14/08/2026
پریس کلب فاروق آباد کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کیک کٹنگ کی شاندار تقریب
فاروق آباد (نامہ نگار): پریس کلب رجسٹرڈ فاروق آباد کے زیرِ اہتمام بلدیہ ہال فاروق آباد میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ایک شاندار، پُروقار اور قومی جذبے سے سرشار کیک کٹنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت صدر پریس کلب رجسٹرڈ فاروق آباد میاں لیاقت علی نے کی۔
تقریب میں سی او بلدیہ منصور الہی ، سینئر سیاسی رہنما رانا وحید احمد، صدر مسلم لیگ (ن) فاروق آباد حاجی یاسین، سابق صدر مسلم لیگ شیخ زاہد حسین سیاسی و سماجی رہنما حافظ محمد رفیق صدر مرکزی انجمن تاجران شیخ شہزاد انجم، چیئرمین پریس کلب عمران ہاشمی، بانی پریس کلب کاشف منصور بھٹی، جنرل سیکرٹری پریس کلب حافظ عثمان ہاشمی سینیئر صحافی قاسم رشید طاہر۔ شیخ وقاص زاہد۔ ملک شہزاد افتخار ۔وسیم احمد ۔ملک طلحہ خالد ۔ڈاکٹر طاہر وقاص ۔سیٹھ محبوب عالم سمیت پریس کلب کے عہدیداران، ممبران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب کے دوران پاکستان کی آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا اور وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکاء نے قومی پرچم کے سائے تلے پاکستان سے اپنی والہانہ محبت اور قومی یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صدر پریس کلب میاں لیاقت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست 1947ء ہماری قومی تاریخ کا ایک عظیم اور یادگار دن ہے، جب ہمارے بزرگوں نے آزادی کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دیں اور ہمیں ایک آزاد وطن کی نعمت میسر آئی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی محض ایک نعمت نہیں بلکہ ایک عظیم ذمہ داری بھی ہے۔ ہمیں اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہوئے پاکستان کو مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جس نظریے اور مقصد کے تحت حاصل کیا گیا، اس کی تکمیل کے لیے اتحاد، ایمان، نظم و ضبط، دیانت داری اور حب الوطنی کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا ہوگا۔ صحافتی برادری بھی قومی ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے معاشرے میں مثبت سوچ، شعور اور اتحاد کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
تقریب کے اختتام پر میاں لیاقت علی نے تمام معزز مہمانوں، سیاسی و سماجی شخصیات، تاجروں، صحافیوں اور پریس کلب کے ممبران کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ معزز مہمانوں کی بھرپور شرکت نے تقریب کو مزید باوقار اور یادگار بنا دیا۔
آخر میں پاکستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
پاکستان زندہ باد! 🇵🇰
پریس کلب رجسٹرڈ فاروق آباد پائندہ باد!