09/04/2026
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوہاٹ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر کوہاٹ، ڈاکٹر ظاہر الرحمان نے کوہاٹ کے مختلف سرکاری سکولوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کے دوران تعلیمی معیار، اساتذہ کی حاضری، طلبہ کی کارکردگی، اور سکولوں میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا
مختلف سکولوں میں تدریسی عمل کا بغور مشاہدہ کیا گیا۔ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے کلاسز کا معائنہ کیا گیا
ڈاکٹر ظاہر الرحمان نے سکولوں میں صفائی ستھرائی، بنیادی سہولیات، اور تعلیمی ماحول کا بھی جائزہ لیا۔ بعض سکولوں میں صفائی کی صورتحال بہتر تھی جبکہ چند مقامات پر مزید توجہ کی ضرورت محسوس کی گئی۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ صفائی اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے۔
09/04/2026
📢 اہم اطلاع برائے PST امیدواران
تمام PST امیدواروں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ PST کی فائنل میرٹ لسٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افس میں آویزاں کر دی گئی ہے۔ تمام امیدواران سے گزارش ہے کہ وہ اپنے متعلقہ آفس جا کر اپنی پوزیشن ضرور چیک کریں۔
میرٹ لسٹ کے مطابق جلد ہی کامیاب امیدواران کے تقرری کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔
تمام امیدواران کے لیے نیک خواہشات 💐
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (مردانہ) کوہاٹ
08/04/2026
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ظہور خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں آج صبح سویرے اسسٹنٹ سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر کوہاٹ فیض اللہ خان (اورکزئی) نے مختلف سرکاری سکولوں کا اچانک (سرپرائز) دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے کلاس رومز کا تفصیلی معائنہ کیا اور اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں اور طریقۂ تدریس کا بغور جائزہ لیا۔ اس موقع پر اساتذہ کو تدریسی معیار مزید بہتر بنانے کے لیے مفید اور عملی تجاویز بھی فراہم کی گئیں۔
انہوں نے پیرنٹ ٹیچر کونسل (PTC) کو فراہم کردہ فنڈز کے شفاف اور مؤثر استعمال پر زور دیا۔ پی ٹی سی اور پی ٹی ایم (PTM) اجلاسوں کے بروقت انعقاد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے جاری داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ طلبہ کو اسٹوڈنٹ لرننگ آؤٹ کمز (SLOs) اور سمسٹر سسٹم کے مطابق، حکومتی پالیسی کے تحت معیاری تعلیم فراہم کی جائے۔
حالیہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے پیش نظر ہفتہ وار دو تعطیلات کے دوران طلبہ کو بامقصد ہوم اسائنمنٹس دینے کی ہدایت جاری کی گئی، تاکہ طلبہ کا قیمتی وقت مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں صرف ہو سکے۔
دورہ تعلیمی معیار کی بہتری، نظم و ضبط کے فروغ، اور حکومتی تعلیمی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
08/04/2026
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر کوہاٹ ظہور خان صاحب نے گورنمنٹ پرائمری سکول کائی بازید خیل اور گورنمنٹ ہائی سکول بازید خیل کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد سکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں، تدریسی معیار اور امتحانی نظام کا جائزہ لینا تھا۔
دورے کے دوران ظہور خان صاحب نے مختلف کلاسز کا معائنہ کیا اور طلباء کے درس و تدریس کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اساتذہ کی تدریسی کارکردگی کو سراہا اور طلباء کی تعلیمی دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر نے سکول میں جاری امتحانات کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے امتحانی ہالز کا دورہ کیا اور امتحانات کے شفاف اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے عملے کو تاکید کی کہ امتحانی نظم و ضبط کو برقرار رکھا جائے اور طلباء کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔
ظہور خان صاحب نے سکول انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ادارے مستقبل میں بھی اسی طرح تعلیمی میدان میں بہترین خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔
08/04/2026
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر جناب عبدالحمید آفریدی صاحب نے گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 1 کے ڈی اے، گورنمنٹ پرائمری سکول کے ڈی اے اور گورنمنٹ مڈل سکول کے ڈی اے کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے سکولوں میں تعلیمی و انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اساتذہ کی حاضری، طلبہ کی تعداد، کلاس رومز کی حالت، صفائی ستھرائی اور تدریسی عمل کا بغور معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے اساتذہ سے تدریسی طریقہ کار کے بارے میں گفتگو کی اور طلبہ سے سوالات پوچھ کر ان کی تعلیمی استعداد کا بھی جائزہ لیا۔
