25/05/2026
پریس ریلیز
آج کیپٹن (ر) حسن سلیم بٹ اور سم عباس نے عیدالاضحیٰ کے انتظامات کے سلسلے میں مختلف عید گاہوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ عید گاہوں کے عمائدین اور منتظمین سے ملاقاتیں کیں اور عید نماز کے دوران عوام کو درپیش سہولیات اور ضروری انتظامات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
دورے کے دوران امامیہ عیدگاہ روط فاؤ، کالج عیدگاہ اور مسجد بلال سمیت مختلف مقامات کا معائنہ کیا گیا۔ انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ عید نماز کے بعد نمازیوں کے لیے پینے کے صاف پانی اور منہ ہاتھ دھونے کے لیے مناسب پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
اس موقع پر عید گاہوں کے منتظمین نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ انتظامیہ نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام الناس کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
21/05/2026
📢 اہم عوامی اطلاع
دفتر اسسٹنٹ کمشنر دنیور کی جانب سے تمام عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وزیرِاعظم فری سولر اسکیم کے تحت سولر پینلز کی تقسیم، ہز ہائینس پرنس کریم آغا خان کے گلگت بلتستان کے دورے کے اختتام تک عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
تمام وہ درخواست گزار جنہوں نے تصدیقی عمل مکمل کر لیا ہے اور رسید/ٹوکن حاصل کر چکے ہیں، وہ اپنی دستاویزات محفوظ رکھیں۔ تقسیمی عمل دوبارہ شروع ہونے پر یہی دستاویزات قابلِ قبول ہوں گی۔
سولر پینلز کی تقسیم دوبارہ شروع کرنے کے شیڈول سے بروقت آگاہ کر دیا جائے گا۔
دفتر اسسٹنٹ کمشنر دنیور
18/05/2026
📢 اہم عوامی اطلاع برائے سولر پینل ڈسٹریبیوشن 📢
اسسٹنٹ کمشنر دنیور کیپٹن (ر) حسن سلیم بٹ کی جانب سے قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے اہل افراد کو مطلع کیا جاتا ہے کہ سولر پینلز کی تقسیم کے سلسلے میں متعلقہ درخواست گزاروں کے کاغذات/دستاویزات کی ویریفکیشن چیف انجینیئر واٹر اینڈ پاور کے دفتر میں کی جائے گی۔
مزید برآں، تمام دفتری و قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سولر پینلز کی تقسیم و وصولی قراقرم یونیورسٹی (KIU) پارکنگ سے کی جائے گی۔
لہٰذا قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے تمام متعلقہ افراد ہدایت کی جاتی ہے کہ اپنے اصل کاغذات ہمراہ رکھیں اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق متعلقہ دفتر سے بروقت رجوع کریں۔
اسسٹنٹ کمشنر دنیور
کیپٹن (ر) حسن سلیم بٹ
16/05/2026
گلگت # وزیر اعظم مفت سولر سکیم صارفین کیلئے خوشخبری ، ضلع گلگت میں پیر 18 مئی سے مفت سولر تقسیم کا عمل شفاف انداز میں شروع کیا جائے گا
درخواست گزار درجہ ذیل کاغذات ساتھ لیکر 18 مئی بروز پیر صبح 9 بجے KIU پارکنگ تشریف لائیں ،
1 _( اصل شناختی کارڈ ،اور اسکی کاپی)
2 _ بجلی کا بل ادائیگی کی کاپی جو آخری مہینہ ادائیگی کی ہو ،
3 _ ( سولر کرائے کے مد میں ادائیگی کی چالان ثبوت کے طور پر لائیں )
4_ (جو بندہ کسی مجبوری ، معذوری یا کسی اور وجہ سے خود نہیں آسکتا ہو ، وہ اپنا شناختی کارڈ کے ساتھ اتھارٹی لیٹر کے ساتھ کسی دوسرے بندے کو سولر حاصل کرنے کیلئے بجوا سکتا ہے )
امید ہے درخواست گزار مزکورہ کاغذات ساتھ لیکر آئیں گے تاکہ موقع پر تصدیقی عمل شروع کرنے کے ساتھ درخواست گزاروں کو سولرز کی تقسیم کا شفاف انداز میں یقینی بنایا جاسکے ۔
واضح رہے صوبائی حکومت کے درخواست پر بجلی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کیلئے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے گلگت بلتستان کیلئے مفت سولر کا اعلان کیا تھا ۔ جس پر عملدرآمدکرتے ہوئے صوبائی حکومت و ضلعی انتظامیہ گلگت نے سولر کی شفاف انداز میں ڈسٹری بیوشن یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے ۔
شکریہ
تاریخ جمعہ 15 مئی 2026
13/05/2026
پریس ریلیز
آج اسماعیلی لوکل کونسل دنیور کی پبلک افیئرز اینڈ سیکیورٹی کمیٹی کے ایک وفد نے اسسٹنٹ کمشنر دنیور کیپٹن (ر) حسن سلیم بٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں سب ڈویژنل پولیس آفیسر دنیور، تحصیلدار دنیور، ٹریفک انچارج دنیور، نمائندہ اسٹیشن ہاؤس آفیسر دنیور اور میونسپل مجسٹریٹ نے بھی شرکت کی۔
وفد نے اجلاس کے دوران شاہ کریم الحسینی ہاسٹل گلگت میں متوقع دیدارگاہ کے حوالے سے انتظامیہ کو آگاہ کیا۔ وفد نے بتایا کہ دنیور، اوشکھنداس، سلطان آباد اور رحیم آباد سمیت مختلف علاقوں سے اسماعیلی کمیونٹی کے عوام کی بڑی تعداد گلگت کی جانب روانہ ہوگی۔ اس سلسلے میں ٹریفک کی روانی، عوامی سہولیات، سیکیورٹی انتظامات اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پبلک افیئرز اینڈ سیکیورٹی کمیٹی نے اسماعیلی کمیونٹی کے والنٹیر نظام، داخلی نظم و ضبط اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دنیور کیپٹن (ر) حسن سلیم بٹ نے کمیونٹی کے منظم والنٹیر سسٹم، بہترین ہم آہنگی اور نظم و ضبط کو سراہتے ہوئے اس پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ عوام کی آمد و رفت کو محفوظ اور منظم بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ مؤثر اقدامات یقینی بنائیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دنیور کیپٹن (ر) حسن سلیم بٹ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے، ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنانے اور عوام کی سہولت کے لیے تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ تمام امور خوش اسلوبی سے انجام دیے جا سکیں۔
13/05/2026
نوٹیفکیشن
عوامی سہولت، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے، صفائی و ستھرائی کے مؤثر انتظام اور مویشیوں کی خرید و فروخت کو منظم انداز میں انجام دینے کے لیے، پولو گراؤنڈ دنیور کو فوری طور پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے سرکاری کیٹل منڈی (Cattle Market) کے طور پر نامزد کیا جاتا ہے۔
لہٰذا تمام مویشیوں کے خریدار و فروخت کنندگان، بیوپاری حضرات اور عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ آئندہ مویشیوں کی خرید و فروخت صرف اور صرف پولو گراؤنڈ دنیور میں کی جائے گی۔
کسی بھی فرد کو اجازت نہیں ہوگی کہ وہ سڑکوں، بازاروں، چوراہوں یا دیگر عوامی مقامات پر مویشیوں کی خرید و فروخت کرے۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف ضابطہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی