14/07/2026
پریس ریلیز
تاریخ: 14.07.2026
لاڑکانہ پریس کلب کے سامنے عوامی ورکرز پارٹی سٹی لاڑکانہ کی جانب سے سندھ میں مبینہ مصنوعی پانی کی قلت، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، پٹرول کی قیمتوں میں اضافے، سندھ میں کم سن بچیوں کے اغوا، خواتین کے قتل کے بڑھتے ہوئے واقعات اور ملک میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے اور اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔ مقررین نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور روزمرہ استعمال کی اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں پٹرول کی قیمتیں کم ہیں، حتیٰ کہ جنگ زدہ ممالک میں بھی پٹرول نسبتاً سستا ہے، مگر پاکستان میں حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں اور آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے تحت مصنوعی طور پر پٹرول مہنگا کر دیا ہے۔
مظاہرے سے عوامی ورکرز پارٹی سندھ کے سیکریٹری برائے تعلیم و تربیت ساحل گدا حسین بروہی، انجمن ترقی پسند مصنفین کے پروفیسر منظور کلہوڑو، پروفیسر علی رضا گاد، پروفیسر عبدالحق کھوسو، سپلا رہنما پروفیسر لیاقت میمن، پروفیسر لیاقت کنبھر، عوامی ورکرز پارٹی سٹی لاڑکانہ کے رہنما کامریڈ احمد علی جتک، عادل بروہی، ظفر بلوچ اور دیگر نے خطاب کیا۔
مقررین نے پریا کماری سمیت اغوا ہونے والی تمام بچیوں کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سندھ میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد اور قتل کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں اور مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
انہوں نے ملک میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کمزوری پر بھی احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت امن و امان کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
۔
جاری کنندہ:
علی مغیری
سیکریٹری، عوامی ورکرز پارٹی سٹی لاڑکانہ