وزیر اور چیئرمین میر سعود خان کا گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میران شاہ کا دورہ
آج شمالی وزیرستان کے ضلعی ہیڈکوارٹر میران شاہ میں ایک اہم سماجی اور تعلیمی سرگرمی دیکھنے میں آئی۔ چیئرمین عابد وزیر (ایم سی ڈانڈے 2، میران شاہ سٹی) اور علاقے کی ہردلعزیز شخصیت چیئرمین وی سی اسدخیل جناب میر سعود خان نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول میران شاہ کا خصوصی دورہ کیا۔
اس دورے کا بنیادی مقصد سکول کے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا تھا۔ اس موقع پر معزز مہمانوں نے سکول کے بچوں میں کھیلوں کا مختلف سامان تقسیم کیا۔
چیئرمین عابد وزیر اور میر سعود خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کر سکیں۔
سکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ نے ان دونوں شخصیات کی آمد اور اس ہمدردانہ اقدام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ علاقہ مکینوں نے بھی اس اقدام کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے علاقے کے تعلیمی ماحول میں مثبت تبدیلی آئے گی اور بچوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہوگا۔
17/12/2025
میرعلی میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ پچھلے چار گھنٹوں سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، لوگ خوف و ہراس کے باعث گھروں میں محصور ہیں، اور آنے والے لمحوں کے بارے میں کچھ بھی یقین سے نہیں کہا جا سکتا۔
یا اللہ! اپنے رحم و کرم سے امن عطا فرما، بےگناہوں کی حفاظت فرما۔ 🤲
10/12/2025
وی سی اسدخیل 02 میں سپورٹس گالا کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا، جس کا اہتمام چیئرمین میر سعود خان وزیر نے کیا۔ اس پروگرام کو علاقے کے ایک بڑے کھیلوں کے اجتماع کے طور پر دیکھا گیا، جس میں مقامی بزرگ، نوجوان، سماجی کارکن اور ہر مکتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔ فٹ بال، والی بال، باسکٹ بال اور کرکٹ کی ٹیموں نے اپنے اپنے مقابلوں میں حصہ لیا اور پورا دن علاقے میں کھیلوں کا جوش و جذبہ نمایاں رہا۔
تقریب کے دوران تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں میں کھیلوں کا ضروری سامان بھی تقسیم کیا گیا، جس سے کھلاڑیوں کو حوصلہ ملا اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے ایک مثبت سوچ پیدا ہوئی۔ علاقے کے لوگوں نے اس قدم کو بے حد سراہا اور اسے نوجوانوں کے لیے ایک صحت مند ماحول کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
میر سعود خان وزیر نے لوکل گورنمنٹ کی جانب سے ملنے والے کھیلوں کے فنڈز کو شفاف طریقے سے اپنے نوجوانوں پر خرچ کیا اور ساتھ ہی اپنے ذاتی وسائل سے بھی سپورٹس گالا کی کامیابی میں مالی تعاون کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت وقت انہیں مزید خصوصی فنڈز فراہم کرے تو وہ اپنے وی سی کے نوجوانوں اور کمیونٹی کے لیے مزید بہتر سہولیات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس سپورٹس گالا کو علاقے میں نوجوانوں کی دلچسپی بڑھانے، کھیلوں کے مواقع پیدا کرنے اور معاشرتی ہم آہنگی کو مضبوط کرنے کے لیے ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، جس کے مثبت اثرات آنے والے وقت میں مزید نمایاں ہوں گے۔