25/04/2026
معروف ٹرانسپورٹر اور آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے مخلص رہنما حاجی الیاس بابر مرحوم کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
اس موقع پر سینیٹر عون عباس بپی (سینئر نائب صدر ساؤتھ پنجاب) چوہدری سجاد احمد وڑائچ (ایم پی اے)، چوہدری جاوید اقبال وڑائچ (ایم این اے)، چوہدری آصف مجید (ایم پی اے)، چوہدری نعیم شفیق (ایم پی اے) اور سردار رئیس محبوب احمد خان (ضلعی صدر) نے خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ چوہدری منظور وڑائچ (ضلعی جنرل سیکرٹری)، میاں عبدالمومن (ٹکٹ ہولڈر)، چوہدری قمر الزماں گل ایڈووکیٹ چیئرمین، چوہدری کاشف امین، وقاص چیمہ، میاں عبدالستار، حاجی ظفر اقبال وینس، شمیل مرزا، چوہدری شاہد اور دیگر احباب بھی موجود تھے۔
تمام معزز شخصیات نے مرحوم کی ٹرانسپورٹ برادری کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے اہل و عیال کے ساتھ دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا، اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل دے۔
حاجی الیاس بابر مرحوم کی خدمات اور ان کی کمی ٹرانسپورٹ برادری میں ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔
۔
منجانب:
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن
24/04/2026
انا للہ وانا الیہ راجعون 😢
حاجی الیاس بابر صاحب ان مخلص اور بااصول لوگوں میں سے تھے جنہوں نے ایکسل لوڈ لمٹ کے نفاذ کو اپنا مشن بنایا۔ وہ اس جدوجہد کے بانی رہنماؤں میں شامل تھے اور اس مقصد کے حصول کے لیے انہوں نے خلوص، ثابت قدمی اور عملی محنت کے ساتھ ہر سطح پر کردار ادا کیا۔ اسلام آباد اور کراچی کے طویل سفر ہوں یا پالیسی سطح کی کاوشیں، وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ ڈٹے رہے اور ٹرانسپورٹرز کے حقوق کے لیے بھرپور آواز بلند کرتے رہے۔
ٹرانسپورٹرز کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی خدمات ایک اثاثہ ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وہ صرف ایک فرد نہیں بلکہ ایک سوچ اور ایک تحریک کا نام تھے، جس نے اس شعبے میں مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھی۔
اللہ سبحان و تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ حاجی الیاس بابر صاحب کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی تمام لغزشوں کو معاف فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔ آمین ثم آمین۔
تمام دوستوں سے گزارش ہے کہ انہیں اپنی خصوصی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں۔
۔
منجانب:
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن
22/04/2026
ہم نے ہمیشہ سمجھایا کہ اوورلوڈنگ ٹرانسپورٹرز کیلئے نقصان دہ ہے، اوورلوڈنگ کرنے والے اور مختلف حیلے بہانوں سے اوورلوڈنگ کو سپورٹ کرنے والوں نے ٹرانسپورٹرز کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ ٹرانسپورٹرز کو اپنا محاسبہ خود کرنا چاہیئے۔ آج مارکیٹ کی جو صورتحال ہے اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہو گی؟
۔
منجانب:
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن
19/04/2026
صادق آباد میں اسیزو کمپنی کی تھری ایس ڈیلرشپ کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں علاقے کی ممتاز سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات سمیت ٹرانسپورٹرز کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں ایم این اے سردار اظہر خان لغاری، ایم پی اے چوہدری سجاد احمد وڑائچ، صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ، چیئرمین چوہدری قمر الزماں گل ایڈووکیٹ، محمد کلی خان خٹک (ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر )، شیخ علاؤ الدین (چیئرمین راوی گروپ)، شیخ عمر (منیجنگ ڈائریکٹر راوی گروپ)، میر بدر منیر (سینیئر جنرل مینیجر سیلز اینڈ مارکیٹنگ)، محمد مدثر بٹ (جنرل مینیجر سیلز و مارکیٹنگ) اور عبدالرحیم (صادق آباد موٹرز) شامل تھے۔
تقریب کے دوران شرکاء میں نئی اسوزو گاڑیوں کی چابیاں تقسیم کی گئیں، جو ٹرانسپورٹ سیکٹر میں جدید اور معیاری گاڑیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
اس موقع پر محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں اسیزو پاکستان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں ایکسل لوڈ لمٹ کا مؤثر نفاذ نہ صرف سڑکوں کے تحفظ بلکہ ٹرانسپورٹ کے نظام کی بہتری اور معیشت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
چیئرمین آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن چوہدری قمر الزماں گل ایڈووکیٹ نے بھی اپنے خطاب میں اوورلوڈنگ کے خاتمے کی اہمیت پر زور دیا اور اسیزو پاکستان کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر دیگر معزز شخصیات میں چوہدری کاشف امین، حاجی اظہر سراج، حاجی احمد نواز چیمہ، حاجی عارف، حاجی عمر، میاں عبدالستار، میاں ناصر علی، چوہدری عمیر وڑائچ، جام سکندر، چوہدری محمد بوٹا آرائیں، چوہدری فاروق باجوہ، چوہدری وقاص چیمہ، نبیل انور چیمہ، چوہدری ماجد امین، چوہدری ارسلان علی، رانا مشتاق احمد، مبشر منڈ، چوہدری عامر، چوہدری صابر، حاجی ملک نیک عالم، ملک محمد محسن، چوہدری عاشق علی، لطف اللہ خان، اور محمود الحسن چوہدری سمیت کثیر تعداد میں ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی
شرکاء نے اس اقدام کو علاقے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے مقامی معیشت کو مزید تقویت ملے گی اور ٹرانسپورٹ سیکٹر جدید خطوط پر استوار ہو گا۔
۔
منجانب:
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن
08/04/2026
ایران کے ساتھ جنگ بندی کے نتیجے میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تقریباً 17 فیصد تک نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، جو نہایت مثبت پیش رفت ہے۔ ہم اس موقع پر حکومتِ پاکستان کی ان مؤثر سفارتی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جن کی بدولت خطے میں کشیدگی میں کمی آئی اور یہ جنگ بندی ممکن ہوئی۔ بلاشبہ یہ حکومت کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، جس کے اثرات نہ صرف علاقائی امن کے لیے اہم ہیں بلکہ عالمی معیشت اور توانائی کی منڈیوں پر بھی خوشگوار انداز میں مرتب ہو رہے ہیں۔
اس تناظر میں ہم حکومتِ پاکستان سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں آنے والی اس واضح کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے، خصوصاً ڈیزل کی قیمت میں خاطر خواہ کمی کر کے۔ ڈیزل کی قیمت میں کمی نہ صرف گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے کو درپیش مالی دباؤ کم کرے گی بلکہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل کی لاگت میں کمی کے ذریعے مہنگائی کے بوجھ کو بھی کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
۔
منجانب:
محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ
صدر
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن