05/06/2026
پریس ریلیزمورخہ: 4 جون 2026
ضلع گنگچھے میں انتخابات کے انعقاد کے لیے بیلٹ پیپرز اور انتخابی سامان ریٹرننگ افسران کے حوالے
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر و ڈپٹی کمشنر ضلع گنگچھے، جناب اقبال جان نے آج گلگت بلتستان صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں ضلع گنگچھے کے تینوں انتخابی حلقوں کے ریٹرننگ افسران کو بیلٹ پیپرز، انتخابی دستاویزات اور دیگر ضروری انتخابی سامان باقاعدہ طور پر حوالے کر دیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے ریٹرننگ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل کے دوران کسی قسم کی کوتاہی، غفلت یا جانبداری کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ انتخابات کا انعقاد مکمل شفافیت، غیر جانبداری، دیانتداری اور انتخابی قوانین کے مطابق ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کے اعتماد کو برقرار رکھا جا سکے اور جمہوری عمل کی ساکھ مزید مضبوط ہو۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ انتخابی مواد کی حفاظت، بروقت ترسیل اور پولنگ کے تمام انتظامات کو احسن طریقے سے مکمل کیا جائے۔ مزید برآں، انتخابی عمل میں شامل تمام عملہ اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے اور الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ کار پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے۔
ڈپٹی کمشنر نے اس امید کا اظہار کیا کہ ضلع گنگچھے میں انتخابات پرامن، شفاف اور منصفانہ انداز میں منعقد ہوں گے اور تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔
عبد الرحیم
پبلک ریلیشنز آفیسر
ڈی سی آفس گنگچھے
02/06/2026
پریس ریلیز
مورخہ: 1 جون 2026
7 جون 2026 کے صوبائی اسمبلی گلگت بلتستان انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر/ڈپٹی کمشنر ضلع گنگچھے جناب اقبال جان کی زیرِ صدارت آج ضلع گنگچھے میں صوبائی اسمبلی گلگت بلتستان کے انتخابات 2026 کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) گنگچھے، ضلع کے چاروں سب ڈویژنوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ضلع گنگچھے کے تینوں انتخابی حلقوں کے ریٹرننگ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں 7 جون 2026 کو ہونے والے صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے پولنگ کے پرامن، شفاف اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ خصوصاً سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی، انتخابی عملے اور انتخابی مواد کی بحفاظت ترسیل، پولنگ اسٹیشنز تک انتخابی کاغذات اور حساس سامان کی محفوظ رسائی، امن و امان کی صورتحال اور دیگر سیکیورٹی انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اقبال جان نے تمام متعلقہ اداروں اور افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے انعقاد میں شفافیت، غیر جانبداری اور قانون کی مکمل پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ آزاد، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام انتخابی عملہ اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے اور ووٹرز کو ایک محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنا جمہوری حق استعمال کر سکیں۔
ضلعی انتظامیہ گنگچھے نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لیے تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور مکمل تعاون برقرار رکھا جائے گا۔
عبد الرحیم
پبلک ریلیشنز آفیسر (پی آر او)
ضلع گنگچھے
21/05/2026
پریس ریلیز
مورخہ 21 مئی 2026
ڈپٹی کمشنر ضلع گنگچھے اقبال جاں نے آج خپلو پبلک سکول میں زیر تعمیر باؤنڈری وال کے منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تعمیراتی کام کی رفتار، معیار اور حفاظتی تقاضوں کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت کے اندر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ کے محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، لہٰذا تعمیراتی کام میں کسی قسم کی غفلت یا ناقص میٹریل ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ کام کی نگرانی مؤثر انداز میں جاری رکھی جائے تاکہ منصوبہ بروقت اور معیاری انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔
عبدالرحیم
پی آر او دفتر ڈپٹی کمشنر گنگچھے
19/05/2026
پریس ریلیز
19 مئی 2026
