22/05/2026
جامعہ کوہاٹ کے انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹنگ کے اسکالر ساجد اللہ کی پی ایچ ڈی مکمل
ساجد اللہ نے اپنی پی ایچ ڈی تحقیق انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹنگ کے اساتذہ ڈاکٹر محمد عرفان الدین اور ڈاکٹر محمد عدنان خان کی نگرانی میں مکمل کی۔
ساجد اللہ نے اپنے تحقیقی مقالے کا کامیاب دفاع ایک بورڈ کے سامنے کیا، جس میں فیکلٹی آف فزیکل اینڈ نیومریکل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ولی خان مشوانی، اسلامیہ کالج پشاور کے شعبۂ کمپیوٹر سائنس سے ڈاکٹر عاطف خان بطور ایکسٹرنل ایگزامینر، اسلامک یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر شاہ نظیر، جبکہ انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹنگ، جامعہ کوہاٹ کے ڈاکٹر محمد الطاف خان بطور انٹرنل ایگزامینر شامل تھے۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹنگ ڈاکٹر امجد محمود، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے ساجد اللہ کو اس کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
22/05/2026
جامعہ کوہاٹ کے اورک دفتر کو پہلی مرتبہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے “Y کیٹیگری” میں شامل کیے جانے کا اعزاز حاصل ہو گیا۔
جامعہ کوہاٹ کے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن نے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ریسرچ اینڈ انوویشن ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ “Assessment Scorecard Validation Report” میں “Y Category” حاصل کر لی ہے۔
یہ اہم کامیابی وائس چانسلر جامعہ کوہاٹ پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس کی متحرک قیادت، مؤثر رہنمائی اور مسلسل سرپرستی کا نتیجہ قرار دی جا رہی ہے۔ ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ذیشان بنگش کے مطابق یہ اعزاز جامعہ میں تحقیق، اختراع اور علمی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے، جو ادارے کی تحقیقی صلاحیتوں اور معیار کو مزید مستحکم کرے گی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے ڈینز، شعبوں کے سربراہان ، فیکلٹی ممبران اور تمام محقیقین کو مبارکباد پیش کی ۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ذیشان بنگش اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور اس امر کا اظہار کیا کہ جامعہ کوہاٹ میں ریسرچ کلچر کے فروغ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
22/05/2026
جامعہ کوہاٹ میں حیاتیاتی تنوع کے عالمی دن 2026 کی مناسبت سے شجرکاری و آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد
جامعہ کوہاٹ میں حیاتیاتی تنوع کے عالمی دن (International Day for Biological Diversity) کے موقع پر وزیراعظم گرین یوتھ موومنٹ (GYM) پروگرام کے تحت شعبۂ فارسٹری کے زیر اہتمام مختلف آگاہی اور شجرکاری سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا موضوع “Acting Locally for Global Impact” رکھا گیا، جس کا مقصد مقامی سطح پر اقدامات کے ذریعے عالمی ماحولیاتی تحفظ کے فروغ کو اجاگر کرنا تھا۔
اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ کوہاٹ پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس کی قیادت میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
بعد ازاں حیاتیاتی تنوع کے عالمی دن کی مناسبت سے شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس، ڈین فیکلٹی آف بائیولوجیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد جمیل، چیئرمین شعبۂ فارسٹری ڈاکٹر محمد عدنان اور چیف پروکٹر پروفیسر ڈاکٹر شوکت شجاع نے پودے لگا کر ماحول دوست اقدامات اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے کہا کہ حیاتیاتی تنوع ماحولیاتی پائیداری اور انسانی فلاح و بہبود کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے شعبۂ فارسٹری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں کو نوجوانوں میں ماحولیاتی شعور اور عملی تحفظی سرگرمیوں کے فروغ میں عملی کردار ادا کرنے کہ ضرورت ہے۔
چیئرمین شعبۂ فارسٹری ڈاکٹر محمد عدنان نے کہا کہ حیاتیاتی تنوع کے عالمی دن کا انعقاد شعبۂ فارسٹری کے ماحولیاتی تحفظ، آگاہی اور سماجی شمولیت کے عزم کا مظہر ہے۔
تقریب کے اختتام پر چیف پروکٹر پروفیسر ڈاکٹر شوکت شجاع نے ملک میں امن، خوشحالی، ماحولیاتی پائیداری اور جامعہ کوہاٹ کی مسلسل ترقی کے لیے دعا کی۔
21/05/2026
Alert for Students
Internship for 4th to 8th Semester and graduate Students.
