Mohaddis Library - محدث لائبریری

Mohaddis Library - محدث لائبریری

Share

www.kitabosunnat.com محکم دلائل وبراہین سے مزین، متنوع ومنفرد موضوعات پر مشتمل مفت آن لائن مکتبہ

22/05/2026

اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا ہے ۔ اس کے لیے کچھ ایسے مواسم کا انتخاب فرمایا ہے جن میں عبادت باقی ایام کی بہ نسبت زیادہ افضل ہوتی ہے‘انہی مواسم میں سے ذوالحجہ کے پہلے عشرہ میں عبادت کو خاص اہمیت حاصل ہے۔قرآن و سنت میں اس کی بڑی فضیلت و عظمت بیان کی گئی ہے مسلمان ہمیشہ سے اس کی قدر و منزلت کا اہتمام کرتے آئے ہیں بعض اہل علم کے نزدیک ذوالحجہ کے پہلے دس دن رمضان کے آخری دس دنوں سے بھی افضل ہیں۔ زیر نظر کتابچہ ’’ عشرۂ ذوالحجہ و قربانی کے احکام و مسائل ‘‘ محترم حافظ عبد الحکیم فیصل آبادی(مدیر مرکز الہدیٰ کامونکی ) کی کاوش ہے۔ فاضل مرتب نے اس کتابچہ میں عشرۂ ذی الحجہ کا معنیٰ و مفہوم اس کی اہمیت و فضیلت ،عشرۂ ذوالحجہ میں کیے جانے والے اعمال کے علاوہ قربانی کے احکام و مسائل اور قربانی کے متعلقہ بدعات و رسومات کو کتاب و سنت کی روشنی میں آسان فہم انداز میں بیان کیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ فاضل مرتب کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے قارئین کے لیے نفع بخش بنائے ۔آمین(م۔ا)

20/05/2026

نام کتاب
شرح حدیث عباس رضی اللہ عنہ (جدید ایڈیشن)
نام مصنف
ارشاد الحق اثری
نام ناشر
ادارہ علوم اثریہ، فیصل آباد
تبصرہ
حضرت عباس بن عبد المطلب رضی اللہ عنہ نبی کریمﷺ کے سگے چچا، صحابی رسول اور بنو ہاشم کے معزز سردار تھے۔ 568ء (عام الفیل سے قبل) میں پیدا ہوئے۔ آپ غزوہ بدر سے قبل ایمان لائے، شروع میں مکہ میں رہ کر مسلمانوں کی مدد کی اور بعد میں ہجرت فرما کر مدینہ تشریف لائے۔حضرت عباس رضی اللہ تقریبا 35؍احادیث مروی ہیں ۔ آپ کی وفات 88 سال کی عمر میں ہوئی، نمازِ جنازہ امیرُ المؤمنین حضرت سیّدنا عثمانِ غنی رضی اللہُ عنہ نے پڑھائی اور تدفین جنّتُ البقیع میں ہوئی۔ زیرنظر کتاب ’’ شرح حدیث عباس رضی اللہ ‘‘ محقق دوراں مولانا ارشاد الحق اثری حفظہ اللہ کی کاوش ہے۔اس میں انہوں نے سیدنا عباس رضی اللہ مروی اس حدیث کی بہترین توضیح و تشریح کرنے کی کوشش کی ہے کہ جس حدیث میں ان تین سوالات کا جواب ہے کہ جنکے بارے میں قبر میں سوال ہو گا کہ تمہارا رب کون ہے؟ تمہارا دین کیا ہے؟اور تمہارا نبی کون ہے۔ اللہ تعالیٰ مولانا ارشاد الحق اثری رحمہ اللہ کو صحت و عافیت ، ایمان و سلامتی والی طویل زندگی دے اور ان کی تحقیقی و تصنیفی اور تدریسی و دعوتی جہود کو قبول فرمائے۔آمین(م۔)

