05/06/2025
گورنمنٹ بوائز ہائی سکول پنجگراں مظفرآباد
گرمائی تعطیلات 2025 کے لیے کلاس اول تا دہم طلبہ کو ہوم ورک کے طور پر تحریری سلیبس دیا گیا ہے۔ یہ سلیبس طلبہ کے فارغ اوقات کو مفید اور کار آمد بنانے کے لیے نصابی کتب سے تجویز کیا گیا ہے جس کے مطابق طلبہ معمولی سی توجہ اور ریسرچ سے کتب کی مدد سے مکمل کریں گے۔
طلبہ کو گھریلو کام کاج کے ساتھ ساتھ ادارہ کی طرف سے پابندئ نماز، قرآن کریم کی تلاوت کا معمول اور زکر و ازکار پر کار بند رہنے اور مطالعہ کے اوقات کار بنانے، اس پر عملدرآمد کرنے کے لیے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ طلبہ اپنا ہوم ورک والدین کی زیر نگرانی 11 اگست 2025 سے قبل مکمل کریں گے۔
ہوم ورک کے سلیبس میں طلبہ کی ہم نصابی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے اسمبلی کی مکمل نقابت، جبکہ روحانی تربیت کے طور پر جامع دعا یاد کرنے کے لیے دی گئی ہے۔
طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے دیہاتی علاقہ جات سے متعلقہ تقریباً سولہ موضوعات دیے گئے ہیں جن میں سے طلبہ اپنے پسندیدہ موضوع پر مضمون یا کہانی نما تحریر لکھ کر لائیں گے۔ ان موضوعات میں درج ذیل شامل ہیں۔
برائے جماعت ششم تا دہم
1۔ میرا گاؤں – میری پہچان
(اپنے گاؤں کے مناظر، لوگ، اور روایات پر مبنی مضمون)
2. ایک دن کسان کے ساتھ
(کسان کی محنت، فصل کاٹنے یا بیج بونے کا تجربہ)
3. دیہاتی میلہ
(روایتی میلوں، کھیلوں، جھولوں اور رونقوں کا تذکرہ)
4. گاؤں کی صبح اور شام
(قدرتی مناظر، فطرت کے رنگ، پرندوں کی آوازیں)
5۔ گاؤں کی اسکول زندگی
(سادہ اسکول، اساتذہ، بچوں کی دوستی اور تعلیم)
6. گاؤں کے جانور – میرے دوست
(بھینس، گائے، بکری، مرغی وغیرہ کے ساتھ تجربات)
7. گاؤں کی سوغات – دیسی کھانے
(مکئی کی روٹی، لسی، مٹھائیاں اور دیسی کھانوں کی تفصیل)
8. گاؤں میں بجلی نہ ہونے پر ایک دن
(رات کو لالٹین، ٹارچ، چاندنی رات اور گپ شپ کے مناظر)
برائے کلاس سوم، چہارم اور پنجم
1. میرا گاؤں
(بچے اپنے گاؤں کے نام، گھر، درخت، کھیت، گاڑی ، سڑک وغیرہ کا ذکر کریں)
2. گائے، بھینس اور بکری
(دیہی جانوروں کی خصوصیات، دودھ دینا، چارہ کھانا)
3. مرغی کے بچے
(مرغی، اس کے انڈے اور چوزے کیسے نکلتے ہیں؟)
4. ہماری کھیتیاں
(گندم، مکئی یا چاول کے کھیتوں کی باتیں)
5. میری دادی اماں
(دادی کے ہاتھ کا کھانا، کہانیاں، دعائیں)
6۔ دیسی مرغی کا انڈا
(دیسی مرغی، انڈے اور ان کے فائدے)
7. میرا کھلونا گدھا/بیل
(گاؤں کے جانوروں پر مبنی کھلونے یا پسندیدہ جانور کی کہانی)
8۔ میرا دوست
(نام، والد کا نام، عمر ، گھر کا پتہ، کلاس، اچھی عادتیں، بری عادتیں، وہ کیا بننا چاہتا ہے وغیرہ)
اس کے علاوہ یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے تقریب کے لیے تلاوت، نعت اور تقریر کی تیاری کے لیے بھی ذمہ داری دی گئی ہیں۔ دوران تعطیلات ہوم ورک میں رہنمائی کے لیے ہر جماعت کے فارم مدرسین کے ساتھ رابطہ کرنے کا طریقہ کار بھی طلبہ کو سمجھا دیا گیا ہے۔
تعطیلات کا ہوم ورک ڈاکٹر صغیر احمد سینئر صدر معلم ادارہ کی زیرنگرانی سر نصیر احمد سینئر معلم نے اساتذہ کے تعاون سے انتہائی مختصر وقت میں تیار کیا ہے جس کا مقصد طلبہ کو روایتی ہوم ورک کی بجائے تخلیقی اور فکری مطالعہ اور تحریر کی مہارت سکھانا اور ذمہ دار طالب علم بنانا ہے۔
گورنمنٹ بوائز ہائی سکول پنجگراں عید الاضحیٰ اور گرمائی تعطیلات کے بعد 12 اگست 2025 بروز منگل دوبارہ کلاسز کا آغاز کرے گا۔ طلبہ کو اپنا ہوم ورک اسی تاریخ پر جمع کروانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

04/03/2025
01/03/2025
01/03/2025
27/02/2025