27/02/2026
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ضلع کورنگی کے مرکزی آفس میں ایک بھرپور، ولولہ انگیز اور جارحانہ تنظیمی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں واضح پیغام دیا گیا کہ ضلع کورنگی میں اب سیاسی میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا۔
اجلاس کی صدارت تنویر چوہدری صدر ضلع کورنگی نے کی۔ اس موقع پر سابق ڈی ایس پی اسلم جوئیہ، سابق سیکٹر انچارج طارق انصاری، محمّد توقیر اور ان کے ساتھیوں نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔ مسلم لیگ فنکشنل کے ذمہ داران و اجلاس کے شرکاء نے نئے ساتھیوں کا پُرجوش استقبال کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع کورنگی میں تنظیم کو ناقابلِ شکست قوت بنایا جائے گا۔
اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات انجنیئر ملک شاہ زین، صدر لیبر ونگ ضلع کورنگی منظور جانوری، رابطہ سیکرٹری محمد علی، نائب صدورز رانا اسلم، معروف چشتی، سید عظیم، فصیح الدین، سعد عزیزی, محمّد عمران، شہزاد بگٹی لیبر ونگ اور دیگر ضلعی و پی ایس ذمہ داران نے شرکت کی اور دوٹوک انداز میں کہا کہ اب عوامی مسائل پر خاموشی نہیں بلکہ بھرپور اپوزیشن کا رول ادا کیا جائے گا۔
اسلم جوئیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان ہمارا اصل سرمایہ اور طاقت ہیں، اور جو لوگ عوام کو نظرانداز کر رہے ہیں انہیں میدان میں جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کورنگی میں حقیقی عوامی سیاست کا آغاز ہوچکا ہے۔
طارق انصاری نے کہا کہ قوم کو کمزور اور مفاد پرست قیادت نہیں بلکہ جرات مند اور باصلاحیت نوجوان قیادت کی ضرورت ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل ہر قومیت اور ہر مکتبہ فکر کے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنے والی جماعت ہے اور یہی اتحاد مخالفین کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے۔
منظور جانوری اور انجنیئر ملک شاہ زین نے کہا کہ پارٹی سربراہ پیر صاحب پگارا کے خاندان نے پاکستان کے لیے جو لازوال قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے واضح اعلان کیا کہ مسلم لیگ فنکشنل کسی مصلحت کی سیاست نہیں کرتی، بلکہ نظریۂ پاکستان، افواجِ پاکستان اور قومی سلامتی کے دفاع میں ہمیشہ صفِ اول میں کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔
جاریکردہ!
انجنیئر ملک شاہ زین
انفارمیشن سیکرٹری ضلع کورنگی
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل
05/02/2026
5 فروری یومِ یکجہتیٔ کشمیر!
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ضلع کورنگی کے صدر تنویر چوہدری اور سیکرٹری اطلاعات انجنیئر ملک شاہ زین نے یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر اپنے مشترکہ پیغام میں کہا ہے کہ 5 فروری محض ایک دن نہیں بلکہ کشمیری عوام کے ساتھ ہمارے غیرمتزلزل عزم، درد، ہمدردی اور یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے جاری ظلم، جبر، قتلِ عام، جبری گمشدگیاں اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں پوری دنیا کے ضمیر پر ایک کھلا سوالیہ نشان ہیں۔ نہتے کشمیری مرد، خواتین، بزرگ اور معصوم بچے آج بھی آزادی کی قیمت اپنے خون سے ادا کر رہے ہیں۔
کشمیری عوام کی یہ قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پاکستان کا ہر باشعور شہری کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے درد کو اپنا درد سمجھتا ہے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ہم عالمی ضمیر سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ خاموشی توڑے اور بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے رہنماؤں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے زخموں پر مرہم رکھے، ان کے صبر کو طاقت عطا فرمائے، اور انہیں جلد آزادی، انصاف اور حقِ خودارادیت نصیب فرمائے۔
*کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔کشمیر بنے گا پاکستان 🇵🇰*
01/02/2026
سندھ کی تباہی کی سب سے بڑی وجہ کرپشن ہے۔
اب مزید خاموشی نہیں ہم احتساب اور ایماندار قیادت کا مطالبہ کرتے ہیں۔
میں کرپشن کے خلاف، عوام کے حقوق کے لیے، اور سندھ کے مستقبل کے لیے کھڑا ہوں۔
22/01/2026
سانحہ گُل پلازہ سندھ حکومت کی نااہلی، میئر کراچی کی بے حسی اور ضلعی انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا ثبوت ہے۔ تنویر چوہدری
گُل پلازہ کی آگ محض حادثہ نہیں بلکہ نظام کی مکمل ناکامی ہے۔ انجنیئر ملک شاہ زین
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری سردار عبدالرحیم کی ہدایت پر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ضلع کورنگی کے صدر تنویر چوہدری کے ہمراہ سیکرٹری اطلاعات ضلع کورنگی انجنیئر ملک شاہ زین نے سانحہ گُل پلازہ کے مقام کا دورہ کیا اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ضلع کورنگی تنویر چوہدری نے سخت الفاظ میں کہا کہ سانحہ گُل پلازہ سندھ حکومت کی سنگین نااہلی، میئر کراچی کی مکمل بے حسی اور ضلعی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا براہِ راست نتیجہ ہے۔
اگر فائر سیفٹی کے قوانین محض فائلوں کی زینت بنے رہیں اور عملی نفاذ نہ ہو تو ایسے سانحات ناگزیر ہو جاتے ہیں۔
سیکرٹری اطلاعات انجنیئر ملک شاہ زین نے کہا کہ گُل پلازہ میں لگنے والی آگ کوئی حادثہ نہیں بلکہ ایک ناکام، کرپٹ اور بے رحم نظام کا شاخسانہ ہے۔
تنویر چوہدری نے حکومتی جماعت سے سوال کیا کہ آگ لگنے کی وجوہات بعد میں تلاش کی جائیں گی، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ فائر سیفٹی کہاں تھی ایمرجنسی راستے بند کیوں تھے؟ اور ان قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا ذمہ دار کون ہے؟
کراچی کی درجنوں کمرشل عمارتیں موت کے کنویں بن چکی ہیں، جہاں حفاظتی انتظامات کے نام پر صرف رشوت، چشم پوشی اور سرکاری خاموشی نظر آتی ہے۔ یہ رویہ شہریوں کی جانوں سے کھلا کھیل ہے۔
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے رہنماؤں نے مذمتی بیان میں مطالبہ کیا کہ سانحہ گُل پلازہ میں جاں بحق اور متاثرہ افراد کو فوری اور شفاف انصاف فراہم کیا جائے،
فائر سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب گل پلازہ کی یونین، متعلقہ افسران اور اداروں کا تعین کر کے ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے، اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے نمائشی اقدامات نہیں بلکہ عملی اصلاحات نافذ کی جائیں۔
تنویر چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اگر اس سانحے کو بھی روایتی فائل ورک اور بیانات کی نذر کیا گیا تو پاکستان مسلم لیگ فنکشنل عوام کے ساتھ سڑکوں سے ایوانوں تک بھرپور احتجاج اور جدوجہد کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
20/01/2026
سابق ڈی ایس پی کورنگی اسلم جویا کی پاکستان مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت خوش آئند قرار۔ سردار عبدالرحیم
اسلم جویا کی شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہیں، پارٹی میں ایسی شخصیات کی آمد عوامی سیاست کو مزید مضبوط کرے گی۔ سردار عبدالرحیم
