28/10/2026
مظفرآباد:
آزادجموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے نیلم گراؤنڈ مظفرآباد میں قائم کشمیری بیٹھک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صدر ریاست نے کشمیری بیٹھک کی مختلف گیلریز کا معائنہ کیا اور وہاں کشمیری تاریخ، ثقافت، تہذیب و تمدن، روایات اور تحریک آزادی کشمیر سے متعلق تاریخی و ثقافتی مواد میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔اس موقع پر صدر ریاست کو کشمیری بیٹھک کے اغراض و مقاصد، مختلف گیلریز میں موجود مواد اور کشمیری عوام کی تاریخ، ثقافت اور جدوجہد آزادی کو اجاگر کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران انہیں کشمیری تاریخ و ثقافت گیلری، روایتی کشمیری طرزِ زندگی گیلری، تحریک آزادی کشمیر گیلری اور تاریخی واقعات گیلری کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ ان گیلریز میں ریاست جموں و کشمیر کے تاریخی پس منظر، ثقافتی ورثے، روایتی طرز زندگی اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا ہے۔صدر ریاست کو بتایا گیا کہ کشمیری بیٹھک کے قیام کا بنیادی مقصد ریاست کی تاریخ، ثقافتی شناخت اور روایات کو محفوظ بنانا، نئی نسل کو اپنے تاریخی ورثے سے روشناس کرانا اور تحریک آزادی کشمیر کے مختلف پہلوؤں کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے کشمیری بیٹھک کو ریاست کی تاریخی و ثقافتی شناخت کے تحفظ اور تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کے حوالے سے اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی تاریخ، ثقافت اور روایات کا تحفظ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ، ثقافت اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی سے روشناس کرانے کے لیے ایسے مراکز کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانا چاہیے۔صدر ریاست نے اس امر پر زور دیا کہ کشمیری عوام کی تاریخ، ثقافتی ورثے اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے جاری جدوجہد کو دستاویزی شکل میں محفوظ کرنے کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھی اجاگر کیا جائے تاکہ دنیا کو کشمیری عوام کی تاریخ، قربانیوں اور امنگوں سے آگاہ کیا جا سکے۔