09/10/2026
* ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کواٹرز سید عباس احسن کا ضلع ایبٹ آباد کا دورہ،یادگار شہداء پولیس پر حاضری دی، پولیس ہیڈ کواٹرز و پولیس سہولت مرکز کا معائنہ بھی کیا،
* ریجنل پولیس آفس ہزارہ میں اعلی پولیس افسران کا اجلاس، ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹرز کی صدارت منعقد، ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ نے پیشہ ورانہ امور پر بریفنگ دی،
پریس ریلیز(ضلع ایبٹ آباد )
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کواٹرز خیبرپختونخواہ پولیس سید عباس احسن نے ضلع ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں ایبٹ آباد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔دورے کے موقع پر ایڈیشنل آئی جی سید عباس احسن نے یادگارِ شہداء پولیس پر حاضری دی، پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی نے پولیس ہیڈکوارٹرز ایبٹ آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولیس میس، پولیس جم اور دیگر شعبہ جات کا معائنہ کیا اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل آئی جی نے پولیس سہولت مرکز ایبٹ آباد کا بھی دورہ کیا، ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان نے عوام کو فراہم کی جانے والی مختلف پولیس سہولیات اور خدمات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے مرکز میں شہریوں کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔
بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹرز خیبرپختونخوا پولیس سید عباس احسن نے ریجنل پولیس آفس ہزارہ میں منعقدہ پولیس افسران کی میٹنگ کی صدارت کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے انہیں ہزارہ پولیس کی پیشہ ورانہ کارکردگی، امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام، پولیسنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اٹھائے گئے عملی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران درپیش انتظامی و عملی مسائل پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
ایڈیشنل آئی جی ہیڈکوارٹرز سید عباس احسن نے پولیس افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید کے وژن کے مطابق عوام کو جدید، مؤثر اور معیاری پولیس سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خدمات کو مزید عوام دوست بنایا جائے، شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے اور قانون کے مطابق فوری انصاف کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ہزارہ ریجن میں آنے والے سیاحوں کو ہر ممکن سفری سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ سیاحتی مقامات اور اہم شاہراہوں پر پولیس کی موجودگی، رہنمائی اور معاونت کو یقینی بنایا جائے تاکہ سیاحوں کو محفوظ، پُرامن اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