03/06/2026
مظفرآباد ( پی آئی ڈی ) 3 جون 2026
ترجمان محکمہ خوراک کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق محکمہ خوراک میں دستیاب گریڈ 09 تا 15 کی خالی آسامیوں پر عارضی ایڈھاک بھرتی کیلئے مختلف اخبارات میں اشتہار شائع کرواتے ہوئے درخواستیں طلب کی گئیں تھیں اور بالترتیب مورخہ 04 جون 2026 کومظفر آباد اور 05 جون 2026 ء کو راولپنڈی میں بغرض انٹرو یو طلب کیا گیا تھا۔ ناگزیر انتظامی وجوہات پر مقررہ تاریخ هاء پر ہونے والا انٹرویو ملتوی کئے جاتے ہیں ۔ انٹرویو کیلئے آئیندہ تاریخ بذریعہ اخبارات و سوشل میڈیا امیدواران کو مطلع کیا جائے گا۔
03/06/2026
*بچوں کی صحت کے تحفظ کیلئے فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کا تعلیمی اداروں میں واٹر فلٹریشن سسٹمز کا معائنہ، غیر فعال پلانٹس پر نوٹسز جاری۔*
مظفرآباد:
بچے کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔ ان کی بہتر صحت، محفوظ ماحول اور معیاری سہولیات کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ صاف اور محفوظ پینے کا پانی بچوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے بنیادی ضرورت ہے، جبکہ آلودہ پانی مختلف بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی معائنہ مہم کا آغاز کیا ہے۔
فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی ٹیم نے شہر کے مختلف سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کا دورہ کرتے ہوئے واٹر فلٹریشن پلانٹس، واٹر کولرز اور پانی ذخیرہ کرنے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران متعدد تعلیمی اداروں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس غیر فعال پائے گئے جبکہ بعض اداروں میں فلٹریشن سسٹم سرے سے موجود ہی نہیں تھا۔
فوڈ اتھارٹی ٹیم نے پانی کی فراہمی کے نظام، فلٹریشن سسٹمز کی فعالیت، صفائی و ستھرائی کے انتظامات اور واٹر کنٹینرز کی حالت کا جائزہ لیتے ہوئے طلبہ کی صحت کے تحفظ سے متعلق جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کا بھی تفصیلی مشاہدہ کیا۔
معائنے کے دوران غیر فعال فلٹریشن پلانٹس اور مطلوبہ انتظامات کی عدم موجودگی پر متعلقہ اداروں کے ذمہ داران کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر فلٹریشن سسٹمز کو فعال بنانے اور طلبہ کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ فوڈ اتھارٹی حکام نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم بچوں کو محفوظ اور معیاری پینے کے پانی کی فراہمی ادارہ جاتی ذمہ داری ہے۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق تعلیمی اداروں میں بچوں کی صحت و فلاح کے پیش نظر پیور فوڈ ریگولیشنز کے مطابق صاف پانی اور محفوظ خوراک کی فراہمی ناگزیر ہے۔ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بروقت مرمت، فلٹرز کی تبدیلی، باقاعدہ صفائی اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے مزید کہا کہ مقررہ مدت کے بعد دوبارہ معائنہ کیا جائے گا انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کو صاف، محفوظ اور معیاری پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے فوڈ اتھارٹی اپنی نگرانی اور اصلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
21/05/2026
*فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کا غیر رجسٹرڈ اور بدوں لیبارٹری رپورٹس اشیائے خوردونوش کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ، برارکوٹ انٹری پوائنٹ پر دوران ناکہ شہد اور ایپل سائڈر ونیگر کی بھاری کھیپ ضبط*
مظفرآباد
عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے پولیس چوکی برارکوٹ کے ہمراہ برارکوٹ ناکہ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ شہد (Honey) اور ایپل سائڈر ونیگر (Apple Cider Vinegar) کی بھاری کھیپ ضبط کر لی۔تفصیلات کے مطابق فوڈ اتھارٹی ٹیم نے ناکہ بندی کے دوران مختلف گاڑیوں کی چیکنگ کی، جہاں “Naran Foods” کے نام سے فروخت ہونے والی ہنی اور ایپل سائڈر ونیگر کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب متعلقہ کمپنی اپنی مصنوعات سے متعلق قانونی رجسٹریشن، کوالٹی رپورٹس، لیبارٹری تجزیہ اور معیار سے متعلق مطلوبہ دستاویزات پیش نہ کر سکی۔
فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق ضبط شدہ اشیا کے سیمپلز حاصل کر کے تفصیلی لیبارٹری تجزیہ کیلئے ارسال کیے جا رہے ہیں تاکہ “فارسٹ ہنی” کے دعوؤں کی سائنسی بنیادوں پر جانچ کی جا سکے اور یہ معلوم ہو سکے کہ آیا مصنوعات مقررہ فوڈ سیفٹی معیار پر پورا اترتی ہیں یا نہیں۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر/فوڈ سیفٹی آفیسر مظفرآباد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو محفوظ، خالص اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے، جبکہ غیر رجسٹرڈ، بغیر تصدیق شدہ اور مشکوک خوراک کسی صورت مارکیٹ میں فروخت نہیں ہونے دی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ آزاد جموں و کشمیر فوڈ اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ نہ ہونے والی اور مطلوبہ لیبارٹری رپورٹس کے بغیر فروخت کی جانے والی تمام اشیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ قانون شکنی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت تادیبی اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔
شہری کسی بھی مشکوک، ناقص یا غیر معیاری خوراک سے متعلق شکایت فوری طور پر فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1280 پر درج کروائیں تاکہ بروقت کارروائی یقینی بنائی جا سکے
21/05/2026
مورخہ #21 مئی 2026
تحصیل میرپور حدود ڈپو جاتلاں :-
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر میرپور عدنان علی نقوی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی افیسر مدثر رحمان نے ہمراہ معاون سٹاف جاتلاں انٹری پوائنٹ اور جاتلاں بازار میں کریانہ سٹورز ، سویٹس اینڈ بیکرز اور بازار میں اشیاء خوردونوش لانے والی گاڑیوں کی پڑتال عمل میں لائی ۔
ایکسپائر آئٹمز اورناقص صفائی پر فوڈ آپریٹرز کو موقع پر 19000جرمانے کیے گئے۔ اور تمام فوڈ آپریٹرز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ صرف رجسٹرڈ کمپنی کی اشیاء کی فروخت کو یقینی بنائیں۔کیونکہ عوام الناس کی صحت فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔
20/05/2026
میرپور
مورخہ 20 مئی 2026
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید عدنان علی نقوی کی زیر نگرانی فوڈ انسپکٹرز شہریار خان اور مدثر الرحمن نے
منگلا انٹری پوائنٹ پر فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ناکہ بندی کرتے ہوئے اشیاء خوردونوش لانے والی گاڑیوں کی پڑتال عمل میں لائ۔ اس موقع پر بیکریز آئٹم، گھی یا آئل، دودھ، پانی، کولڈ ڈرنکس، جوسز اور فروزن فوڈ کی پڑتال کی گئی
دوران پڑتال بدوں رجسٹریشن کمپنیوں کو مجموعی طور پر 40000 روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے گئے
فوڈ اتھارٹی کا مقصد عوام الناس کو ملاوٹ سے پاک اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رہیں گے تاکہ مارکیٹ میں صرف محفوظ اور معیاری خوراک کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔
18/05/2026
*گوجرہ مظفرآباد، فوڈ اتھارٹی کا غیر قانونی، جعلی کولڈ ڈرنکس کے گودام پرچھاپہ،گودام سیل۔دیگر کمپنیوں کی مصنوعات کوبھی غیر معیاری سٹوریج میں رکھا گیا تھا۔*
مظفرآباد
فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے گوجرہ کے رہائشی علاقے میں قائم ایک غیر قانونی گودام کو سیل کر دیا۔ کارروائی خفیہ اطلاع اور مسلسل نگرانی کے بعد عمل میں لائی گئی جہاں مختلف کمپنیوں کے Copied کولڈ ڈرنکس اور دیگر اشیائے خوردونوش بڑی مقدار میں ذخیرہ کی گئی تھیں۔
فوڈ اتھارٹی ٹیم کی اچانک جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا کہ گودام بغیر این او سی رہائشی علاقے میں قائم تھا جبکہ کولڈ ڈرنکس اور دیگر فوڈ آئٹمز کو شدید دھوپ اور غیر موزوں درجہ حرارت میں رکھا گیا تھا، جو پیور فوڈ ریگولیشنز 2019 کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ حکام کے مطابق اس قسم کی غیر معیاری اسٹوریج انسانی صحت اور خوراک کے معیار کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
معائنے کے دوران گودام میں موجود مختلف کمپنیوں کی مصنوعات کے لیے مجاز اتھارٹی لیٹرز اور مطلوبہ کوالٹی رپورٹس بھی پیش نہ کی جا سکیں جس پر فوڈ اتھارٹی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گودام کو سیل کر دیا۔
فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ ضلع بھر میں غیر محفوظ اور غیر معیاری خوراک کے خلاف آپریشن مزید تیز کیے جا رہے ہیں۔ حکام نے واضح کیا کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی اے جے کے فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور فوڈ سیفٹی قوانین پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
03/05/2026
Food Authority’s crackdown in Muzaffarabad’s suburban markets continues for a second consecutive day, with strict inspections underway in Jabar, Panjgraan, Deoliyan, Dhani, and Kanwar. Substandard, unregistered, and uncertified food items were seized and destroyed on the spot as part of the ongoing enforcement drive.