06/10/2026
فیصل آباد (6 اکتوبر 2026) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر محکمانہ امور اور شعبہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایک اہم اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، شہریوں کی درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت اور سروس ڈیلیوری کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران ون ونڈو کاؤنٹر، ای خدمت مرکز، “ای بز” پنجاب پورٹل اور دیگر ذرائع سے موصول ہونے والی درخواستوں پر محکمانہ کارروائی کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے درخواستوں کی نوعیت، زیر التواء کیسز اور ان پر ہونے والی کارروائی کے بارے میں بریفنگ دی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے افسران اور متعلقہ سٹاف کو ہدایت کی کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں پر مقررہ مدت کے اندر کارروائی مکمل کی جائے اور غیر ضروری تاخیر سے ہر صورت گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ درخواستوں کو بلاوجہ زیر التواء رکھنے کی بجائے قواعد و ضوابط کے مطابق فوری طور پر نمٹانے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ون ونڈو کاؤنٹر، ای خدمت مرکز اور ای بز پنجاب پورٹل کے ذریعے موصول ہونے والی درخواستوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے اور ہر درخواست کی پراگریس کو متعلقہ ریکارڈ میں بروقت اپ ڈیٹ کیا جائے۔ افسران اپنے متعلقہ شعبوں میں درخواستوں کے نمٹانے کے عمل کی خود نگرانی کریں تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ قیصر عباس رند نے کہا کہ ایف ڈی اے میں سروس ڈیلیوری کو مزید مؤثر، شفاف اور شہری دوست بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔ آن لائن پورٹلز اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے درخواستوں کی وصولی اور مانیٹرنگ کا مقصد شہریوں کو آسان، تیز اور شفاف خدمات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ محکمانہ کارکردگی میں بہتری کے ساتھ ساتھ شہریوں کی شکایات اور درخواستوں کے ازالے کو اولین ترجیح دی جائے اور کسی بھی سطح پر غفلت یا غیر ضروری تاخیر کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے افسران جنید حسن منج،اسماء محسن، عاصم محمود، یاسر اعجاز چٹھہ، عدنان شہزاد۔ افضال انصاری، عبداللہ نور، عثمان رامے، خوشنود احمد، محمد بلال اور متعلقہ سٹاف نے شرکت کی۔