14/07/2026
میرے پاس ایک مکھی چینی نسل کی بکری تھی۔ رات کو وہ بالکل ٹھیک تھی، ہم نے اسے باندھ دیا تھا۔ صبح اٹھ کر دیکھا تو وہ اپنی گردن نہیں اٹھا پا رہی تھی۔ تھوڑی دیر بعد گر گئی اور پھر دوبارہ کھڑی نہ ہو سکی۔
میں اسے ریڈیو پاکستان ویٹرنری اسپتال لے گیا، مگر وہاں کے ڈاکٹر نے کچھ علاج کرنے کے بعد کہا کہ اسے گھر لے جاؤ، خود ہی ٹھیک ہو جائے گی۔ جب گھر لایا تو کچھ ہی دیر میں اس کا پیٹ سوج گیا۔ پہلے مجھے لگا کہ شاید اپھارہ (گیس) ہے، اسی خیال سے میں نے اسے سرسوں کا تیل پلایا، پھر اندازے سے فیڈنگ بوتل کے ذریعے میٹھا سوڈا بھی دیا، جو اس نے پی لیا۔
مگر وقت گزرنے کے ساتھ اس کی حالت مزید خراب ہوتی گئی۔ اس کی آنکھیں پھڑکنے لگیں اور وہ شدید تکلیف میں تھی۔ اللہ ہی بہتر جانتا ہے کہ اسے گردن پر فالج ہوا تھا یا کوئی اور بیماری تھی۔
میرا ایک دوست قصائی ہے، وہ آیا اور بکری کو دیکھ کر کہنے لگا کہ اسے ذبح کر دو، ورنہ ضائع ہو جائے گی۔ وہ اسے اپنے ساتھ لے گیا۔ شام کو واپس آ کر اس نے بتایا کہ جب بکری کا پیٹ کھولا گیا تو اندر پیشاب کی تھیلی (مثانہ) غیر معمولی طور پر پھولی ہوئی تھی، یہاں تک کہ پھٹنے کے قریب تھی، اور گردن کے قریب خون بھی جما ہوا تھا۔
میرے گھر والوں نے اسے بچپن سے پالا تھا۔ چار دانت تک ہم نے اسے بڑی محبت سے پالا پوسا۔ اس کا وزن تقریباً 60 کلو تھا، بہت خوبصورت بکری تھی۔ جب اسے چھت سے نیچے اتارا جا رہا تھا تو ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے گھر میں کسی عزیز کا جنازہ ہو۔ میری والدہ کی حالت بھی دو دن تک بہت خراب رہی۔
مگر پھر یہی سوچ کر دل کو تسلی دی کہ یہ اللہ کا دیا ہوا مال تھا، اور اللہ ہی نے واپس لے لیا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
مجھے معلوم ہے کہ جانوروں سے محبت کرنے والے ہی سمجھ سکتے ہیں کہ ایک بے زبان جانور اپنے مالک کے لیے کیا حیثیت رکھتا ہے۔ اسی لیے میں نے یہ واقعہ آپ کے ساتھ شیئر کیا۔
Allah pakistan k fradia dr se har shaks ko bachaye ameen!