20/05/2026
مظفرآباد
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و وزیراعظم آزاد کشمیر کے معاون خصوصی مبشر منیر اعوان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی عوامی حکومت کے تاریخ ساز اقدامات کے نتائج سامنے آ رہے ہیں، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی عوامی حکومت کے انقلابی اقدامات کے باعث پیپلز پارٹی ناقابل تسخیر قوت بن چکی ہے۔ عوامی حکومت نے دھائیوں سے زیر التواء عوامی مسائل کو حل کیا، حکومت نے ہر علاقے میں بلا تخصیص تعمیر و ترقی کے لیے فنڈز فراہم کیے جس سے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں بھی ترقیاتی کاموں میں نمایاں تیزی آئی ہے۔ اپنے آفس میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مبشر منیر اعوان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کا وژن عملی اقدامات کے ذریعے عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت، تعلیمی اداروں کی بہتری، صحت کی سہولیات کی فراہمی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں حکومت نے گورننس کو بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے فوری حل کو یقنی بنایا جس کے مثبت اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
******
20/05/2026
کوٹلی
سعودی عرب میں وزیر اطلاعات، مذہبی امور و اوقاف آزاد کشمیر چوہدری محمد رفیق نئیر کے اعزاز میں حاجی اشرف کی جانب سے ایک پرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔ عشائیے میں آزاد کشمیر اور اوورسیز کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے شرکت کی اور وزیر اطلاعات کو خوش آمدید کہا۔
تقریب خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی جہاں باہمی دلچسپی کے امور، اوورسیز کشمیریوں کے مسائل، مسئلہ کشمیر اور آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بیرون ملک مقیم کشمیریوں کے ساتھ مضبوط رابطہ قائم رکھے ہوئے ہیں۔
عشائیے میں چوہدری ظفر، عمران شکور، اصفان شکور، لیاقت گورسی، مرزا سہیل، طیب گورسی، علی گورسی، مرزا عاقب، مرزا شیراز اور رضا زمان نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس موقع پر باہمی یکجہتی اور قومی امور پر اتفاق و اتحاد کے فروغ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
20/05/2026
کوٹلی
محکمہ داخلہ و سول ڈیفنس ضلع کوٹلی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام محکمہ سول ڈیفنس آزاد کشمیر کی جانب سے گورنمنٹ ماڈل سکول منڈی کوٹلی میں ابتدائی تربیت برائے شہری دفاع و ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی پروگرام کا مقصد طلبہ اور اساتذہ میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنا اور انہیں شہری دفاع کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کرنا تھا۔
تربیت کے دوران شرکاء کو ابتدائی طبی امداد، آتشزدگی کی صورت میں حفاظتی تدابیر، قدرتی آفات کے دوران محفوظ انخلاء، اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل سے متعلق عملی اور نظریاتی تربیت فراہم کی گئی۔ ماہرین نے طلبہ کو بتایا کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں بروقت اور درست اقدامات انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر اساتذہ اور طلبہ نے تربیتی سرگرمیوں میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا جبکہ محکمہ سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے مختلف عملی مشقوں کے ذریعے شہری دفاع اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کیں۔ پروگرام کے اختتام پر آگاہی اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
14/05/2026
مظفرآباد( پی آئی ڈی) 13 مئی 2026
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ تعلیم صرف شعور نہیں بلکہ ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