ڈپٹی کمشنر ضلع گنگچھے اقبال جاں اور سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع گنگچھے تاج الدین نے موضع سرمو کے قریب دریائے شیوک میں گر کر لاپتہ ہونے والے بچے کی تلاش کے لیے جاری ریسکیو آپریشن کا جائزہ لینے کے لیے موقع کا دورہ کیا۔
اس موقع پر متعلقہ ریسکیو حکام اور انتظامی افسران نے ڈپٹی کمشنر کو جاری سرچ آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو اداروں کو ہدایت کی کہ لاپتہ بچے کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے سرچ آپریشن مزید مؤثر اور تیز کیا جائے تاکہ بچے کا جلد سراغ لگایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر اقبال جاں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہارِ افسوس کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ گمشدہ بچے کی تلاش میں انتظامیہ اور متاثرہ خاندان کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مفید اطلاع کی فوری فراہمی یقینی بنائیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ سرچ آپریشن مسلسل جاری رہے گا اور تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔
عبدالرحیم
پی آر او، ڈی سی آفس گنگچھے
19/05/2026
پریس ریلیز
19 مئی 2026
ڈپٹی کمشنر ضلع گنگچھے اقبال جاں کی صدارت میں آج دو اہم اجلاس منعقد ہوئے۔
پہلا اجلاس ضلع گنگچھے کے تینوں صوبائی اسمبلی حلقوں جی بی ایل اے 22، 23 اور 24 کے ریٹرننگ افسران کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں 7 جون 2026 کو ہونے والے انتخابات کے صاف، شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو تمام انتخابی امور قانون اور ضابطہ اخلاق کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو پرامن اور شفاف انتخابی ماحول کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
دوسرا اجلاس عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی، عید گاہوں، مساجد اور خانقاہوں کی صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے سربراہان کے ساتھ منعقد ہوا۔ اجلاس میں صفائی، ٹریفک مینجمنٹ، پانی و بجلی کی فراہمی اور امن و امان کے قیام سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اقبال جاں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کے دوران عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے باہمی رابطہ اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
عبدالرحیم
پی آر او، ڈی سی آفس گنگچھے
18/05/2026
پریس ریلیز
18 مئی 2026
ڈپٹی کمشنر ضلع گنگچھے اقبال جاں نے آج وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے گلگت بلتستان میں توانائی کے شعبے کو مستحکم بنانے اور عوام کو بجلی جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے شروع کی گئی فری سولر پینل اسکیم کے تحت قرعہ اندازی شدہ مستحقین میں سولر پینلز کی تقسیم کا باقاعدہ آغاز کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستان عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور دور دراز علاقوں میں توانائی کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ طے شدہ شیڈول کے مطابق مقررہ مقامات پر شفاف انداز میں سولر پینلز کی تقسیم یقینی بنائی جائے تاکہ حقیقی مستحقین اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع گنگچھے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
دریں اثناء ڈپٹی کمشنر گنگچھے اقبال جاں سے عوامی ایکشن کمیٹی مشہ بروم کے صدر آخوند شجاعت حسین سمیت مختلف وفود نے ملاقات کی اور علاقے کو درپیش مسائل و عوامی امور سے متعلق اپنے مطالبات اور تجاویز پیش کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے وفود کے مسائل غور سے سنے اور یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور عوامی مسائل کے بروقت حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عبدالرحیم
پبلک ریلیشنز آفیسر
دفتر ڈپٹی کمشنر گنگچھے
16/05/2026