08/05/2026

نام کتاب
اللہ پر ایمان
نام مصنف
عامر انصاری ممبرا
نام ناشر
سلف اکیڈمی پبلیکیشنز
تبصرہ
عقیدے کی بنیاد توحید باری تعالیٰ ہے اور اسی دعوت توحید کے لیے اللہ تعالیٰ نے ہر دور میں انبیاء کو مبعوث کیا حتیٰ کہ ختم المرسلین محمدﷺ کی بعثت ہوئی ۔عقیدہ توحید کی تعلیم و تفہیم کے لیے جہاں نبی کریم ﷺ او رآپ کے صحابہ کرام نے بے شمار قربانیاں دیں اور تکالیف کو برداشت کیا وہاں علماء اسلام نے بھی دن رات اپنی تحریروں اور تقریروں میں اس کی اہمیت کو خوب واضح کیا ۔ زیر نظر رسالہ ’’ اللہ پر ایمان ‘‘ عامر انصاری (ممبرا) کی کاوش ہے انہوں نے اس مختصر رسالہ میں عقیدہ سے متعلق چھوٹے بچوں کے لیے59؍ آسان سوال و جواب مع دلیل و ترجمہ مرتب کیے ہیں ۔ (م۔ا)

08/05/2026

نام کتاب
نجم السالکین شرح ریاض الصالحین
نام مصنف
یحییٰ بن شرف النووی
نام ناشر
دار القدس پبلشرز لاہور
تبصرہ
’’ریاض الصالحین‘‘ ساتویں صدی ہجری کے امام ابو زکریا یحییٰ بن شرف النووی رحمہ اللہ کی ایسی عظیم الشان تالیف ہے کئی صدیوں سے یہ مجموعہ حدیث امت مسلمہ میں مقبول ہے ۔اس میں عام آدمی کو درپیش تمام مسائل کا حل قرآن کریم کی آیات اور منتخب صحیح احادیث کی روشنی میں پیش کیا گیا ہے عبادات سے لے کر معاملات تک اور معاشرت سے لے کر سیاسیات تک، زندگی کے تمام اہم شعبوں کے لیے اس میں رہنمائی موجود ہے۔اسی وجہ سے اسے ہر طبقے میں یکساں مقبولیت حاصل ہے۔ یہ ایک بہترین تبلیغی نصاب ہے جو قرآنی آیات اور صحیح احادیث سے مزین ہے۔ ضعیف و موضوع روایات اور من گھڑت قصے کہانیوں سے پاک جو اس لائق ہے کہ عوام اسے حرز جاں بنائیں۔ اس کتاب کی اہمیت و افادیت کی وجہ سے عربی زبان میں اس کی متعدد شروح لکھی گئی ہیں اور اردو زبان میں بھی اس کے متعدد تراجم و فوائد تحریر کیے گئے ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’نجم السالکین شرح ریاض الصالحین‘‘ فضیلۃ الشیخ عباس انجم گوندلوی رحمہ اللہ کی کاوش ہے ۔موصوف نے متعدد عربی وارد و شروحاتِ ریاض الصالحین سے استفادہ کر کے یہ شرح ’’ نجم السالکین ‘‘ مرتب کی ہے۔شارح نے شرح و فوائد تحریر کرنے کے علاوہ قرآن و حدیث اور واقعات کے مکمل حوالہ جات درج کر دیئے ہیں اور اکثر مقامات پر صیغوں کا حل پیش کر دیا ہے اور کئی مقامات پر موضوع سے متعلق آیات کے نمبر بھی درج کر دئیے ہیں۔ یہ کتاب علماء و طلباء کے لیے بیش قیمت تحفہ ہے ۔ (م۔ا)

