05/06/2026
گوادر:::نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکریٹری ماہی گیر آدم قادربخش نے اپنے ایک بیان میں حکومتِ بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ تمام سرحدی بارڈرز بند رکھنے کے فیصلے پر فوری نظرِ ثانی کی جائے اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات کے ساتھ سرحدی آمد و رفت اور قانونی تجارت کو بحال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں صنعتی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ صوبے کے بیشتر اضلاع اس وقت ایندھن (فیول) کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث مشینری، زراعت، ماہی گیری، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
آدم قادربخش نے کہا کہ سرحدی علاقوں کے عوام خوراک اور دیگر ضروری اشیائے خورد و نوش کی فراہمی میں بھی شدید مشکلات سے دوچار ہیں، جس کے باعث عوامی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ سرحدی تجارت کی بندش نے مقامی معیشت کو بھی متاثر کیا ہے اور ہزاروں خاندانوں کے روزگار پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
انہوں نے حکومتِ بلوچستان اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ سیکیورٹی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے مؤثر اور متوازن اقدامات کریں جن کے ذریعے عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے، کاروباری سرگرمیوں کو بحال کیا جائے اور سرحدی علاقوں کے عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوامی مفاد، معاشی استحکام اور سرحدی علاقوں کی خوشحالی کے لیے قانونی سرحدی تجارت کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے، لہٰذا حکومت فوری طور پر اس معاملے کا جائزہ لے اور عوامی مشکلات کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے۔
آدم قادربخش
صوبائی سیکریٹری ماہی گیر
**نیشنل پارٹی
05/06/2026
تربت: شے کہن سے واجہ ملا بخش، وسیم ملا بخش، محمد آصف ملا بخش، شیرجان ملا بخش اور میر اللہ ملا بخش نے اپنی پوری فیملی سمیت پاکستان پیپلز پارٹی سے استعفیٰ دے کر نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
انہوں نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کا حصہ بننے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچ اور بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، نیشنل پارٹی کی قومی و جمہوری جدوجہد سے متاثر ھوکر انہوں نے اپنی سیاسی وابستگی نیشنل پارٹی کے ساتھ قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ نیشنل پارٹی کے رھنماوں نے پارٹی پر شمولیت اختیار کرنے پر انہیں ویلکم کیا اور مبارکباد دی۔
05/06/2026
نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جوسک میں نیشنل پارٹی کے بزرگ رہنما حاجی پیر بخش کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما نثار احمد جوسکی، فدا شیر جوسکی، مشکور انور بلوچ، سیف اللہ، محسن پیر بخش، حمل پیر بخش اور فیصل پیر بخش بھی موجود تھے۔
05/06/2026
محراب خالد بلوچ کو فوری بازیاب کیا جائے
نیشنل پارٹی کیچ
نیشنل پارٹی کیچ کے ضلعی ترجمان نے جاری کردہ بیان میں تربت سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ نوجوان گدروشیا پوائنٹ نیوز چینل کے سینئر کیمرہ مین و این ایل ای، بلوچی فلم انڈسٹری کے معروف کیمرہ مین آرٹسٹ اور نیشنل کالج آف آرٹس لاہور میں فلم سازی کے طالبعلم محراب خالد بلوچ ولد محمد خالد کو 29 مئی، 2026 کو لاہور میں حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر نے کی شدید الفاظ میں مزمت کی گئی۔ محراب خالد بلوچ کی جبری گمشدگی کو ایک ہفتہ ہوگیا ہے لیکن تاحال ان کے بارے میں کوئی مصدقہ معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ اُن کی گمشدگی پر اہلِخانہ شدید ذہنی اذیت اور بےچینی کا شکار ہے۔ نیشنل پارٹی متعلقہ حکام سے اپیل کرتی ہے کہ انہیں فوری طور پر عدالت میں پیش کرکے منظرعام پر لایا جائے۔
شعبہ نشرواشاعت
نیشنل پارٹی کیچ
05/06/2026
کنٹانی میں کاروباری سرگرمیاں بحال، بے روزگار نوجوانوں میں خوشی کی لہر
گوادر/ نیشنل پارٹی اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی مسلسل جدوجہد اور کوششوں کے نتیجے میں کنٹانی کے ساحلی علاقے میں مقامی سطح پر کاروباری سرگرمیاں دوبارہ بحال ہو گئی ہیں۔
علاقے میں چھوٹی سمندری کشتیوں کے ذریعے ہونے والا مقامی کاروبار ایک بار پھر شروع ہونے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں، جس پر اہلِ بلوچستان خصوصاً بے روزگار نوجوانوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کاروبار کی بحالی سے نہ صرف ساحلی آبادی کو معاشی فائدہ پہنچے گا بلکہ سیاحت اور مقامی تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے اس پیش رفت کو علاقے کی معاشی بہتری کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔
عوامی حلقوں نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی ساحلی علاقوں کی ترقی اور نوجوانوں کے روزگار کے لیے ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔
رپورٹ: الطاف ظہیر
Dr Abdul Malik Baloch Jahanzaib Rahmat Dr Abdul Malik Baloch Fida Umrani Baloch Fida Buledi Bahram M***a
05/06/2026
نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکریٹری واجہ حمل بلوچ، سینئر رہنما واجہ بجار بلوچ اور چیئرمین نادر قدوس بلوچ نے اپنے مشترکہ بیان میں ضلع خضدار کے علاقے زہری میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما سردار نصیر احمد موسیانی کے گھر پر چھاپے کے دوران ان کے صاحبزادے اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی نائب صدر سردارزادہ خلیل احمد موسیانی کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی جانب سے پرامن سیاسی رہنماؤں کے گھروں پر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنا نہ صرف بلوچ قومی روایات اور سماجی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ ایسے اقدامات ریاستی پالیسیوں اور اداروں کے کردار پر سنگین سوالات بھی اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی کارکنوں اور جمہوری جدوجہد پر یقین رکھنے والے افراد کو طاقت کے ذریعے دبانے کی کوششیں حالات کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہیں۔
رہنماؤں نے کہا کہ سردارزادہ خلیل احمد موسیانی کی شہادت نہ صرف ان کے خاندان، سیاسی ساتھیوں اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے بلکہ یہ پورے بلوچستان کے سیاسی اور جمہوری حلقوں کے لیے بھی باعث تشویش واقعہ ہے۔ انہوں نے اس واقعے کو انسانی حقوق، سیاسی آزادیوں اور جمہوری اقدار کے منافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے ریاست پر عوامی اعتماد مجروح ہوتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پرامن سیاسی کارکنوں کو دیوار سے لگانے اور جمہوری آوازوں کو دبانے کی پالیسی دراصل ان عناصر کے بیانیے کو تقویت دیتی ہے جو ریاستی ڈھانچے اور اس کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ مسائل کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ سیاسی مکالمے، جمہوری رویوں اور عوامی خواہشات کے احترام میں مضمر ہے۔
نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے واقعے کی شفاف، غیرجانبدارانہ اور فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے ذمہ دار عناصر کے تعین اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے شہید سردارزادہ خلیل احمد موسیانی کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل نصیب کرے
05/06/2026
نیشنل پارٹی تحصیل دشت کے جنرل سیکرٹری وسیم شاہ نے آج یونین کونسل بشولی کے مختلف علاقوں اور دشت کرکک میں جا کر پارٹی کارکنوں اور ذمہ داران سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کی جاری ممبرشپ مہم کے سلسلے میں ممبرشپ فارم تقسیم کیے گئے اور بڑی تعداد میں مکمل شدہ فارم وصول کیے گئے۔
جنرل سیکرٹری نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک عوامی اور جمہوری سیاسی جماعت ہے، جس کی اصل طاقت اس کے کارکن اور عوام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل بشولی اور دشت کرکک سے اب تک سو سے زائد ممبرشپ فارم وصول ہو چکے ہیں، جو کارکنوں کے بھرپور جوش و جذبے اور پارٹی پر اعتماد کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی تنظیم کی جانب سے ممبرشپ مہم کے لیے جو ہدف مقرر کیا گیا ہے، اسے ان شاء اللہ آئندہ دو سے تین دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا اور تمام ممبرشپ فارم باقاعدہ طور پر ضلعی تنظیم کے حوالے کر دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ممبرشپ مہم کا مقصد پارٹی کو گراس روٹ سطح پر مزید منظم، فعال اور مضبوط بنانا ہے۔ کارکنوں کی انتھک محنت اور عوامی حمایت کی بدولت نیشنل پارٹی علاقے میں ایک مؤثر سیاسی قوت کے طور پر مزید مستحکم ہوگی۔
آخر میں انہوں نے کارکنوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مقررہ ہدف ہر صورت مکمل کرکے ضلعی تنظیم کو فارم جمع کرائے جائیں گے۔
جنرل سیکرٹری،
نیشنل پارٹی تحصیل دشت
05/06/2026
سردار نصیر موسیانی کے گھر پر حملہ کرکے ان کے جوانسال بیٹے کی شہادت کاواقعہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے ، نیشنل پارٹی
کوئٹہ / نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے موسیانی قبیلہ کے سربراہ اور بی این پی مینگل کے رہنما سردار نصیر موسیانی کے گھر واقعہ زہری میں چھاپہ اور سردار موسیانی کے بیٹے کو زخمی کرکے زخمی حالت میں انہیں والد اور بھائی سمیت لاپتہ کرنے اور بعد ازاں ان کے جوانسال بیٹے کی شہادت کا واقعہ ایک المیہ ہے کیونکہ سردار نصیر موسیانی ایک شریف النفس انسان ایک بڑے قبیلہ لے سربراہ اور ایک سیاسی رہنما بھی ہیں اس واقع سے بلوچستان بالخصوص زہری میں حالات مزید خراب ہونگے نیشنل پارٹی واقعہ کو نہ صرف افسوسناک بلکہ قابل مذمت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کرتا ہے کہ جوڈیشل کمیشن قائم کرکے واقعہ کی تحقیقات کرکے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچایا جاہے ۔پارٹی ترجمان نے کہا ہے نیشنل پارٹی مشکل اور غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ ہے دعا گو پیں اللہ تعالی خلیل احمد موسیانی کے درجات بلند کریں اور غمزدہ خاندان کو صبروجمیل عطا کرے.
05/06/2026
تربت: نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے نیشنل پارٹی گھنہ کے ایک وفد نے محمد علی اور عبدالسلام کی سربراہی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔
وفد میں عبداللطیف، غلام حسین، نثار احمد، شاکر رحیم، فیاض عاقل ایڈووکیٹ اور جان محمد بلوچ شامل تھے۔ وفد نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے علاقائی مسائل اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود گھنہ سمیت دیگر علاقوں کے عوامی مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، اور انہوں نے مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون اور کوششوں کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے دوران بی ایس او پجار کے مرکزی چیئرمین بوہیر صالح بلوچ اور صوبائی میڈیا سیکرٹری حفیظ علی بخش بھی موجود تھے۔