28/10/2026
اسلام آباد:
صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا سردار فارم ہاؤس پر ملک کے ممتاز سینئر صحافیوں، معروف اینکر پرسنز اور و قلم کے اعزاز میں ’’اہلِ قلم و اربابِ صحافت کے نام، ایک پروقار شام‘‘ کے عنوان سے منعقدہ پُروقار عشائیہ و پُرتکلف ضیافتی تقریب میں آزادکشمیر پونچھ ریجن کے روایتی کھانے توجہ کا مرکز بن گئے۔ تقریب میں شریک مہمانوں کی تواضع خطے کی ثقافتی شناخت اور مقامی ذائقوں کی بھرپور عکاسی کرنے والے متنوع پکوانوں سے کی گئی، جن میں مکئی کی روٹی، آلو کڑم، مانی، گوشتبہ، دودھ لوکی، دودھ بیگن، سَرے، باغی حلوہ، ہریسہ ، وائٹ رائس، لوبیہ چاول ، کشمیری چائے اور مقامی طرز پر تیار کیے گئے میٹھے شامل تھے۔
مہمانوں نے پونچھ کے روایتی کھانوں کے ذائقے، معیار اور پیشکش کو بے حد سراہتے ہوئے اسے کشمیری تہذیب و ثقافت کا خوب صورت مظہر قرار دیا۔ فارم ہاؤس کی دل کش سجاوٹ، روایتی مہمان نوازی اور خوش گوار ماحول نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔
شرکاء نے اس امر کو خوش آئند قرار دیا کہ تقریب کے ذریعے نہ صرف صحافی برادری کو باہمی ملاقات اور مکالمے کا موقع ملا بلکہ پونچھ ریجن کی روایات، ذائقوں اور مہمان نوازی کو بھی نمایاں انداز میں پیش کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر مہمانوں نے شاندار انتظامات اور پُرخلوص میزبانی پر سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان کا شکریہ ادا کیا۔