21/04/2026
📢 *FDE Ensures Timely Posting of School Heads Across Islamabad*
In a significant step toward strengthening academic leadership, the Federal Directorate of Education (FDE) has completed the posting of Heads of Institutions (HOIs) in all *113 schools* across Islamabad and adjoining areas.
Aligned with the start of the new academic session, this milestone reflects a strong commitment to *efficient governance and uninterrupted academic planning*.
🔹 *51 male & 62 female heads appointed*
🔹 *Balanced distribution across all 6 areas*
🔹 *Merit-based approvals following thorough evaluation*
🔹 *Local placements prioritized for better efficiency and ownership*
This proactive initiative is expected to bring *stability, continuity, and improved learning outcomes* across federal educational institutions.
16/04/2026
ایجوکیشن نیوز (نمائندہ خصوصی)
اسلام آباد میں سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی طویل عرصے سے جاری کمی کو دور کرنے کے لیے اہم اور مؤثر اقدام اٹھاتے ہوئے سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب کی خصوصی ہدایات پر خالی اسامیوں کو ازسرِنو منظم کر کے ضرورت مند اسکولوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کو تعلیمی حلقوں، والدین اور عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ اقدام ان اداروں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا جہاں اساتذہ کی شدید کمی کے باعث تدریسی عمل متاثر ہو رہا تھا، جبکہ بعض اسکولوں میں کم طلبا کے باعث اسامیاں غیر مؤثر ہو چکی تھیں۔ اب ایسی تمام اسامیوں کو حقیقی ضرورت کے مطابق دیگر اسکولوں میں منتقل کر دیا گیا ہے تاکہ تعلیمی نظام کو متوازن اور فعال بنایا جا سکے۔
اس عمل کے تحت اسلام آباد کے دیہی علاقوں خصوصاً ترنول، بارہ کہو، نیلور اور سیہالا کے تعلیمی اداروں کو نمایاں فائدہ پہنچا ہے، جبکہ شہری علاقوں کے مختلف سیکٹرز میں بھی اُن اسکولوں کو اساتذہ فراہم کیے گئے ہیں جہاں کمی شدت اختیار کر چکی تھی۔ حکام کے مطابق چاروں تعلیمی سیکٹرز میں اساتذہ کی منصفانہ تقسیم سے مجموعی تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 631 اسامیوں کو ازسرِنو تقسیم کیا گیا، جن میں ایس ایس ٹی (میل و فی میل) کی 148، ایس ای ٹی کی 348 اور ایس ای ایس ٹی کی 135 اسامیاں شامل ہیں۔ یہ وہ پوسٹیں تھیں جو عرصہ دراز سے مختلف اداروں میں خالی پڑی تھیں۔
اس تمام عمل کو شفاف اور میرٹ پر مکمل کرنے کے لیے ڈی جی فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (FDE) کی نگرانی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی، جس میں ڈپٹی ڈی جی، ڈائریکٹر اسکولز اور چاروں سیکٹرز کے متعلقہ افسران شامل تھے۔ کمیٹی نے تفصیلی جائزہ لے کر زمینی حقائق کے مطابق اسامیوں کی منصفانہ منتقلی کو یقینی بنایا۔
تعلیمی اداروں کے سربراہان نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ کی کمی کے باعث جو مسائل درپیش تھے، وہ اب کافی حد تک حل ہو جائیں گے۔ والدین اور عوام کا بھی کہنا ہے کہ اس فیصلے سے بچوں کی تعلیم متاثر نہیں ہوگی بلکہ تدریسی معیار بہتر ہوگا اور کلاس رومز میں تسلسل کے ساتھ پڑھائی جاری رہ سکے گی۔
مزید برآں، سید منصور احمد شاہ نے ڈائریکٹر اسکولز اور ان کی پوری ٹیم کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہترین ادارہ جاتی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے بروقت اور شفاف فیصلے کیے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے تعلیمی اداروں میں جہاں کمی تھی وہاں اساتذہ کی کمی پوری ہوئی ہے، جس پر پوری کمیونٹی ان کی مشکور ہے۔
ماہرین تعلیم کے مطابق یہ بروقت فیصلہ نہ صرف سرکاری اسکولوں کی کارکردگی بہتر بنائے گا بلکہ دیہی اور شہری علاقوں کے درمیان تعلیمی فرق کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا، جس سے طلبا کو یکساں اور معیاری تعلیمی مواقع فراہم کیے جا سکیں گے۔