06/10/2026
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا کہ حکمرانوں نے ٹیکس پر ٹیکس عائد کرکے عوام اور تاجر برادری پر بوجھ بڑھا دیا ہے ، چھوٹے تاجروں کو سہولت دینے کے بجائے مختلف ٹیکسوں اور نوٹسز کے ذریعے مشکلات میں اضافہ کیا جا رہا ہے ، جبکہ بڑے ٹیکس چوروں کے خلاف مؤثر کارروائی کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل بزنس فورم کراچی کے کنوینر عبد القادر ہاشمانی کی جانب سے فنکشنل لیگ ہائوس کلفٹن میں تاجروں کے اعزاز میں تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کیا سردار عبدالرحیم نے کہا کہ کراچی کے تاجر پہلے ہی مہنگائی اور کاروباری اخراجات میں اضافے سے پریشان ہیں ، مزید ٹیکسوں سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوں گی ، حکومت ٹیکس نظام کو آسان اور شفاف بنائے ، تاجروں کے جائز مسائل حل کرے اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرے ۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال بھی باعث تشویش ہے اور اسٹریٹ کرائم میں اضافے کے باعث تاجر خود کو غیرمحفوظ سمجھتے ہیں ، تاجروں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ، تاجروں کو سہولت دینا ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے مترادف ہے، موجودہ حالات میں تاجر برادری کا اتحاد اور مثبت کردار وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس موقع پر فنکشنل لیگ کراچی ڈویژن کے ذمہ داران انور عظیم ایڈووکیٹ ، جمشید خان ، نعیم سجاد کے علاوہ بڑی تعداد میں تاجر بھی موجود تھے۔