21/09/2026
ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک مردان ڈاکٹر محمد اقبال کی ریڈیو پاکستان مردان کے خصوصی پروگرام میں شرکت
ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک مردان ڈاکٹر محمد اقبال نے ریڈیو پاکستان/پختونخوا ریڈیو مردان کے خصوصی پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ضلع مردان کے مویشی پال حضرات اور کسانوں کو لمپی سکن بیماری (Lumpy Skin Disease – L*D) کے حوالے سے اہم معلومات اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔
پروگرام کے دوران ڈاکٹر محمد اقبال نے لمپی سکن بیماری کی علامات، پھیلاؤ، بچاؤ اور بروقت ویکسینیشن کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے مویشی پال حضرات پر زور دیا کہ وہ اپنے جانوروں کی صحت پر خصوصی توجہ دیں، بروقت ویکسینیشن کروائیں اور بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی ویٹرنری مرکز یا محکمہ لائیوسٹاک کے متعلقہ فیلڈ اسٹاف سے رابطہ کریں۔
انہوں نے بتایا کہ لمپی سکن بیماری کی روک تھام کے لیے بروقت ویکسینیشن، بیماری کی فوری اطلاع، متاثرہ جانوروں کو صحت مند جانوروں سے علیحدہ رکھنا، مکھیوں اور مچھروں کے کنٹرول، صفائی ستھرائی اور بہتر فارم مینجمنٹ انتہائی اہم ہیں۔
ڈاکٹر محمد اقبال نے مزید کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک مردان ضلع بھر میں لمپی سکن بیماری کے حوالے سے عوامی آگاہی، ویکسینیشن اور فیلڈ سرویلنس پر خصوصی توجہ دے رہا ہے تاکہ بیماری کی بروقت نشاندہی، مؤثر روک تھام اور مویشیوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
پروگرام کے دوران عوام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے مویشی پال حضرات کو متوازن خوراک، بروقت ویکسینیشن، بیماریوں سے بچاؤ اور محکمہ لائیوسٹاک کی فیلڈ سروسز سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔
ریڈیو کے ذریعے اس خصوصی پروگرام کا مقصد ضلع مردان کے مختلف علاقوں میں لمپی سکن بیماری کے بارے میں زیادہ سے زیادہ عوامی آگاہی پیدا کرنا اور مویشی پال حضرات کو بیماری سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے روشناس کرانا تھا۔ ایسے آگاہی پروگرام مویشیوں کی صحت کے تحفظ اور مویشی پال حضرات کے معاشی مفادات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