ڈپٹی ڈی ای او صاحب نے سکولوں میں نظم و ضبط اور صفائی کی مجموعی صورتحال کو تسلی بخش قرار دیا، تاہم بعض امور میں بہتری کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مزید احسن طریقے سے انجام دیں اور طلبہ کی تعلیمی بہتری پر خصوصی توجہ دیں۔
انہوں نے سکول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ حاضری کو یقینی بنایا جائے، تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لیے جدید تدریسی طریقے اپنائے جائیں اور سکول کے ماحول کو مزید بہتر بنایا جائے۔
07/04/2026
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوہاٹ، ظہور خان صاحب نے اے ڈی او اسٹیبلشمنٹ سید جہانگیر صاحب کے ہمراہ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول مسلم آباد کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران سکول کے پرنسپل موقع پر غیر حاضر پائے گئے، جس پر ان کے خلاف کارروائی کے لیے سفارشات ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن پشاور کو ارسال کر دی گئ
سکول میں اساتذہ کی حاضری انتہائی غیر تسلی بخش پائی گئی، جس پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہفتے میں تین چھٹیوں کے باوجود اساتذہ کی غیر حاضری انتہائی افسوسناک ہے۔
سکول میں صفائی کی صورتحال بھی نہایت ناقص پائی گئی، جس پر کلاس فور ملازمین کو آخری وارننگ جاری کی گئی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے مختلف کلاس رومز کا دورہ کر کے تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا، جو کہ غیر تسلی بخش قرار دیا گیا۔ طلبہ کی کاپیوں کی جانچ بھی مناسب طریقے سے نہیں کی گئی تھی، جس پر متعلقہ اساتذہ کو ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ اپنی کارکردگی میں فوری بہتری لائیں۔
دورے کے دوران سکول کی مجموعی کارکردگی غیر تسلی بخش پائی گئی۔ متعلقہ عملے کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی
06/04/2026
سب ڈویژنل ایجوکیشن افیسر ڈاکٹر ظاہرالرحمن نے آج صبح سویرے گورنمنٹ پرائمری سکول ایم سی ایریا نمبر 1 کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سکول اسمبلی میں شرکت کی اور طلبہ و اساتذہ کی حاضری کا جائزہ لیا۔
ڈاکٹر ظاہرالرحمن نے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور بغیر کسی عذر کے چھٹیوں سے گریز کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چونکہ اکیڈمک سیشن اپنے اختتام کے قریب ہے، اس لیے تمام اساتذہ کو چاہیے کہ وہ مزید محنت اور جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔
انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ وہ بچوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور ان کی تعلیمی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوشش کریں۔ آخر میں انہوں نے سکول انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید بہتری کی توقع ظاہر کی۔
06/04/2026
اج سب ڈویژنل ایجوکیشن آفس کوہاٹ میں ایک پروقار الوداعی تقریب اور ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، جو کہ سپرنٹینڈنٹ جناب محمد اعجاز صاحب (BPS-17) کی ریٹائرمنٹ کے اعزاز میں منعقد ہوئی۔
سروس کا سفر: جونیئر کلرک سے سپرنٹینڈنٹ تک
جناب محمد اعجاز صاحب کا تعلق ضلع کوہاٹ کی تحصیل لاچی سے ہے۔ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز بطور جونیئر کلرک کیا اور اپنی محنت، دیانت داری اور قابلیت کی بنیاد پر سینئر کلرک، اسسٹنٹ اور بالآخر سپرنٹینڈنٹ کے عہدے تک پہنچے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم میں 39 سال اور 3 ماہ تک مثالی خدمات سر انجام دیں، جس دوران وہ مختلف اسکولوں، سب ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن دفاتر میں تعینات رہے۔
شرکاء تقریب
اس پروقار محفل میں محکمہ تعلیم کی اعلیٰ قیادت اور معزز افسران نے شرکت کر کے تقریب کو رونق بخشی، جن میں شامل تھے:
* جناب ظہور خان صاحب (ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، کوہاٹ)
* جناب عبدالحمید آفریدی صاحب (ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر)
* جناب ڈاکٹر ظاہر الرحمن صاحب (سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر)
اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ/سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسرز جناب فیض اللہ خان اورکزئی، جناب سید محمد جہانگیر اورکزئی، جناب سید عابد شاہ، اور جناب ظفر حیات صاحب۔
