30/03/2026
تین سو ستائیسویں(327) ویں عالمی وساکھی فیسٹیول کیلئے پنجاب حکومت کے فول پروف انتظامات، اعلیٰ سطح اجلاس میں جائزہ*
*صوبائی وزرا رمیش سنگھ اروڑہ اور خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، عالمی یاتریوں کے شاندار استقبال کی تیاری*
لاہور (30 مارچ) 327ویں عالمی وساکھی فیسٹیول کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ اور صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کی۔
اجلاس میں 327ویں عالمی وساکھی فیسٹیول کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی بھی اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے وساکھی میلے کے انتظامات پر بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وساکھی میلہ 10 اپریل سے 19 اپریل تک جاری رہے گا، جس میں تقریباً 20 ہزار مقامی، 3 ہزار بھارت سے اور 3 ہزار دنیا بھر سے سکھ یاتری شرکت کریں گے۔ یاتری لاہور، ننکانہ صاحب، حسن ابدال، ایمن آباد، فاروق آباد اور کرتارپور نارووال سمیت مختلف مقدس مقامات کا دورہ کریں گے۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مذہبی اقلیتوں کے تمام تہواروں میں شرکت کر کے ایک نئی روایت قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وساکھی ایک عالمی فیسٹیول ہے جس میں غیر ملکی سفارتکار بھی شرکت کریں گے، لہٰذا تمام ادارے باہمی تعاون سے پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کریں۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ سکھ یاتریوں کے مذہبی جذبات اور روایات کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے۔
صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب وساکھی فیسٹیول کیلئے فول پروف انتظامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کی بھرپور مہمان نوازی کی جائے گی جبکہ یاتریوں کی سکیورٹی اور آرام دہ قیام کیلئے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تمام ٹرانسپورٹ کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دینے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ سینئر سٹیزن کاؤنٹرز، اضافی واش رومز، ہیوی ڈیوٹی جنریٹرز اور ایف آئی اے کے اضافی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں۔ یاتریوں کیلئے وسیع لنگر، معیاری طبی سہولیات اور ایمبولینسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ تمام مقامات پر بروقت رسائی کیلئے لگژری بسوں کا انتظام کیا جائے۔
لیسکو حکام کو ہدایت کی گئی کہ فیسٹیول کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں۔ مزید برآں، کرنسی ایکسچینج کیلئے مستند ڈیلرز کا انتخاب، ائیر کنڈیشنڈ مارکیز کی فراہمی اور تمام محکموں میں موثر کوآرڈینیشن کیلئے فوکل پرسنز کی نامزدگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ بین الاقوامی یاتریوں کیلئے بہترین انتظامات پاکستان کے مثبت تشخص کیلئے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مقامات پر رہائش، خوراک اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران جبکہ کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
Maryam Nawaz Sharif
Human Rights and Minorities Affairs Department, Government of the Punjab
Sardar Ramesh Singh Arora
Govt of Punjab
Ramesh Singh Arora
Pakistan Sikh Gurdwara Parbandhank Committee
Government of Pakistan