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ضلع کورنگی کے صدر تنویر چوہدری کے ہمراہ سابق ڈی ایس پی کورنگی اسلم جویا، بزنس مین پاکستان توقیر عباس اور رسول خان کی پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری و سیکرٹری اطلاعات جی ڈی اے سردار عبدالرحیم سے فنکشنل ہاؤس کراچی میں ملاقات۔ ملاقات کے دوران مجموعی سیاسی صورتحال، کراچی کے مسائل اور سندھ کے عوام کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سردار عبدالرحیم نے کہا کہ اسلم جویا نے سندھ پولیس میں اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، جرات اور عوام دوستی کے ساتھ انجام دیں، اور ہمیں یقین ہے کہ وہ مسلم لیگ فنکشنل کے پلیٹ فارم سے بھی عوام کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پر اسلم جویا نے کہا کہ وہ پیر صاحب پگارا کی ملک و قوم کے لیے خدمات اور یونس سائیں کی سندھ کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد سے متاثر ہو کر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل میں شامل ہوئے ہیں۔
سردار عبدالرحیم نے کہا کہ تنویر چوہدری کی متحرک قیادت اور اسلم جویا کی شمولیت سے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ضلع کورنگی میں مزید مستحکم ہوگی، اور آنے والے دنوں میں ضلع کورنگی سمیت کراچی میں پارٹی کی سیاسی سرگرمیاں ایک نئی قوت کے ساتھ ابھر کر سامنے آئیں گی۔
ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ضلع کورنگی کے سیکرٹری اطلاعات انجنیئر ملک شاہ زین، ضلعی ممبران محمد علی خان، رانا اسلم، محمد فیض، گل حسن دشتی، کریم بخش، نوازش شیخ اور احمد ترین بھی موجود تھے۔
10/01/2026
ضلع کورنگی میں سیوریج نظام مکمل ناکام، گٹروں پر ڈھکن نہیں، مرکزی شاہراہیں دو فٹ پانی میں ڈوبی ہوئی ہے واٹر بورڈ کا عملہ بےحس، بے یارو مددگار۔ تنویر چوہدری
واٹر بورڈ اور سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ عوامی خدمت کے بجائے سیاسی سرپرستی اور ذاتی مفادات میں مصروف، کھلے گٹر، کچرے کے ڈھیر اور وبائی امراض، کورنگی کے شہریوں کی زندگی اور صحت شدید خطرے میں۔ انجنیئر ملک شاہ زین
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ضلع کورنگی کے صدر تنویر چوہدری اور سیکرٹری اطلاعات انجنیئر ملک شاہ زین نے ضلع کورنگی کی بدترین بلدیاتی تباہ حالی پر شدید ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورنگی کو جان بوجھ کر کھلا گٹر، کچرا کنڈی اور بیماریوں کا مرکز بنایا گیا ہے، جہاں عوام کی جان و مال کی کوئی قدر نہیں رہی۔
ضلع کورنگی کا سیوریج نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، گٹروں پر ڈھکن غائب ہیں، اور مرکزی شاہراہیں دو دو فٹ گندے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ یہ کوئی قدرتی آفت نہیں، بلکہ واٹر بورڈ، بلدیاتی اداروں اور سیاسی سرپرستی میں کرپشن کا واضح نتیجہ ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کی زندگیاں نگل رہا ہے۔
تنویر چوہدری نے کہا کہ واٹر بورڈ کا عملہ سیاسی دباؤ میں کام کر رہا ہے، شکایات فائلوں میں دفن ہیں، فنڈز لوٹ مار اور بدعنوانی کی نذر ہو رہے ہیں، اور عوام کو کھلے گٹروں، تعفن اور گندگی کے درمیان جینے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ یہ محض نااہلی نہیں بلکہ عوام کے خلاف سنگین جرم ہے۔
سندھ سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ کی کارکردگی بھی ایک شرمناک مذاق بن چکی ہے۔ گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے دعوے جھوٹ ثابت ہو چکے ہیں، سرکاری گاڑیاں اور عملہ عوامی خدمت کے بجائے ذاتی اور پرائیویٹ کاموں میں مصروف ہیں، جبکہ پورا ضلع کچرے کے ڈھیروں اور وبائی امراض کی لپیٹ میں ہے۔
تنویر چوہدری اور انجنیئر ملک شاہ زین نے اپنے بیان میں واضح کہا کہ اگر میئر کراچی، وزیر بلدیات سندھ، واٹر بورڈ اور سالڈ ویسٹ مینیجمنٹ نے فوری اقدامات نہ کیے، کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی نہ کی اور عوام کو ریلیف نہ دیا تو پاکستان مسلم لیگ فنکشنل پیر صاحب پگارا کی قیادت میں عوام کے ساتھ سڑکوں پر احتجاج اور عوامی تحریک شروع کرے گی، جس کی مکمل ذمہ داری نااہل حکمرانوں اور انتظامیہ پر ہوگی۔
کورنگی کے عوام کے بنیادی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ظالم نظام کے خلاف جدوجہد آخری حد تک جاری رہے گی۔