01/06/2026
عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی، بابر سلیم سواتی پہلے روز صوبائی اسمبلی پہنچے جہاں اراکین صوبائی اسمبلی، اسمبلی سیکرٹریٹ کے افسران اور ملازمین نے ان کے چیمبر میں ملاقات کرکے عید کی مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر سپیکر اسمبلی نے تمام اراکین، افسران اور ملازمین کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
01/06/2026
پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی کی خصوصی کمیٹی برائے ریڈیو پاکستان پشاور واقعہ کا چوتھا اجلاس پیر کے روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت وزیر قانون و پارلیمانی امور اور کمیٹی کے چیئرمین افتاب عالم نے کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین اور صوبائی اسمبلی کے ممبران طارق سعید، عبدالغنی، اصف خان، احمد کنڈی، فضل الٰہی، ریاض خان، محمد اسرار اور ملک عدیل اقبال نے شرکت کی، جبکہ ارباب محمد عثمان خان نے بذریعہ زوم اجلاس میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری ہوم، محکمہ پولیس محکمہ قانون، ایڈووکیٹ جنرل آفس اور صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ خصوصی کمیٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کی ہدایت پر قائم کی گئی ہے۔ کمیٹی کے قیام کا مقصد 9 اور 10 مئی 2023 کو ریڈیو پاکستان پشاور میں پیش آنے والے واقعے کی شفاف، غیر جانبدار اور جامع تحقیقات کو یقینی بنانا اور اس سے متعلق حقائق کو منظر عام پر لانا ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ نے کمیٹی کے اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واقعے سے متعلق پولیس کی جانب سے مکمل کیس عدالت میں سماعت کے لیے پیش کیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل نے بھی تصدیق کی کہ قانونی اور عدالتی تقاضوں کے مطابق مکمل کیس عدالت میں جمع کرایا گیا ہے۔
چیئرمین کمیٹی افتاب عالم نے محکمہ پولیس کے حکام کو ہدایت کی کہ عدالت میں دائر کردہ کیس کی مکمل کاپیاں تین دن کے اندر کمیٹی کے تمام اراکین کو فراہم کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے محکمہ پولیس کو ایک تفصیلی پرفارما فراہم کیا جائے گا، جس میں واقعے سے متعلق مختلف پہلوؤں پر معلومات طلب کی جائیں گی اور ان کی رپورٹ آئندہ اجلاس میں کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے یہ بھی کہا کہ ضرورت پڑنے پر کمیٹی کے اراکین ریڈیو پاکستان پشاور کا دورہ کرکے جائے وقوعہ کا معائنہ کریں گے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔ اجلاس کے اختتام پر انہوں نے محکمہ پولیس کے حکام کو ہدایت کی کہ اجلاس میں دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور متعلقہ ریکارڈ آئندہ اجلاس میں کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے۔
31/05/2026
سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس پیر، 8 جون 2026 بوقت دوپہر 2:00 بجے طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ صوبائی اسمبلی کا اجلاس قبل ازیں پیر، یکم جون 2026 بوقت دوپہر 2:00 بجے تک ملتوی کیا گیا تھا، تاہم سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کی ہدایت پر اب مذکورہ اجلاس پیر، 8 جون 2026 بوقت دوپہر 2:00 بجے اسمبلی ہال، پشاور میں منعقد ہوگا۔
اسمبلی سیکرٹریٹ نے اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
28/05/2026
یوم تکبیر ایک غیور اور باہمت قوم کے عزم کی علامت ہے۔ 28 مئی کو پاکستان پوری دنیا میں فخر سے سر اٹھا کر کھڑا ہوا۔ مادرِ وطن کے لیے تاریخی خدمات پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو سنہری الفاظ میں خراجِ تحسین۔
پاکستان زندہ باد!
بابر سلیم سواتی
اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی
27/05/2026
سیکرٹری خیبر پختونخوا اسمبلی سید وقار شاہ کی جانب سے اسمبلی سیکرٹریٹ کے تمام افسران، عملے اور عوام کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد۔
اللہ تعالیٰ آپ کی عبادات اور قربانیوں کو قبول فرمائے۔ عید مبارک!
27/05/2026
تمام اہل اسلام کو عیدالاضحیٰ بہت بہت مبارک
عیدالاضحیٰ ہمیں ایثار، قربانی، محبت اور انسانیت کا درس دیتی ہے۔
آئیے اس مبارک موقع پر اپنے دلوں کو نفرت سے پاک کریں، رشتوں کو مضبوط بنائیں اور ضرورت مندوں کی خوشیوں میں شریک ہوں۔
اللہ تعالیٰ ہماری قربانیوں، عبادات اور دعاؤں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔
ڈاکٹر عباداللہ خان
قائد حزب اختلاف صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا
27/05/2026
عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر تمام عالم اسلام و مسلمانان پاکستان کو عید قربان کی مبارکباد. اللہ کریم سب کی قربانی اور دعاوں کو قبول فرمائے. آمین
ثریا بی بی
ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی
27/05/2026
عیدالاضحیٰ کے پُرمسرت موقع پر تمام اہلِ وطن اور امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد۔
یہ بابرکت دن ہمیں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی، صبر، استقامت اور حق پر ڈٹے رہنے کا درس دیتا ہے۔
اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، خوشحالی اور استحکام عطا فرمائے، ہماری قربانیوں اور عبادات کو قبول فرمائے اور ہمیں ہمیشہ سچ اور حق کے راستے پر قائم رکھے۔
عید مبارک!
26/05/2026
سپیکر خیبر پختون خواہ اسمبلی بابر سلیم سواتی کی جانب سے یوم عرفہ کے بابرکت موقع پر امت مسلمہ اور عازمین حج کو دلی مبارکباد
انہوں نے کہا یوم عرفہ رحمت، مغفرت دعا اور اللہ تعالی سے قرب حاصل کرنے کا عظیم دن ہے ۔ اس مقدس موقع پر پوری امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ اپنے گناہوں کی معافی ،امت کے اتحاد ،پاکستان کی سلامتی اور انسانیت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعائیں کریں ۔