08/05/2026

نام کتاب
بصائر الاسلام (اسلامیات لازمی)
نام مصنف
ڈاکٹر علی رضا یوسف جوندہ
نام ناشر
بصائر الاسلام ریسرچ سنٹر فورٹ عباس
تبصرہ
کتاب و سنت ڈاٹ کام پر جہاں مذہبی ، دینی، اور علمی و تحقیقی کتب اپلوڈ کی جاتی ہیں ۔وہاں مدارس و سکولز اور کالجز و یونیورسٹیز کے طلباء کی سہولت کے لئے نصابی کتب کو بھی ترجیحا اپلوڈ کیا جاتا ہے، تاکہ طلباء بآسانی ان کتب کو حاصل کر سکیں اور علمی و نصابی تیار ی بھرپور طریقے سے کر سکیں۔ زیر نظر کتاب ’’ بصائر الاسلام (اسلامیات لازمی) ‘‘ڈاکٹر علی رضا یوسف جوندہ (اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ علوم اسلامیہ یونیورسٹی آف سیالکوٹ )کی کاوش ہے ایف اے،ایف ایس سی اور ڈی کام،آئی کام،آئی سی ایس و دیگر انٹرمیڈیٹ کی کلاسز کے لیے حکومت کے مقرر کردہ جدید نصاب کے عین مطابق ترتیب دی گئی ہے۔ اور کتاب میں بورڈز کے امتحانی طریقہ کار کو شامل کیا گیا ہے تاکہ تمام طلبہ و طالبات اس کتاب سے تیاری کر کے امتحانات میں اچھے نمبرز حاصل کر سکیں۔ فاضل مرتب نے اس کتاب کو چار ابواب میں تقسیم کیا ہے۔ پہلا باب بنیادی عقائد، دوسرا باب اسلامی تشخص،تیسرا باب اسوہ رسول ﷺ اور چوتھا باب تعارف قرآن مجید و حدیث سے متعلق ہے اور یہ تین حصوں میں منقسم ہے پہلا حصہ انشائیہ، دوسرا حصہ معروضی سوالات اور تیسرا حصہ مختصر سوالات پر مشتمل ہے ۔ (م۔ا)

08/05/2026

نام کتاب
تحقیقات اسلامیات ایڈوانسڈ (اردو)
نام مصنف
ڈاکٹر سعید الرحمن بن نور حبیب
نام ناشر
بصیرت پبلی کیشنز لاہور
تبصرہ
اشاریہ سازی کی ابتداء مذہبی کتابوں کے لیے مرتب اشاریوں سے ہوئی۔ یہ اشاریے جو سولہویں، سترہویں صدیوں میں مرتب ہوئے الفاظ ، نام یا عبارت کے ٹکڑوں پر مشتمل ہوتے تھے ، اشاریہ متلاشی معلومات کے لیے درکار معلومات کی نشاندہی کا وسیلہ ہے کتابوں کے برعکس رسائل کی اشاریہ سازی نسبتا زیادہ قدیم نہیں ۔ یوں تو سائنسی علوم میں تحقیق کی روز افزوں رفتار کی بدولت رسائل کی اشاعت کی تعداد اٹھارہویں صدی سے ہی بڑھنے لگی تھی لیکن انیسویں‎ صدی کے آخری دور تک ان میں شائع مضامین کی تعداد اتنی بڑھ چکی تھی کہ باحثین کو اشاریہ کی مدد کے بغیر واقفیت حاصل کرنا مشکل ہو گیا جس کے نتیجہ میں رسائل کی اشاریہ سازی کی داغ بیل پڑی ۔ آج اہمیت اور افادیت کے اعتبار سے کتابوں کے اشاریے سے کہیں زیادہ رسائل کے اشاریوں کا مقام ہے ۔ رسائل کے اشاریہ سازی میں معاون قاعدے اور ضابطے مرتب ہوئے ہیں ، جو اشاریہ سازی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے وضع کیے گئے ۔ اشاریہ سے مراد کتاب کے آخر میں یا رسالہ کی مکمل جلد کے آخر میں شامل وہ فہرست ہے جو کتاب ، رسالہ یا دیگر علمی شے میں موجود معلوماتی اجزاء، الفاظ ، نام ، کی نشاندہی اور ان تک رسائی کے لیے حوالہ مقام شناخت یا مقام ذکر پر مشتمل ہوتی ہے۔ زیر تبصرہ کتاب ’’ تحقیقات اسلامیات ایڈوانسڈ ‘‘ ڈاکٹر سعید الرحمٰن بن نور حبیب ( اسسٹنٹ پورفیسر عبد الولی خان یونیورسٹی مردان کی ایک منفرد کاوش ہے ۔یہ کتاب پاک و ہند کے عصری جامعات، ملحقہ کالجز و دینی مدارس میں علوم اسلامیہ کے تکمیل شدہ وزیر تحقیق پوسٹ ڈاکٹریٹ ، پی ایچ ڈی، ایم ایس، ایم فل، ایم اے، بی ایس ، بی اے آنرز ، الشہادۃ العالمیۃ ، سند فضیلت ، سند عالمیت اور مختلف دینی تخصصات کے اُردو تحقیقی مقالات کے ۶۵۰۰ا سے زائد عنوانات کا ۲۸ متنوع موضوعات کے تحت اولین توضیحی اشاریہ ہے یہ فاضل مصنف کی کتاب ’’تحقیقات اسلامیات مبطوعہ ۲۰۱۷، ‘‘کا نظر ثانی ، تصحیح شده و اضافہ شده جدید موضوعاتی ایڈیشن ہے ۔(م۔ا)

