21/03/2026
متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول کی جانب سے پاکستانی قوم، ملت اسلامیہ خصوصا غزہ فلسطین کے مسلمانوں کو عید سعید کی دلی مبارک باد پیش
عید کی خوشیوں کو صرف اپنی ذات تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنے اردگرد موجود نادار مستحق اور پسے ہوئے محروم طبقات کو بھی اس خوشی میں برابر کا شریک بنائیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قوم سے اپیل
عید کا دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم ذاتی اور گروہی مفادات سے نکل کر پاکستان کی ترقی استحکام اور روشن مستقبل کے لئے متحد ہو جائیں، چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ
کراچی۔۔۔20مارچ2026ء
متحدہ قومی موومنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے عید سعید کے موقع پر مرکز بہادر آباد سے جاری کردہ تہنیتی پیغام میں پاکستانی قوم، ملت اسلامیہ خصوصا غزہ فلسطین کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ عید محض خوشیوں کا تہوار نہیں بلکہ یہ ایثار بھائی چارے برداشت اور اجتماعی ذمہ داریوں کا احساس اجاگر کرنے کا دن ہے، ملت اسلامیہ کو ایک دوسرے کا دکھ درد بانٹنے اور غزہ سمیت تمام مظلوم مسلمانوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا ہے، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک مہذب معاشرے کی بنیاد باہمی احترام ہمدردی اور انصاف پر استوار ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب ملک کا ایک بڑا طبقہ مہنگائی بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل سے دوچار ہے ہماری ذمہ داری دوچند ہو جاتی ہے کہ ہم عید کی خوشیوں کو صرف اپنی ذات تک محدود نہ رکھیں بلکہ اپنے اردگرد موجود نادار مستحق اور پسے ہوئے محروم طبقات کو بھی اس خوشی میں برابر کا شریک بنائیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایم کیو ایم پاکستان شہری سندھ کے عوام کے حقوق وسائل کی منصفانہ تقسیم بااختیار بلدیاتی نظام اور محرومیوں کے خاتمے کے لئے اپنی جدوجہد مزید تیز کرے گی، انہوں نے کہا کہ حقیقی خوشحالی اسی وقت ممکن ہے جب ہر شہری کو اس کا جائز حق اور عزتِ نفس کے ساتھ جینے کے مواقع فراہم کیئے جائیں، انہوں نے زور دیا کہ عید کا پیغام ہمیں اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی رواداری اور مثبت طرزِ فکر کو فروغ دینے کی تلقین کرتا ہے، عید کا دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم ذاتی اور گروہی مفادات سے نکل کر پاکستان کی ترقی استحکام اور روشن مستقبل کے لئے متحد ہو جائیں، آخر میں انہوں نے پوری قوم بالخصوص کراچی کے عوام کو عید سعید کی دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے دعاء کی کہ خدائے واحد اس بابرکت موقع کو ہمارے لئے خیر و برکت امن و سلامتی اور اجتماعی خوشحالی کا ذریعہ بنائے اور پاکستان کو ایک مضبوط مستحکم اور فلاحی ریاست کے طور پر دنیا میں نمایاں مقام عطاء فرمائے۔
🌙