Student Registration Dashboard
21/05/2026
جامعہ کوہاٹ میں ایچ ای سی مینٹورنگ پروگرام برائے جامعات (MPU) کے تحت اورینٹیشن و مینٹور ٹریننگ سیشن کا انعقاد
جامعہ کوہاٹ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے مینٹورنگ پروگرام برائے جامعات (MPU) کے تحت آن لائن اورینٹیشن اور مینٹور ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں وائس چانسلر جامعہ کوہاٹ پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے تعلیمی اور پیشہ ورانہ کامیابی میں پیشہ ورانہ مہارتوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مؤثر مینٹورشپ مستقبل کے رہنماؤں کی تربیت، ادارہ جاتی ترقی اور جامعات میں مثبت و معاون تعلیمی ماحول کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
پروگرام کا انعقاد ایچ ای سی ایم پی یو پروگرام کی فوکل پرسن ڈاکٹر حمیرا منظور کی نگرانی میں کیا گیا۔ سیشن میں مجموعی طور پر 36 شرکاء نے شرکت کی جن میں مینٹورز اور مینٹیز شامل تھے۔ مینٹیز میں ابتدائی کیریئر کے فیکلٹی ممبران، انتظامی عملہ اور طلبہ شامل تھے۔
پروگرام کے دوران ڈاکٹر حمیرا منظور نے ایچ ای سی ایم پی یو پروگرام کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے تعلیمی، پیشہ ورانہ اور ذاتی ترقی میں مینٹورشپ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
ٹریننگ سیشنز کے دوران جامعہ کے ممتاز اساتذہ اور ماہرین نے مختلف اہم موضوعات پر تربیتی لیکچرز دیے۔ انسٹیٹیوٹ آف بزنس اسٹڈیز کے لیکچرار وجاہت حسین نے کمیونیکیشن اسکلز، شعبہ سوشل ورک کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر فرحت اللہ نے تنازعات کے حل، جبکہ شعبہ فلسفہ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیق نے مسئلہ حل کرنے اور فیصلہ سازی پر سیشنز منعقد کیے۔
اسی طرح لیکچرار و کلینیکل سائیکالوجسٹ صدف اقبال نے نفسیاتی صحت و بہبود، جبکہ شعبہ میڈیا اسٹڈیز کے چیئرمین ڈاکٹر رحمان اللہ نے میڈیا اور ٹراما کے موضوع پر شرکاء کو آگاہی فراہم کی۔ قیادت سازی کے موضوع پر آخری سیشن شعبہ باٹنی کی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر آمنہ خاتون اور شعبہ اسلامیات کے سابق چیئرمین ڈاکٹر قیصر بلال خٹک نے مشترکہ طور پر منعقد کیا۔
پروگرام کے اختتام پر مینٹورز اور مینٹیز کے درمیان روابط کو مستحکم بنانے کے لیے خصوصی ملاقات اور تعارفی نشست کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں شرکاء کو مینٹورنگ معاہدوں پر دستخط، تصاویر اور تاثرات کے ذریعے یادگار لمحات محفوظ کرنے اور مینٹورنگ عمل سے متعلق اپنے تجربات و توقعات کو دستاویزی شکل دینے کی ترغیب دی گئی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے پروگرام کے کامیاب انعقاد پر منتظمین اور ریسورس پرسنز کی کاوشوں کو سراہا۔
20/05/2026
جامعہ کوہاٹ میں اورک فنڈڈ ریسرچ گرانٹ پروگرام 2025-26 کے لیے تحقیقی تجاویز طلب
وائس چانسلر جامعہ کوہاٹ پروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس کی ہدایت پر جامعہ کوہاٹ کے آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) نے تعلیمی سال 2025-26 کے لیے اورک فنڈڈ ریسرچ گرانٹ پروگرام کے تحت تحقیقی تجاویز (Research Proposals) طلب کر لی ہیں۔ اس حوالے سے جامعہ کے تمام فیکلٹی ممبران کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔
جامعہ کوہاٹ کی جانب سے ریسرچ اور اکیڈمک ڈویلپمنٹ کے فروغ کے لیے خصوصی طور پر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے، جس کے تحت مختلف شعبہ جات سے موصول ہونے والی تحقیقی تجاویز میں سے 15 بہترین ریسرچ پروپوزلز کو شارٹ لسٹ کر کے گرانٹس فراہم کی جائیں گی۔
دلچسپی رکھنے والے اساتذہ کرام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی تحقیقی تجاویز مقررہ اورک گائیڈ لائنز اور سبمیشن فارمیٹ کے مطابق تیار کر کے یکم جون 2026 تک اورک دفتر میں جمع کروائیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحقیقاتی منصوبوں کی جانچ متعلقہ ماہرین اور ایکسپرٹ ریویورز کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ نامکمل یا تاخیر سے موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر محمد ذیشان بنگش نے فیکلٹی ممبران سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تحقیق اور جدت کے فروغ میں اساتذہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے اور یہ پروگرام جامعہ میں معیاری تحقیق کے فروغ میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