08/05/2026

نام کتاب
زبان اور اس کی ہلاکتیں
نام مصنف
محمد طیب بھٹوی
نام ناشر
دار الاندلس،لاہور
تبصرہ
زبان اللہ کی ایک بہت بڑی نعمت ہے ۔ یہ وہ عضو ہے جس کے ذریعہ انسان اپنے احساسات و جذبات کی ترجمانی کرتا ہے انسان اسی زبان کی وجہ سے باعزت مانا جاتا ہے اور اسی کی وجہ سے ذلت و رسوائی کا مستحق بھی ہوتا ہے۔ اس نعمت کی اہمیت کو وہ شخص سمجھ سکتا ہے جس کے منہ میں زبان ہے لیکن وہ اپنا مافی ضمیر ادا نہیں کر سکتا ہے۔اللہ کا فرمان ہے : أَلَمْ نَجْعَلْ لَهُ عَيْنَيْنِ وَلِسَانًا وَشَفَتَيْنِ(سورۃ البلد) ’’ کیا ہم نے اس کے لئے دو آنکھیں اور ایک زبان اور دو ہونٹ نہیں بنایا۔‘‘سب سے زیادہ غلطیاں انسان زبان سے ہی کرتا ہے۔ لہٰذا عقلمند لوگ اپنی زبان کو سوچ سمجھ کر اور اچھے طریقے سے استعمال کرتے ہیں۔ زبان کو غلط اور بری باتوں سے بچا کر اچھے طریقے سے استعمال کرنا زبان کی حفاظت کہلاتا ہے۔ دین اسلام میں زبان کی حفاظت کو بہت اہمیت دی گئی ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ زبان اور اس کی ہلاکتیں‘‘ فضیلۃ الشیخ محمد سعید طیب بھٹوی حفظہ اللہ کی تصنیف ہے ۔جس میں انہوں نے زبان کے ذریعے سے سرزد ہونے والے گناہوں پر روشنی ڈالی ہے اور اس کے ذریعے کی جانے والی نیکیوں اور خیر کے کاموں کا بھی تذکرہ کیا ہے۔نیز زبان کے استعمال کے مفید طریقے بھی بیان کیے ہیں اور اس بات کی بھی وضاحت کی ہے کہ کس طرح زبان کے منفی استعمال سے بچا جا سکتا ہے۔اللہ تعالیٰ مصنف کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور اسے امت مسلمہ کے لیے نفع بخش بنائے۔آمین (م۔ا)

