31/10/2026
حجۃ الاسلام کی تصنیف’’ الصارم الربانی‘‘ رد قادیانیت پر اولین کتابوں میں شامل ہے
اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر پر عرس حجۃ الاسلام میں علامہ احمد رضا ازہری کا اظہار خیال
مالیگاؤں: جو قومیں اپنی تاریخ سے منسلک ہوتی ہیں وہ زندہ رہتی ہیں۔ اعلیٰ حضرت کا گھرانا وہ ہے کہ جس کی فقہی خدمات کی تاریخ دو سو سالہ ہے۔ شرعی و فقہی رہنمائی کا یہ طویل عرصہ اس گھرانے کی خدمتِ دینی پر استقامت کا استعارہ ہے۔شہزادۂ اعلیٰ حضرت حجۃ الاسلام علامہ مفتی حامد رضا خان قادری بریلوی رحمۃ اللہ علیہ اسی پاکیزہ نسبت کے امین تھے اور فقیہ، محقق، مدقق، مہتمم اور مصلح تھے۔ حجۃ الاسلام نے کئی فنون کو عروج بخشا- فقہی بصیرت و مہارت کے جلوے آپ کی تصانیف میں نظر آتے ہیں- اس طرح کا اظہارِ خیال خلیفۂ محدث کبیر و اشرف الفقہاء علامہ مفتی احمد رضا ازہری نے 30؍ اکتوبر 2026ء جمعہ کی شب اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر پر محفلِ نور میں کیا۔ عرس حجۃ الاسلام کی نسبت سے منعقدہ بزم میں مزید فرمایا کہ: اعلیٰ حضرت نے فرد سازی کی۔ دین کی دعوت و تبلیغ اور فقہی رہبری کے لیے قابل تلامذہ تیار کیے۔ ان میں حجۃ الاسلام کا عظیم مقام تھا۔ آپ نے بیک وقت کئی مناصب کو زینت بخشی۔ ’’حسام الحرمین‘‘ حق و باطل کے درمیان خطِ فاصل ہے، تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ کے لیے اہم فتویٰ ہے، جس پر تصدیقاتِ علماے حرمین شریفین کے لیے حجۃ الاسلام کا اہم رول رہا ہے۔ حجۃ الاسلام کی تصنیف’’ الصارم الربانی علیٰ اسراف القادیانی‘‘ ردِ قادیانیت پر اولین کتابوں میں شامل ہے۔ ازیں قبل ہاشم رضا نے نعت و مناقب کے نذرانے پیش کیے۔ محفلِ نور کا آغاز اراکین نوری مشن کی حمد و نعت خوانی سے ہوا۔ قل شریف حافظ عمیر اشرف نے پڑھا۔ سلام باقیام رضاء المصطفیٰ نے پیش کیا؛ بعدہٗ علامہ موصوف نے شجرہ خوانی اور دعا کی۔ اس بزم میں سنجیدہ سامعین شریک ہوئے اور پیغام مسلک اعلیٰ حضرت کی ترسیل کے ساتھ محفلِ نور اختتام پذیر ہوئی۔ ایسی رپورٹ نوری مشن سے ارسال کی گئی۔