29/05/2026
ضروری اطلاع!
پاکستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں آنے والے دنوں کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جو 31 مئی تک برقرار رہ سکتا ہے۔ اس کے باعث برف پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ہو سکتا ہے، خصوصاً برف پوش اور گلیشیئر سے متاثرہ علاقوں میں۔
سیاحوں اور مسافروں سے گزارش ہے کہ سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ موسم اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات سے باخبر رہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں خیبرپختونخوا ٹورازم ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کریں۔
24/05/2026
خیبرپختونخوا میں ترقیاتی کاموں پر بھرپور توجہ مرکوز — ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے 25.5 ارب روپے جاری!
ان فنڈز کے ذریعے 30 جون تک 500 سے زائد ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کا ہدف مقرر۔
سیکٹر وائز فنڈ:
- سڑکیں: 3.74 ارب
- آبپاشی و سیلاب تحفظ: 3.73 ارب
- بلدیات: 1.77 ارب
- صحت: 1.40 ارب
- صاف پانی و صفائی: 1.13 ارب
- اعلیٰ تعلیم: 1.10 ارب
- اسکول ایجوکیشن: 69 کروڑ
- زراعت: 58 کروڑ
یہ فنڈز صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر، صاف پانی اور عوامی سہولیات کی بہتری کیلئے جاری کیے گئے ہیں تاکہ ترقی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔
عمران خان کے خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی کی قیادت میں ترقی اور عوامی خدمت کا سفر تیزی سے جاری ہے۔
23/05/2026
جنگلات میں آگ سے بچاؤ کے لیے مؤثر حکمتِ عملی اور سخت اقدامات کی ہدایت
ہزارہ ڈویژن میں جنگلات کو آگ سے محفوظ بنانے اور پیشگی حفاظتی اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں محکمہ جنگلات کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں موسم گرما، خشک موسم اور عیدالاضحیٰ کے دوران سیاحوں کے بڑھتے ہوئے رش کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے ممکنہ خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کمشنر ہزارہ نے کہا کہ جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمتِ عملی کے تحت فوری اور مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں ضلعی سطح پر رابطہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے جبکہ پرائیویٹ فارسٹ، ریزرو فارسٹ۔، گزرا فارسٹ اور آبی ذخائر کے اطراف آگ لگنے کی صورت میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ذمہ دار ہوں گے۔
اجلاس میں نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے حساس مقامات پر کیمرے نصب کرنے، محکمہ جنگلات اور دیگر اداروں کے درمیان مشترکہ عملی مشقوں کے انعقاد اور ہنگامی ردعمل کے نظام کو فعال بنانے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
کمشنر ہزارہ نے عیدالاضحیٰ کے دوران خصوصی گشت بڑھانے، سیاحوں میں آگ سے بچاؤ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے اور عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ناران میں پودوں کی نرسری کے قیام اور سیاحوں کو شجرکاری کے لیے پودے فراہم کرنے کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ شجرکاری اور ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ سے جنگلات کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
اجلاس کے دوران جنگلات کے تحفظ، لکڑی کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام اور خلاف ورزیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت بھی جاری کی گئی جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو مکمل تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
23/05/2026
کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت کاغان، ناران اور بٹہ کنڈی کے ڈرافٹ ماسٹر پلان کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مجوزہ این جے سی روڈ کی ممکنہ متبادل الائنمنٹ پر بھی غور کیا گیا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حتمی روٹ کے تعین کے لیے متعلقہ اداروں سے مشاورت اور تکنیکی سطح پر جائزہ کا عمل جاری ہے تاکہ ایک جامع اور قابلِ عمل منصوبہ مرتب کیا جا سکے
محکمہ جنگلات کی جانب سے ماسٹر پلان میں جنگلات، قومی پارکس اور جنگلی حیات کے مؤثر تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ تمام مجوزہ ترقیاتی اقدامات کو ماحولیاتی تحفظ کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے گا تاکہ علاقے کے قدرتی حسن اور وسائل کو محفوظ رکھا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈرافٹ ماسٹر پلان فوری طور پر تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا، ون ونڈو سسٹم کو مزید فعال بنایا جائے گا اور این او سیز کے اجرا کے عمل کو مؤثر اور تیز تر بنایا جائے گا تاکہ سرمایہ کاری اور ترقیاتی سرگرمیوں میں آسانی پیدا ہو۔
کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام اختلافی اور انتظامی امور کو ضلعی و ڈویژنل سطح پر باہمی مشاورت سے فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ منصوبے کی بروقت تکمیل اور علاقے کی پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
18/05/2026
چیئرمین عمران خان کے وژن کے تحت پسماندہ علاقوں کو مرکزی شاہراہوں سے جوڑنے کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کا تاریخی اقدام!