ضلع گنگچھے، 16 مئی 2026: ریئل ایجوکیٹر سکول میں سالانہ تقسیمِ انعامات کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی کمانڈر 323 برگیڈ بریگیڈیئر عمران جعفر جبکہ اعزازی مہمان ڈپٹی کمشنر ضلع گنگچھے اقبال جاں تھے۔ تقریب میں طلبہ کی تعلیمی و ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی پر انہیں انعامات، اسناد اور ٹرافیاں دی گئیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈیئر عمران جعفر اور ڈپٹی کمشنر اقبال جاں نے طلبہ کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے معیاری تعلیم، نظم و ضبط اور نوجوان نسل کی مثبت تربیت کی اہمیت پر زور دیا۔ مقررین نے اساتذہ اور والدین کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن کے ساتھ اپنی تعلیم جاری رکھیں تاکہ ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ضلع گنگچھے اقبال جاں نے سب ڈویژن چھوربٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا معائنہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر رستم علی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے سکسہ میں زیرِ تعمیر 30 بیڈ ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کام کے معیار اور بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
جاری کردہ:
عبدالرحیم
پبلک ریلیشنز آفیسر
دفتر ڈپٹی کمشنر گنگچھے
15/05/2026
پریس ریلیز
از دفتر ڈپٹی کمشنر گھنگچھے
ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ضلع گانچھے اقبال جان صاحب سے آج ایس ایس پی گانچھے اور ایکسین شاہد صاحب نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں ضلع گانچھے میں منعقد ہونے والے جنرل الیکشن 2026 کے پرامن، شفاف اور منظم انعقاد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیکیورٹی انتظامات، حساس پولنگ اسٹیشنز، عملے کی تعیناتی، مواصلاتی نظام، بجلی و دیگر انتظامی امور سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر/ڈی آر او نے متعلقہ اداروں کے مابین مؤثر رابطہ اور مکمل ہم آہنگی کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات قومی ذمہ داری ہیں اور تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں تاکہ عوام کو پرامن اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ایس ایس پی گانچھے اور ایکسین شاہد صاحب نے ضلعی انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
منجانب
عبدر رحیم پی ار او
14/05/2026
پریس ریلیز
از دفتر ڈپٹی کمشنر گنگچھے ۔
14 مئی 2026
آج ضلع گنگچھے میں عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں ضابطۂ اخلاق (Code of Conduct) سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر/ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ضلع گھانچے، اقبال جان صاحب نے کی۔ اجلاس میں ضلع بھر کے تمام صوبائی اسمبلی کے امیدواروں سینئر سپرنٹینڈنٹ اف پولیس ضلع گنگچھے تاج الدین چاروں سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنرز تمام ریٹرننگ آفیسرز چیرمین مانیٹرنگ ٹیم اور مانیٹرنگ ٹیم کے ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران انتخابی ضابطۂ اخلاق، انتخابی قوانین اور انتخابی مہم کے دوران اختیار کیے جانے والے اصول و ضوابط پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر/ڈی آر او صاحب نے تمام امیدواران پر زور دیا کہ شفاف منصفانہ اور غیر جانبدار انہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطۂ اخلاق کی مکمل پاسداری یقینی بنائیں اور انتخابی عمل کو شفاف، پرامن اور منصفانہ بنانے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ انتخابی قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس کے اختتام پر تمام امیدواران نے ضابطۂ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے اور پرامن انتخابی ماحول برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
عبدالرحیم
پی آر او ٹو ڈی سی گنگچھے
13/05/2026
پریس ریلیز
13 مئی 2026
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی ٹیکنیکل ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر این ڈی ایم اے کرنل واصف کی قیادت میں ضلع گنگچھے کے مختلف فلڈ زون علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد ممکنہ قدرتی آفات خصوصاً سیلابی خطرات کے پیش نظر زمینی صورتحال کا جائزہ لینا اور حفاظتی اقدامات کا معائنہ کرنا تھا۔
بعد ازاں این ڈی ایم اے کی ٹیم نے ڈپٹی کمشنر ضلع گنگچھے اقبال جاں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ٹیم نے ضلع میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ، سیلابی خطرات سے نمٹنے اور عوام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر اقبال جاں نے این ڈی ایم اے کی کارکردگی اور پیشہ ورانہ خدمات پر اطمینان و اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو مزید بہتری، بروقت تیاری اور بین الادارہ تعاون کو مؤثر بنانے کی تلقین کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔
عبدالرحیم
پبلک ریلیشنز آفیسر