دنیا تیزی سے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے دور میں داخل ہو چکی، نوجوان نسل کو جدید علوم سے ہم آہنگ کرنا حکومت آزادکشمیر کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تعلیم کے فروغ کو اپنی پالیسی کا محور بنایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر اور وائس چانسلر وویمن یونیورسٹی باغ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر برائے ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن محمد یونس میر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر یونیورسٹی آف آزاد جموں وکشمیر اور وویمن یونیورسٹی باغ کے وائس چانسلرز کو حکومت آزادکشمیر کی جانب سے جامعات کی مالی مسائل کے حل کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کے پیکج کے نوٹیفکیشن دیے۔ وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ادوار حکومت میں آزادکشمیر میں یونیورسٹیوں اور میڈیکل کالجز کا قیام عمل میں لایا گیا تاکہ نوجوانوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔ موجودہ عوامی حکومت نے ضرورت کی بنیاد پر تعلیمی پیکج دیا تاکہ ہر گھر تک علم کی روشنی پہنچے اور کوئی بچہ تعلیم جیسی بنیادی نعمت سے محروم نہ رہے۔ اس پیکج کے تحت تعلیمی سہولیات کی بہتری، اسکولوں کی اپ گریڈیشن، اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر لیبارٹریز اور جدید سہولیات کی فراہمی کے ذریعے طلبہ کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنا رہی ہے۔ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی مستقبل کی ترقی کے بنیادی ستون ہیں، اس لیے نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ تعلیم یافتہ قومیں ہی دنیا میں عزت، وقار اور خوشحالی حاصل کرتی ہیں، اسی لیے حکومت آزادکشمیر تعلیم کے فروغ اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
*****
14/05/2026
مظفرآباد(پی آئی ڈی)14مئی2026
آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ عام انتخابات 2026 کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی فہرست میں اہل ووٹرز کے اندراج کے لیے یکم اپریل 2026 کو کوالیفائینگ تاریخ مقرر کرتے ہوئے انتخابی فہرستوں کی نظرثانی، ترمیم اور درستگی کے لیے شیڈول جاری کیا گیا تھا۔ جس کے مطابق ووٹر لسٹوں کی تیاری کا عمل 18 اپریل 2026 سے شروع ہوا۔ رجسٹریشن آفیسران نے انتخابی فہرستہا 2022 میں موجود فوت شدگان کو خارج کرنا تھا اور کوالیفائینگ تاریخ تک جو اہل ووٹرز تھے انکا اندراج کرنا تھا۔ بعد ازاں ریوائزنگ اتھارٹی کے پاس اپیل ہا کی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ طباعت کے بعد جو غیر حتمی انتخابی فہرست ہا موصول ہوئیں ان کے ملاحظہ سے عیاں ہوا کہ ان میں بہت سی غلطیاں ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں اور عوام الناس کی جانب سے بھی الیکشن کمیشن کو شکایات موصول ہوئیں کہ انتخابی فہرستوں میں ان کے ووٹ کم درج ہوئے ہیں۔ کہیں ایک ضلع کے ووٹ دوسرے ضلع میں چلے گئے اور بعض موضعار کے ووٹ دوسرے موضعات میں چلے گئے۔ جس پر الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے از خود نوٹس لیتے ہوئے ریونیوڈیپاٹمنٹ کے آفیسران کی میٹنگ طلب کی اور اس میں موصولہ تجاویز کی روشنی میں فوری پر کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر باغ کی سربراہی میں ایک اعلٰی سطحی کمیٹی تشکیل دی اور اس کمیٹی کو بنیادی کام یہ سونپا گیا کہ تمام عمل کا جائزہ لے کہ یہ تفاوت کس طرح پیدا ہوئی ہے اور کس قدر غلطیاں ہیں۔ پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمیشن، ممبر الیکشن کمیشن اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کے ہمراہ چیئرمین نادرا سے ملاقات کی اور جملہ معلومات کے تبادلہ سے یہ بات عیاں ہوئی کہ موصولہ شکایات درست پائی گئیں۔ جس پر کمیشن نے ریوائزنگ اتھارٹیز کو بھی بذریعہ مراسلہ ہدایات جاری کرتے ہوئے گائیڈ لائن دی گئیں کہ الیکشن ایکٹ 2020 کے مطابق اگر کوئی اہل ووٹرانتخابی فرستہا میں درج ہونے سے رہ گیا ہے یا کسی کا نام غلط درج ہو گیا ہے تو وہ اسکی تصحیح کریں۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صاف شفاف انتخابات کے لیے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ صاف شفاف انتخابات کے لیے صاف شفاف ووٹر فہرست کا ہونا ضروری ہے۔ اب الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ حتمی اشاعت سے قبل سافٹ فارم Soft form میں مسودہ انتخابی فرستہا تمام رجسٹریشن آفیسران کو ارسال کیا جائے تاکہ وہ دیکھیں کہ انتخابی فہرستوں میں وہی اندراج موجود ہیں جو ان کی طرف سے کیے گئے تھے یا کوئی اندارج سہوا رہ تو نہیں گیا۔ جس کے تصحیح متعلقہ رجسٹریشن آفسیر ریوائزنگ اتھارٹی خود کرے گی۔ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن عوام الناس کو بھی مطلع کرتا ہے وہ بھی اس سلسل میں اپنے متعلقہ رجسٹریشن آفیسر سے رابطہ کریں کہ انتخابی فہرست میں کوئی غلطی تو نہیں ہو گئی ہے یا کسی اہل ووٹر کا نام درج ہونے سےرہ تو نہیں گیا یا غلط درج ہو گیا ہے۔ یہ فہرست رجسٹریشن آفیسر کے دفتر میں موجود ہوگی۔
*******