ضلع تورغر میں دریائے سندھ پر کوٹکے کندر آر سی سی پل منصوبے کیلئے 1000 ملین روپے اضافی فنڈز جاری کر دیے گئے۔ اضافی فنڈز کی بروقت فراہمی سے تعمیراتی کام میں تیزی آئے گی اور منصوبے میں تاخیر سے بچاؤ یقینی بنایا جائے گا۔
اس منصوبے کی تکمیل سے تورغر کا بونیر، صوابی اور مردان سے رابطہ مزید بہتر ہوگا، جبکہ 56 سال بعد پسماندہ علاقوں کو مرکزی شاہراہوں سے جوڑنے کا خواب حقیقت بنے گا۔ اس سے سفری سہولیات، تجارت اور مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔
Deputy Commissioner Torghar @
18/05/2026
*شہریوں کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔ کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ*
کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت ٹریفک مینجمنٹ (GGRM) اور ڈویژنل ایکشن پلان کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ہزارہ ڈویژن میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے، شہری سہولیات میں اضافہ اور حادثات کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک نے ڈویژنل ٹریفک حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ٹریفک مینجمنٹ، رش میں کمی، کیمرا بیسڈ مانیٹرنگ، اسکول زون سیفٹی، سنٹرل کنٹرول روم کے قیام اور قانون پر مؤثر عملدرآمد کے حوالے سے آگاہ کیا۔
کمشنر ہزارہ نے کہا کہ بڑھتی ہوئی شہری آبادی اور ٹریفک کے دباؤ کے پیش نظر جدید، مربوط اور مؤثر ٹریفک نظام ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہریوں کو محفوظ اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔ انہوں نے خصوصی طور پر اسکول زونز میں حفاظتی اقدامات، زیبرا کراسنگ، ٹریفک سگنلز، سائن بورڈز اور پیدل چلنے والوں کے تحفظ کو ترجیح دینے پر زور دیا۔
اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے جن میں سران چوک اوورہیڈ برج کی فوری مرمت، پارکنگ کے مؤثر انتظامات، زیبرا کراسنگ اور ٹریفک سائنز کی تنصیب، پان چوک روڈ کی مرمت اور وہاں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تجاوزات کے خلاف کارروائی، کنٹرول اینڈ کمانڈ سسٹم کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیوں کی مانیٹرنگ اور سڑک کنارے رکھے گئے کچرے کے ڈبوں کی منتقلی کے فیصلے بھی کیے گئے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
کمشنر ہزارہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام فیصلوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر ٹریفک نظام، صاف ماحول اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تمام ادارے باہمی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے تحت ہزارہ ڈویژن میں ٹریفک مینجمنٹ اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھیں گے۔
Deputy Commissioner Abbottabad
Hazara Police
Directorate General Information & PRs, KP
Abbottabad Police
14/05/2026
کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیرِ صدارت 18 مئی سے شروع ہونے والی ایس این آئی ڈی پولیو مہم کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور پولیو پروگرام کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈبلیو ایچ او کی کوآرڈینیٹر میڈم طیبہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع ایبٹ آباد، تورغر، اپر کوہستان، لوئر کوہستان اور کولئی پالس میں پولیو ٹیموں کی تربیت مکمل کر لی گئی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ہزارہ ڈویژن نے ہدایت جاری کی کہ کم کارکردگی والی یونین کونسلز میں فوری اور مؤثر تبدیلیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ پولیو مہم کے نتائج کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو تربیتی عمل کو جدید اور مؤثر بنانے کے لیے 3 سے 4 ڈیمو ویڈیوز تیار کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ فیلڈ اسٹاف کی پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ ہو سکے۔
کمشنر ہزارہ ڈویژن نے واضح کیا کہ شام کے اوقات میں دور دراز علاقوں کے یو سی ایم اوز کو ڈپٹی کمشنر اجلاس کےلیے طلب کرنے کے بجائے اپنی رپورٹس متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کو پیش کرنے کی ہدایت دی جائے، تاکہ فیلڈ اسٹاف کو غیر ضروری سفری مشکلات سے بچایا جا سکے اور ان کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ افغان کیمپس سے افغان باشندوں کی واپسی کا عمل مکمل ہو چکا ہے، جس پر کمشنر ہزارہ ڈویژن نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام افعان بچوں کا ریکارڈ اور ڈیٹا فوری طور پر اپڈیٹ کرکے صوبائی ای او سی کو ارسال کیا جائے تاکہ اس کی تصیح ہو سکے۔
