17/07/2026
کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائیاں مزید مؤثر بنا دی گئی ہیں۔ ایس ایس پی ویسٹ کی ہدایات پر اورنگی ٹاؤن 5 نمبر کے مختلف مقامات پر اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈی ایس پی اورنگی ٹاؤن وسیم صدیقی کی نگرانی میں پولیس اہلکاروں نے اہم شاہراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کرتے ہوئے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور مشتبہ افراد کی جامع تلاشی لی۔ اس دوران شہریوں کی شناختی دستاویزات اور گاڑیوں کے کاغذات بھی چیک کیے گئے۔
پولیس حکام کے مطابق اسنیپ چیکنگ کا مقصد جرائم کی روک تھام، اسلحہ اور منشیات کی نقل و حمل پر نظر رکھنا، اشتہاری اور مشتبہ افراد کی گرفتاری کو یقینی بنانا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہے۔
ڈی ایس پی وسیم صدیقی نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے اور شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی کو یقینی بناتے ہوئے جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ امن و امان کے قیام کے لیے اسنیپ چیکنگ اور گشت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