02/05/2026

نام کتاب
تعلیم القرآن حافظ محمد سعید
نام مصنف
پروفیسر حافظ محمد سعید
نام ناشر
دار الاندلس،لاہور
قرآنِ مجید پوری انسانیت کے لیے کتاب ِہدایت ہے اور اسے یہ اعزاز حاصل ہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے۔ اسے پڑھنے پڑھانے والوں کو امامِ کائنات نے اپنی زبانِ صادقہ سے معاشرے کے بہترین لوگ قرار دیا ہے اور اس کی تلاوت کرنے پر اللہ تعالیٰ ایک ایک حرف پر ثواب عنایت کرتے ہیں۔ دور ِصحابہ سے لے کر دورِ حاضر تک بے شمار اہل علم نے اس کی تفہیم و تشریح اور ترجمہ و تفسیر کرنے کی خدمات سر انجام دیں اور ائمہ محدثین نے کتبِ احادیث میں باقاعدہ ابواب التفسیر کے نام سے باب قائم کیے۔اور مختلف ائمہ نے عربی زبان میں مستقل بیسیوں تفاسیر لکھیں ہیں۔ جن میں سے کئی تفسیروں کے اردو زبان میں تراجم بھی ہو چکے ہیں ۔اور ماضی قریب میں برصغیرِ پاک و ہند کے تمام مکتبہ فکر کے علماء نے قرآن مجید کی اردو تفاسیر لکھنے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ ان میں علمائے اہل حدیث کی بھی تفسیری خدمات نمایاں ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’ تعلیم القرآن‘‘ پروفیسر حافظ محمد سعید حفظہ اللہ کے جامع مسجد القادسیہ،لاہور میں منعقد ہونے والے ’’دورہ تدریب الدعاۃ‘‘میں سبقاً پڑھائی جانے والی تفسیر کی کتابی صورت ہے۔جو کہ فہم قرآن کے لیے ایک معاون تفسیر ہے۔محترم حافظ صاحب نے اس میں مسلمان معاشرے میں پائے جانے والی عقیدے کی کمزوریوں، مغربی تہذیب و تمدن کی خرابیوں، سیکولر نظریات کے نقصانات اور ہندووانہ تصورات کے گمراہ کن نظریات کا بڑے مؤثر انداز میں ردّ کیا ہے اور عقیدے کی علمی مباحث، اصطلاحات کی وضاحت اور دقیق نکات کی تشریح بڑے آسان اور عام فہم انداز میں پیش کی ہے ۔ نیز یہود و نصاریٰ کے کردار کا آج کے مسلم معاشروں سے موازنہ کیا ہے اور غلطیوں کی اسی طرح نشاندہی کی ہے جس طرح قرآن راہنمائی دیتا ہے اور اصلاح کا واضح قرآنی اسلوب پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔اس تفسیر کی چھ جلدیں پرنٹ ہو چکی ہیں چھٹی جلد سورۃ النحل تا سورۃ طٰہٰ تک ہے مزید اس کی اشاعت کا کام ابھی جاری ہے ۔ اللہ تعالیٰ محترم حافظ صاحب کو صحت و عافیت و ایمان و سلامتی والی لمبی زندگی دے کہ یہ تفسیر ان کے ہاتھوں مکمل ہوسکے۔آمین(م۔ا)

24/04/2026

نام کتاب
خطبات حاصلپوری
نام مصنف
محمد عظیم حاصلپوری
نام ناشر
مکتبہ اسلامیہ، لاہور
تبصرہ
خطابت اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ،خاص استعداد و صلاحیت ہے جس کے ذریعے ایک مبلغ اپنے مافی الضمیر کے اظہار ،اپنے جذبات و احساسات دوسروں تک منتقل کرنے اور عوام الناس کو اپنے افکار و نظریات کا قائل بنانے کے لیے استعمال کرتا ہے ۔ایک قادر الکلام خطیب اور شاندار مقرر مختصر وقت میں ہزاروں ،لاکھوں افراد تک اپنا پیغام پہنچا سکتا ہے اور اپنے عقائد و نظریات ان تک منتقل کر سکتا ہے۔ خطباء حضرات اور مقررین کی سہولت و آسانی کے لیے اسلامی خطبات پر مشتمل دسیوں کتب منظر عام پر آ چکی ہیں جن سے استفادہ کر کے تھوڑا بہت پڑھا ہوا شخص بھی درس و تقریر اور خطبہ جمعہ کی تیاری کر سکتا ہے ۔اردو زبان میں خطبات کے مجموعات میں اسلامی خطبات، خطباتِ محمدی ،خطبات ِنبوی، زاد الخطیب،مولانا عبد المنان راسخ کی کتبِ خطبات اور بعض اہل علم کے ذاتی نام سے (خطبات آزاد ،خطبات علامہ احسان الٰہی ظہیر ، خطبات یزدانی ،مواعظ طارق وغیرھم ) خطبات کے مجموعات قابلِ ذکر ہیں ۔ زیر نظر کتاب ’’خطبات حاصل پوری ‘‘محترم جناب مولانا محمد عظیم حاصلپوری حفظہ اللہ (مصنف کتب کثیرہ) کی کاوش ہے۔یہ خطبات8 جلدوں پر مشتمل ہیں ۔جلد اول ،دوم و سوم اسلامی مہینوں کی مناسبت سے ہیں جلد اول میں محرام الحرام ،صفر المظفر،ربیع الاول،ربیع الثانی، جلد دوم میں جمادی الاول،جمادی الثانی ،رجب،شعبان،جلد سوم میں رمضان ،شوال،ذی القعدہ،ذی الحجہ سے متعلق خطبات ہیں جبکہ جلد چہارم انگریزی مہینوں کی مناسبت اور جلد پنجم اعداد کی مناسبت سے خطبات پر مشتمل ہے۔ جبکہ جلد نمبر چھ، سات اور آٹھ میں متفرق موضوعات پر خطبات پیش کیے گیے ہیں۔ اللہ تعالیٰ فاضل مصنف کی تدریسی و دعوتی ،تحقیقی و تصنیفی جہود کو قبول فرمائے ۔ آمین (م۔ا)

13/04/2026

نام کتاب
خطبات قرآن پروفیسر حافظ عبد الستار حامد
نام مصنف
حافظ عبد الستار حامد
نام ناشر
فہم دین ویلفیئر سوسائٹی وزیر آباد
تبصرہ
سورۃ البقرہ ، مدنی سورت اور قرآن مجید کی سب سے طویل سورت ہے، یہ سورۃ پہلے پارے سے شروع ہو کر تیسرے پارے میں مکمل ہوتی ہے، اس سورت کے چالیس رکوع اور دو سو چھیاسی (286) آیات ہیں ،ترتیب نزولی کے اعتبار سے اس سورۃ کا نمبر 87 ہے اور ترتیب تلاوت کے لحاظ سے یہ سورت قرآن حکیم کی دوسری سورت ہے۔ قرآن کی مشہور آیت ’’ آیت الکرسی ‘‘اسی سورۃ کا حصہ ہے جو کہ تیسرے پارے میں ہے۔ اس سورت میں بہت سے اسلامی قوانین بیان کیے گئے ہیں۔ اس سورت کا نام ’’ بقرہ‘‘ اس لیے ہے کہ اس میں گائے کے واقعے کا ذکر ہے۔ زیر نظر کتاب ’’ خطبات قرآن ‘‘پروفیسر حافظ عبد الستار حامد ﷾ کے سورۃ البقرہ کے تفسیری خطبات کا مجموعہ ہے۔ موصوف نے اس سورۂ مبارکہ کی تشریحات ، توضیحات و تفسیر کو خطبات جمعہ میں مکمل بیان کیا بعد ازاں افادۂ عام کے لیے اسے کتابی صورت میں مرتب کے اسے حسن طباعت سے آراستہ کیا ہے۔ فاضل مصنف نے اس کتاب میں ہر واقعہ، ہر حدیث اور ہر بات مستند اور باحوالہ تحریر کرنے کی کوشش کی ہے ۔ یہ سورۃ البقرہ کی آیت 257 تک 9جلدوں پر مشتمل خطیبانہ انداز میں منفرد تفسیر ہے ۔ (م۔ا)

Want your business to be the top-listed Government Service in Lahore?

Click here to claim your Sponsored Listing.

Location

Category

Address


Lahore
54700