کمشنر ہزارہ نے اس بات پر زور دیا کہ چونکہ پولیو مہم مخصوص اضلاع میں چلائی جا رہی ہے، اس لیے ہر بچے تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے کوریج کو انتہائی مؤثر بنایا جائے، جبکہ ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا سکیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پولیو مہم کے حوالے سے مثبت اور بروقت رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے، جبکہ تربیتی عمل کی مسلسل نگرانی کے ذریعے مہم کو کامیاب، مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔
13/05/2026
ہزارہ ڈویژن میں عیدالاضحیٰ پر بہترین انتظامات، ایندھن کی بلا تعطل فراہمی اور سیاحوں کو بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں، کمشنر ہزارہ
ایبٹ آباد: کمشنر ہزارہ ڈویژن فیاض علی شاہ کی زیر صدارت عیدالاضحیٰ کے انتظامات، صفائی، سکیورٹی، ایندھن کی فراہمی اور سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہزارہ ریجن کے تمام ڈپٹی کمشنرز ، ڈی پی اوز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف اداروں کی جانب سے عید انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی بھی اجلاس میں موجود تھے۔
کمشنر ہزارہ نے ہدایت کی کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام مویشی منڈیوں میں بہترین سہولیات اور مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں جبکہ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر این او سی قربانی کی کھالیں جمع کرنے والے اداروں اور افراد کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ آلائشوں اور ویسٹ ڈسپوزل کے لیے باقاعدہ زونز قائم کیے جائیں اور صفائی کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ کمشنر ہزارہ نے تمام امیوزمنٹ پارکس کو عید سے قبل اپنی فٹنس اور حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں سیاحوں کی سہولت اور تحفظ کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ کمشنر ہزارہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیاحوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور انہیں غیر ضروری طور پر تنگ نہ کیا جائے۔ انہوں نے محکمہ پولیس، ایکسائز اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیاحوں کی گاڑیوں کے بے جا چالان سے گریز کیا جائے، تاہم سکیورٹی کے پیش نظر انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھے جا سکتے ہیں۔
کمشنر ہزارہ نے تمام اضلاع میں عید کے دوران ریکوری گاڑیوں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عید کے دنوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت سے بچنے کے لیے تمام پٹرول پمپس پر ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کمشنر ہزارہ نے کہا کہ تمام محکمے سرکار کے ادارے ہیں اور ان کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت ہے، اس لیے تمام افسران اور عملہ اپنی ذمہ داریاں مکمل احساس اور دیانتداری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے عیدالاضحیٰ کے دوران مؤثر رابطے اور بروقت کارروائی کے لیے اپنے اپنے کنٹرول رومز فعال کریں تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو فوری سہولیات اور معاونت فراہم کی جا سکے۔
کمشنر ہزارہ نے کہا کہ ہزارہ ڈویژن امن و امان کے حوالے سے مکمل طور پر محفوظ ہے اور سیاحتی مقامات پر کسی بھی قسم کی ہڑل بازی یا بدامنی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں ہوٹل مالکان کو بھی ہدایت جاری کی گئی کہ وہ سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کریں اور خوش اخلاقی کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
Deputy Commissioner Abbottabad Deputy Commissioner Kohistan Lower Deputy Commissioner Kohistan Upper DC Kolai Palas Kohistan Deputy Commissioner Battagram Deputy Commissioner, Haripur Regional Information Office Abbottabad Directorate General Information & PRs, KP
08/05/2026
چیئرمین عمران خان کے فلاحی ویژن اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی قیادت میں، خیبرپختونخوا حکومت بیواؤں کو مالی معاونت فراہم کرکے سماجی تحفظ اور باوقار زندگی کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔
• بیواؤں کیلئے مالی تحفظ کا مؤثر نظام
• خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع سے اب تک 13,150 بیوہ خواتین مستفید
• مجموعی اخراجات 657.5 ملین روپے
• فی مستحق خاتون 5,000 روپے ماہانہ سپورٹ
• ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور اسکور بیسڈ شفافیت
• سماجی تحفظ کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کی جانب اہم اقدام