23/10/2026
فخرِ کھرمنگ، صوبائی وزیر صحت گلگت بلتستان جناب اقبال حسن صاحب کی وفاقی وزیر برائے مواصلات جناب۔ عبد العلیم خان سے اہم ملاقات
اسلام آباد: صوبائی وزیر صحت گلگت بلتستان جناب اقبال حسن صاحب نے استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے مواصلات عبد العلیم خان سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ، خطے کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے اور سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر جناب اقبال حسن صاحب نے اس امر پر زور دیا کہ گلگت بلتستان قدرتی حسن، بلند و بالا پہاڑوں، دلکش وادیوں اور منفرد ثقافتی ورثے کے باعث بین الاقوامی سیاحت کے لیے بے پناہ امکانات رکھتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مربوط منصوبہ بندی کی جائے اور سیاحوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ خطے میں سیاحت کو فروغ ملے اور مقامی عوام کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
ملاقات کے دوران وزیر صحت گلگت بلتستان جناب اقبال حسن صاحب نے شاہراہِ کرگل، اسکردو تا کھرمنگ روڈ کو وزیراعظم کے سیاحتی اقدام (PM Tourism Initiative) میں شامل کرنے کی درخواست بھی پیش کی۔ انہوں نے اس اہم شاہراہ کی تعمیر و بہتری کو خطے میں سیاحت کے فروغ، سفری سہولیات میں اضافے اور ضلع کھرمنگ کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر برائے مواصلات جناب عبد العلیم خان کی جانب سے اس درخواست کو منظور کرنے کے لیے مثبت یقین دہانی کرائی گئی۔ اس پیش رفت سے اسکردو اور کھرمنگ کے درمیان رابطہ سڑک کی بہتری اور علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کی امید پیدا ہوئی ہے۔
ضلع کھرمنگ کے عوام کے لیے شاہراہِ کرگل، اسکردو تا کھرمنگ روڈ کی بہتری ایک اہم ضرورت ہے۔ بہتر سڑک نہ صرف مقامی آبادی کی آمدورفت کو آسان بنائے گی بلکہ سیاحت، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی تقویت دے سکتی ہے۔
فخرِ کھرمنگ، جناب اقبال حسن صاحب کی اس ملاقات میں علاقے کے اہم ترقیاتی منصوبے کو وفاقی سطح پر اجاگر کرنا ضلع کھرمنگ کی ترقی اور سیاحتی امکانات کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔
اللہ تعالیٰ گلگت بلتستان اور بالخصوص ضلع کھرمنگ کو ترقی، خوشحالی اور امن کا گہوارہ بنائے۔ آمین۔