22/02/2026
"پُتر، زندگی بہت اوکھی ہُندی اے۔"
16 نومبر 2016
یہ دن عام دنوں کی طرح شروع ہوا۔ میری پوسٹنگ پاکپتن میں تھی اور مجھے ملازمت کی وجہ سے صبح جلدی نکلنا پڑتا تھا۔ مگر میری خاطر ایک شخص، میرا باپ، اپنی ڈیوٹی کے لیے ایک گھنٹہ پہلے ہی ہسپتال کے گیٹ پر جا کر بیٹھ جایا کرتا تھا۔
نام تھا جان سیموئیل تاج — آپ میں سے بہت سے لوگ انہیں جانتے ہوں گے۔
وہ صرف میرے باپ نہیں تھے، میرے سب سے اچھے دوست تھے۔
میں نے اُن سے بہت کچھ سیکھا، اُن کے ساتھ بے شمار لمحے گزارے۔ تقریباً ہر ویک اینڈ اور ہر شام امی جی اور بابا جی کے ساتھ ہی گزرتی تھی۔ وہ جسمانی طور پر معذور تھے، مگر ہمت میں پہاڑ تھے۔ شاید اتنی ہمت مجھ میں کبھی نہ آ سکے۔ وہ بے حد محبت کرنے والے انسان تھے۔ جو بھی ایک بار اُن سے مل لیتا، اُن کی شخصیت کے سحر سے کبھی باہر نہ آ پاتا۔
اب واپس آتے ہیں اُس دن کی طرف…
گھر میں میری شادی کی تیاریاں جاری تھیں، پینٹ کا کام ہو رہا تھا۔ میں شام کو گھر پہنچا تو وہ مجھ سے پہلے آ چکے تھے۔ سلام دعا کے بعد مجھے کچھ سامان لینے بھیج دیا۔ واپس آیا تو اُن کے پاس بیٹھ گیا، باتیں کرنے لگا۔ امی جی نے کھانا بنایا، تو میں بابا جی کو اپنے ہاتھ سے کھلانے لگا۔
اچانک وہ خاموش ہو گئے۔
میں نے لقمہ بنا کر اُن کی طرف بڑھایا، مگر اُن کے چہرے کے تاثرات اور آنکھیں دیکھ کر میرے پاؤں تلے زمین نکل گئی۔ میں نے فوراً اُن کے منہ سے کھانا نکالا اور سانس دینے کی کوشش کرنے لگا۔ میری گھبراہٹ اور آواز سن کر امی جی کچن سے باہر آئیں، وہ بھی پریشان ہو گئیں اور رونے لگیں۔
وقت جیسے رک سا گیا تھا۔
شور سن کر پڑوسی آ گئے۔ بہت سی ناکام کوششیں ہوئیں، مگر اُن کی سانس رک چکی تھی۔ یقین کرنا ناممکن تھا۔ ساتھ والے لڑکے نے فوراً موٹر سائیکل نکالی۔ میں نے بابا جی کو اپنے بازوؤں میں اٹھایا اور پیچھے بیٹھ گیا، راستے بھر اُنہیں حوصلہ دیتا رہا، جیسے وہ سن رہے ہوں۔
مشن ہسپتال پہنچے۔ وہیل چیئر پر بٹھا کر آئی سی یو کی طرف دوڑ لگا دی۔ سب حیران تھے — ابھی تو ڈیوٹی سے آف ہو کر گئے تھے، اچانک کیا ہو گیا؟ میں انہیں بیڈ پر لٹانے لگا تو خود گر گیا، مگر میرے بازوؤں نے انہیں زمین پر نہ گرنے دیا۔
ڈاکٹر خضر اعظم صاحب نے بہت کوشش کی… مگر کچھ نہ ہو سکا۔
اُس دن پہلی بار مجھے معلوم ہوا کہ صدمہ کیا ہوتا ہے۔
پہلی بار میں پھوٹ پھوٹ کر رویا۔
اُس دن میں نے بہت کچھ کھو دیا —
باپ، دوست، چھت… اور ہمت۔
اُن کے جانے نے میری زندگی بدل دی۔ اس حقیقت کو قبول کرنے اور سمجھنے میں مجھے کئی سال لگ گئے۔
16 نومبر 2016 کے بعد مجھے آہستہ آہستہ معلوم ہوا کہ دنیا کیا ہے۔ اس سے پہلے بابا جی نے کبھی احساس ہی نہیں ہونے دیا تھا کہ زندگی مشکل ہوتی ہے۔
وہ اکثر کہا کرتے تھے:
"پُتر، زندگی بہت اوکھی ہُندی اے۔"
آج اُن کی بات کی گہرائی سمجھ آتی ہے… مگر کاش یہ سمجھ اُن کے ہوتے آتی۔
تحریر نعمان جون