* دفتر کے جملہ کلرک صاحبان اور دیگر عملہ۔
اعزازات اور خراجِ تحسین
تقریب کے دوران معزز مہمانِ خصوصی جناب محمد اعجاز صاحب کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور انہیں خوبصورت تحائف پیش کیے گئے۔ مقررین نے ان کی محکمانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ محمد اعجاز صاحب جیسے افسران محکمے کا سرمایہ ہوتے ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی تعلیم اور انتظامی امور کی بہتری کے لیے وقف کر دی۔
اختتامی کلمات
تقریب کے اختتام پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور دعا کی گئی کہ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی صحت، تندرستی اور خوشیوں کے ساتھ گزرے۔ شرکاء نے انہیں پرجوش انداز میں الوداع کہا، جو ان کی ہر دلعزیزی کا منہ بولتا ثبوت تھا۔
06/04/2026
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر کوہاٹ، ظہور خان صاحب نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول گمبٹ کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے سکول میں جاری میٹرک کے سالانہ امتحانات کے حال کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے امتحانی حال اور اس کے اطراف کے ماحول کا جائزہ لیا جسے تسلی بخش قرار دیا۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر نے امتحانی عمل کی شفافیت اور نظم و ضبط پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے سکول میں تعینات عملے کے مسائل بھی غور سے سنے۔
انہوں نے موقع پر موجود پرنسپل کو ہدایت جاری کی کہ عملے کے جائز مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ تعلیمی ماحول مزید بہتر بنایا جا سکے۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے سکول انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں۔
02/04/2026
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوہاٹ، عبدالحمید آفریدی صاحب نے گورنمنٹ پرائمری سکول گڑھی رسلدار اور گورنمنٹ مڈل سکول گڑھی رسلدار کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد تعلیمی سرگرمیوں، تدریسی عمل، طلبہ کی حاضری اور اسکول کے مجموعی انتظامی امور کا جائزہ لینا تھا۔
دورے کے دوران، جناب آفریدی صاحب نے دونوں اسکولوں کے کلاس رومز کا معائنہ کیا اور اساتذہ کی تدریسی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے طلبہ سے مختلف سوالات بھی کیے تاکہ ان کی تعلیمی استعداد اور سیکھنے کے معیار کا اندازہ لگایا جا سکے۔ طلبہ کی کارکردگی مجموعی طور پر تسلی بخش پائی گئی۔
انہوں نے اسکول کے ریکارڈ، حاضری رجسٹر اور صفائی ستھرائی کے نظام کا بھی جائزہ لیا۔ اسکول کے ماحول کو بہتر قرار دیتے ہوئے مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ خاص طور پر اساتذہ کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی تدریسی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں اور طلبہ کی بنیادی مہارتوں پر خصوصی توجہ دیں۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے اسکول انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں ہدایت دی کہ وہ تعلیمی معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے مسلسل محنت جاری رکھیں۔ آخر میں، انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
02/04/2026
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر کوہاٹ ظہور خان صاحب کے احکامات کی روشنی میں گورنمنٹ مڈل سکول علی زائی میں سکول کی تزئین و آرائش اور شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف تعلیمی ماحول کو خوبصورت اور دلکش بنانا ہے بلکہ طلبہ میں صفائی، ماحول دوستی اور ذمہ داری کے احساس کو بھی فروغ دینا ہے۔
سکول انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ اس مہم میں حصہ لیا۔ سکول کی عمارت کی کلاس رومز کو صاف ستھرا اور منظم بنایا گیا اس کے ساتھ ساتھ سکول کے احاطے میں مختلف اقسام کے پودے لگا کر اسے سرسبز و شاداب بنانے کی کوشش کی گئی۔
شجرکاری مہم کے دوران طلبہ کو درختوں کی اہمیت، ماحولیاتی تحفظ اور صاف ستھرے ماحول کے فوائد کے بارے میں بھی آگاہی دی گئی۔ اساتذہ نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف ان پودوں کی دیکھ بھال کریں بلکہ اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو بھی صاف رکھنے میں کردار ادا کریں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے یہ سرگرمیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ تعلیمی اداروں میں نہ صرف نصابی سرگرمیوں پر توجہ دی جا رہی ہے بلکہ طلبہ کی ہمہ جہت تربیت کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